Voice of KP

یوم آزادی، درپیش چیلنجز اور ہماری ذمہ داریاں

76 واں یوم آزادی، درپیش چیلنجز اور ہماری ذمہ داریاں
عقیل یوسفزئی

پاکستان اپنی آزادی کا 76 واں سال منارہا ہے اور اس حوالے سے بعض چیلنجز اور نامساعد حالات کے باوجود عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے. اہم عمارتوں کے علاوہ نجی املاک، گھروں، دکانوں اور گاڑیوں پر پاکستان کے جھنڈے لہرانے کا سلسلہ کافی دنوں قبل شروع کیا گیا تھا جبکہ عمارتوں پر لائٹنگ بھی کی گئی.
نوجوانوں اور بچوں نے اس موقع پر اپنی دلچسپی کا حسب معمول بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ موقع کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا.
اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان نے ان 76 برسوں میں بہت سی مشکلات، ناکامیوں اور سانحات کا سامنا کیا اور بحیثیت قوم ہم سے بہت سی غلطیاں بھی ہوتی رہی ہیں تاہم اس مثبت طرزِ عمل کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ عوام نے اشرافیہ کے برعکس اپنے ملک سے نہ صرف یہ کہ اپنی محبت اور وابستگی برقرار رکھی بلکہ تمام تر شکایات اور تکالیف کے باوجود اپنے ملک کی تعمیر اور ترقی میں غیرمشروط طور پر اپنا بھرپور کردار بھی ادا کیا.
پاکستان کو گزشتہ 21 برسوں سے بدترین قسم کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اور اس جنگ میں اس کے تقریباً 80 ہزار شہریوں اور جوانوں نے جانوں کی قربانی بھی دی. اس کے علاوہ بعض سیاسی قوتوں نے عوام اور ریاست کے درمیان نفرت اور دوریاں پیدا کرنے کی بھی متعدد بار کوششیں اور سازشیں کیں.ان رویوں نے پاکستان کو کافی نقصان پہنچایا تاہم خوش آیند بات یہ ہے کہ پاکستان نے ان حالات کا نہ صرف مقابلہ کیا اور عوام اپنے ملک کے ساتھ کھڑے رہے بلکہ اس نے نامساعد حالات کے باوجود عالمی اور علاقائی سطح پر اپنی اہمیت منوانے میں کامیابی حاصل کی اور اب بھی یہ خطے کا اہم ملک سمجھا جاتا ہے. پاکستان نے بعض رکاوٹوں اور پراکسیز کے ہوتے ہوئے ترقی کا عمل بھی جاری رکھا اور معاشی بحران سے نمٹنے کی کامیاب کوششیں بھی جاری رکھیں. اسی طرح اندرونی استحکام، امن کے قیام کے علاوہ جمہوریت کو آگے بڑھانے کی کوششیں بھی جاری رکھی گئیں. اسی کا نتیجہ ہے کہ اس 14 اگست سے چند روز قبل ملک میں نئے انتخابات کے انعقاد کے لئے درکار جمہوری عمل کو بخوبی سرانجام دیا گیا تاکہ ملک کی فیصلہ سازی میں عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جائے.
توقع کی جانی چاہیے کہ جب ہم اگلے برس 77 واں جشن آزادی منائیں گے تو ہمارے بہت سے مسائل کم یا ختم ہوگئے ہوں گے اور ہم ایک بہتر منزل کی جانب گامزن ہوئے ہوں گے

Exit mobile version