Voice of KP

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا

icc champions trophy 2025

پاکستان میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کا آغاز 19 فروری سے ہوگا اور فائنل 9 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرکت کے امکانات 95 فیصد ہیں۔ پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے لیے نیوٹرل وینیو پر غور نہیں کیا جا رہا ہے اور یہ ٹورنامنٹ بلا شبہ پاکستان میں ہی منعقد ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان شامل ہیں۔

شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے 19 فروری کو کراچی میں ہوگا۔ پاکستان 24 فروری کو راولپنڈی میں بنگلہ دیش کا سامنا کرے گا جبکہ سب سے زیادہ دلچسپی کا حامل میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 1 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

سیمی فائنلز 5 مارچ کو کراچی اور 6 مارچ کو راولپنڈی میں ہوں گے، جبکہ فائنل 9 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

آئی سی سی کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ بھارت کے علاوہ تمام ممبر ممالک نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی حمایت ظاہر کی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) حکومتی مشاورت کے بعد اپنی ٹیم کی شرکت کا حتمی فیصلہ کرے گا۔

یہ ٹورنامنٹ 2017 کے بعد پہلی بار منعقد ہو رہا ہے، جب پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ پاکستانی شائقین کرکٹ اس ایونٹ کے انعقاد پر پرجوش ہیں اور کامیاب انعقاد کے لیے پر امید ہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول:

19 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان – کراچی

20 فروری: بنگلہ دیش بمقابلہ بھارت – لاہور

21 فروری: افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ – کراچی

22 فروری: آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ – لاہور

23 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ بھارت – لاہور

24 فروری: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش – راولپنڈی

25 فروری: افغانستان بمقابلہ انگلینڈ – لاہور

26 فروری: آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ – راولپنڈی

27 فروری: بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ – لاہور

28 فروری: افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا – راولپنڈی

1 مارچ: پاکستان بمقابلہ بھارت – لاہور

2 مارچ: جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ – راولپنڈی

5 مارچ سیمی فائنل: – کراچی

6 مارچ سیمی فائنل: – راولپنڈی

9 مارچ فائنل: – لاہور

Exit mobile version