Voice of KP

پاکستان میں قانونی طور پر رہائش پذیر افغان مہاجرین کی اعدادوشمار

Evacuation of foreigners living illegally in Pakistan continues

عقیل یوسفزئی
وزارت داخلہ نے مختلف متعلقہ اداروں کے تعاون سے پاکستان میں رہائش پذیر ان افغان مہاجرین کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ جاری کردی ہے جو کہ قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں.
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں قانونی طور پر رہائش پذیر افغانیوں کی کل تعداد 21 لاکھ 94 ہزار ہےاوران میں تقریباً نصف صوبہ خیبر پختون خوا میں رہائش پذیر ہیں. پختون خوا میں رہنے والے افغان مہاجرین کی تعداد 11 لاکھ ہے. پی او آر کارڈز ہولڈرز کی تعداد 15 لاکھ ہے جن میں 7 لاکھ 77 ہزار پختون خوا میں قیام پذیر ہیں. اسی طرح اے سی سی کارڈ ہولڈرز کی پاکستان میں کل تعداد 6 لاکھ 91 ہزار ہے. جن میں پختون خوا میں رہائش پذیر افغانیوں کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار دکھائی گئی ہے.
رپورٹ کے مطابق خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں افغان مہاجرین کے لئے قائم کئے گئے کیمپوں کی تعداد 43 ہے.
ایک اور رپورٹ کے مطابق گزشتہ 32 دنوں کے دوران صرف خیبر پختون خوا سے افغانستان جانے والے مہاجرین کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار ہے. ان میں اکثر طورخم کے راستے واپس چلے گئے ہیں. طورخم کے علاوہ جنوبی وزیرستان کے انگور اڈہ اور شمالی وزیرستان کے غلام خان کراسنگ پواینٹس سے بھی مہاجرین کی واپسی کے انتظامات کئے گئے ہیں.
دوسری جانب صوبہ بلوچستان سے اکثر مہاجرین چمن بارڈر سے واپس جاتے رہے ہیں. ایک حکومتی رپورٹ کے مطابق چمن سے روزانہ 4500 سے لیکر 8000 تک افراد واپس جاتے رہے ہیں. بلوچستان حکومت نے گزشتہ روز مہاجرین کی سہولت کے لیے چمن کے علاوہ قلعہ سیف اللہ میں بھی ایک نئی کراسنگ پوائنٹ قائم کی ہے جبکہ مزید 2 کے کھولنے کی بھی اطلاعات ہیں.

Exit mobile version