Voice of KP

مردان میں بجٹ سازی کے عمل میں نوجوانوں کی شرکت کیلئے مکالمہ کا انعقاد

Conducting a dialogue for the participation of youth in the budgeting process in Mardan

گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مردان  میں غیر سرکاری تنظیم لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن کی جانب سے  یو آر ڈی او اور فافن کے تعاون سے بجٹ سازی کے عمل میں نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ضلع سطح پر نوجوانوں کے ساتھ مکالمہ منعقد کیا گیا۔جس میں مختلف طبقوں اور شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اپنے مطالبات پیش کئے۔  سیمنیار سے  یو آر ڈی او کے پروگرام منیجر راشد خان،پروفیسر ڈاکٹر افتخار خان، پروفیسر بلال خان، پروفیسر احسان اللہ زریان، پروفیسر اسماعیل، پروفیسر جواد شفق اور لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر حسن حساس نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں فیصلہ سازی کے عمل میں نوجوانوں کو متناسب نمائندگی دی جاتی ہے ۔بجٹ سازی یا قانو ن سازی کے عمل کے دوران نہ صرف ان کی آواز سنی جاتی ہے بلکہ ان کی سفارشات اور مطالبات کو اہمیت دی جاتی ہے۔مقررین نے کہا کہ ہمارے ملک کی نصف آبادی نوجوانون پر مشتمل ہے لیکن افسوس کہ ہر سال پیش کئے جانے والے بجٹ میں نوجوانوں کے مسائل اور ان کی ضروریات کو مدنظر نہیں رکھا جاتا، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کے ذہنی اور نفسیاتی صحت کے لیے مرکز قائم کئے جائیں تاکہ نوجوان تعلیم کے بعد ملازمت یا روزگار نہ ملنے کی صورت میں انتہائی قدم نہ اٹھائیں۔ مکالمے میں شریک نوجوانوں نے ضلع میں نوجوانوں کے روزگار کے لیے چھوٹے پیمانے پر قرضے، تعلیمی اداروں میں طلباء تنظیموں کی بحالی نوجوانوں میں ڈیجیٹل مہارت کیلئے  بجٹ مختص کرنے کے مطالبات پیش کئے۔ آئندہ بجٹ ایسا ہونا چاہیے جو حقیقی معنوں میں نوجوانوں کے لیے سود مند ہو اور بجٹ سازی میں نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

Exit mobile version