Voice of KP

انہوں نے کہا

United States, Saudi Arabia involved in regime change

وصال محمد خان
رجیم چینج میں امریکہ کیساتھ سعودی عرب بھی شامل تھا۔ شیرافضل مروت
شیرافضل مروت اوران جیسے دیگرتحریکی راہنماؤں کایہ وطیرہ رہاہے کہ وہ کوئی بھی بات کرکے بعدمیں یاتومکرجاتے ہیں یاپھرپارٹی ان کے بیان سے اظہارلاتعلقی کرلیتی ہے تحریک انصاف نے شیرافضل مروت کے مذکورہ بالابیان سے لاتعلقی ظاہرکردی ہے مگرانہوں نے جو بیان دیاہے اس کے اثرات پاک سعودی تعلقات پرکیاپڑیں گے اس کاپتاآنے والے دنوں میں ہوگااس سے قبل ان کالیڈر امریکہ کے حوالے سے بھی اسی قسم کی بیان بازی کرکے بعدمیں امریکہ کے اندراپنی امیج بلڈنگ کیلئے فرمزکی خدمات حاصل کرچکے ہیں۔یعنی اگراس روش کیلئے ‘‘اپناتھوکاچاٹنے ’’کی اصطلاح استعمال کی جائے توزیادہ برانہیں ہوگا۔ایک عمران خان کی حکومت کیاگری کہ اس کیلئے اب تک آدھی دنیاکو ذمہ دارقراردیاجاچکاہے ۔خداخیرہی کرے نجانے مزیدکن کن ممالک اورشخصیات کواس ‘‘گناہ کبیرہ ’’کامرتکب قراردیاجائیگا۔میرے ایک دوست کاباچانامی ایب نارمل بھائی جومینا(پرندہ)پالنے کاشوقین ہے وہ بڑی مشکلوں سے گرمی کے دنوں میں کہیں نہ کہیں سے ایک میناڈھو نڈڈھانڈکرلے آتاہے جویاتوبہتردیکھ بھال نہ ہونے کے سبب مرجاتاہے ،کسی بلی کاڈنربن جاتاہے یاپھراڑجاتاہے۔ باچاہراس شخص کو شک کی نظرسے دیکھتاہے جواسے چھیڑتاہے کسی کی کوئی بھی بات کٹکے تووہ فوراً الزام دھردیتاہے کہ میرے میناکوتم نے بیچ دیا ہے کوئی اسے بتائے کہ یارجانے بھی د ویہ آدمی تواس وقت بیرون ملک تھاتوباچااسی کے پیچھے پڑجاتاہے کہ تم نے بھی میرے میناکی دلالی میں پیسے بنائے ہیں۔ پی ٹی آئی راہنماؤں کی بیان بازی اورانکے حرکات وسکنات بھی باچاسے کسی طور کم نہیں۔ گزشتہ دوبرسوں سے امریکہ پرالزام لگایاجار ہاتھاکہ اس نے عمران خان کی حکومت گرائی ہے۔ اب جبکہ سعودی عرب نے پاکستان کی مددکرنے اوراسے معاشی گرداب سے نکالنے کیلئے ہاتھ بٹانے کاعندیہ دیاہے توپی ٹی آئی کو الہام ہواکہ سعودی عرب بھی توعمران حکومت گرانے میں ملوث ہے ان الٹے سیدھے حرکات اوربیا نات پراچھے بھلے سنجیدہ آدمی کی بھی ہنسی چھوٹ جاتی ہے ۔دنیاکے یہ مصروف ترین ممالک نہ جانے کیوں ‘‘ویلے’’ہوگئے تھے کہ انہیں عمران حکومت گرانے کے سواکوئی کام نہیں تھا ۔ان ممالک یاحکومتوں کوعمران حکومت گرانے سے زیادہ ضروری اموردرپیش ہیں پھریہ ‘نازوں پلی’ حکومت گرانے کاان ممالک کونظربظاہرکوئی فائدہ بھی نظرنہیں آرہا امریکہ نے اگریہ حکومت گرانی ہوتی اور بقول پی ٹی آئی قائدین وہ دنیا میں دیگربھی بہت سی حکومتیں گراچکاہے ۔یعنی اگر حکومتیں ودیعت کرنا اورچھیننا امریکہ کاکام ہے تواس نے عمران کی حکومت جیسی فضول حکو مت کوپاکستان میں بننے کیوں دیا؟اگراس نے گرانی تھی تومعرض وجودمیں لانے سے روکاکیوں نہیں؟یا پھراس حکومت نے پاکستان کے مفادمیں ایساکونساکارنامہ سرانجام دیاتھاجس سے امریکہ کومحسوس ہواکہ اگراس حکومت کونہ روکاگیایااسے گرایانہیں گیاتوپاکستان سپرپاور بن کرامریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کے قابل ہوسکتاہے،معاشی پاوربنکراس کی ‘‘غلامی ’’سے آزاد ہوسکتاہے ؟ یاپھراسکے مفادات کو ساتوں براعظموں میں زک پہنچاسکتاہے۔ سعودی عرب کی بات کریں تو سعودی شہزادے نے عمران خان دورمیں پاکستان کادورہ کیا،جن کے لئے ڈرائیورکے فرائض وزیراعظم عمران خان نے بطور پارٹ ٹائم ڈرائیور بذات خودنبھا ئے اوروہ ان سے زارقربان ہوتے رہے،انکی راہوں میں بچھ بچھ جاتے رہے ، خان صاحب نے سعودی مفادات کوایساکونسازک پہنچایاتھا کہ اسے یہ حکومت گرانی پڑی ۔حالانکہ اس سے قبل جب عمران خان نے سعودی عرب کادورہ کیاتوانہیں سابقہ تمام سربراہان مملکت سے بڑھ کرپروٹوکول دیاگیااورانہیں ایک ایسی نایاب گھڑی کاتحفہ ملاجودنیامیں کسی دیگرشخص کے پاس موجودنہیں تھی وہ الگ بات ہے کہ خان (جو کہ تحائف بیچنے کے کاروبارمیں یکتا ہیں )نے یہ گھڑی محض پانچ کروڑروپے میں بیچ دی۔ حالانکہ اب وہ گھڑی جس شخص کے پاس موجودہے وہ اسے بیس ارب روپے میں بھی فروخت کر نے کاروادار نہیں ۔اس سے قبل کبھی یہ سننے میں نہیں آیاکہ سعودی عرب نے پاکستان کے کسی اندرونی معاملے میں دخل دیاہو۔ہاں اس نے ذوالفقارعلی بھٹوکوپھانسی دینے کی بجائے سعودی بھیجنے کی درخواست ضرورکی تھی ا ورنوازشریف کوبھی پورے خاندان سمیت اپنے ہاں پناہ دی گئی۔ ان دوواقعات سے ثابت ہوتاہے کہ سعودی عرب اگرپاکستان یااسکے سیاستدانوں کے سا تھ کوئی بھلائی نہیں کرسکتا۔توکم ازکم انکے خلاف کسی برائی کاحصہ بننے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتا۔شیرافضل مروت کے اس بیان کی اگرچہ پی ٹی آئی کی جانب سے تردیدآئی ہے مگراس تردیدکاکوئی فائدہ اسلئے نظرنہیں آرہاکہ پاک سعودی تعلقات کواس احمقانہ بیان سے جونقصان پہنچانامقصودتھاوہ پہنچ چکاہے یہ بھی پی ٹی آئی کاپراناوطیرہ رہاہے کہ ایک راہنماکوئی نہ کوئی فضول اوراحمقانہ بیان جاری کرتاہے ،اوردوسرا تردیدکردیتاہے۔ پی ٹی آئی اگراس بیان کو درست نہیں سمجھ رہی تواسے مروت کیخلاف کارروائی کرنی چاہئے ۔یہ سیاسی جماعت ہے یاسبزی منڈی کے بیوپاریوں کا کوئی گروہ کہ اسکے راہنماکچھ بھی بول دیتے ہیں کسی پربھی الزام لگادیتے ہیں اورکسی کی بھی پگڑی اچھال دیتے ہیں۔ شیرافضل مروت سے نہ صرف جواب طلب کیا جائے، بلکہ اس بیان پرحکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ انکے خلاف قانونی کارروائی کرے، میڈیاکوبھی پابندبنایاجائے کہ وہ ہرایرے غیرے نتھوخیرے کی الٹی سیدھی گفتگو نشرنہ کرے جھوٹے پروپیگنڈے اورلغوالزامات کی روک تھام کیلئے حکومت کونظرآنے والے اقدامات لینے ہونگے ۔ اس وقت پاکستان کاسب سے بڑا مسئلہ معیشت کی ابترحالت ہے۔ جسے درست خطوط پراستوار کرنے کیلئے برادر ملک سعودی عرب پاکستان کاہاتھ بٹاناچاہتا ہے ۔حال ہی میں اس نے پاکستانی معیشت کوسہارا دینے کیلئے چنداقدامات بھی لئے ہیں جسے سبوتاژ کرنے کیلئے ملک دشمن عناصرسرگرم ہوچکے ہیں۔ان عناصرکی سرکوبی ضروری ہے ۔

Exit mobile version