کوہاٹ: پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار فائرنگ سے شہید

 کوہاٹ جرما کے علاقہ خواصی بانڈہ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار حامد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگیا۔واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری فی الفور موقع پر پہنچ گئی ہے۔

کانسٹیبل حامد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔شہید اہلکار کی میت کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے جبکہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے

انگلینڈ کے مشہور سابق فٹبالر مائیکل اوون پاکستان پہنچ گئے

انگلینڈ کے مشہور سابق فٹبالر مائیکل اوون 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے گئے ہیں۔ دنیائے فٹبال کے بے تاج بادشاہ، انگلینڈ اور لیور پول فٹبال کلب کے مایہ ناز کھلاڑی مائیکل اوون کی گلوبل ساکر وینچرز کے تعاون سے پاکستان میں بین الاقوامی فٹبال کو فروغ دینے کے لیے اسلام آباد پہنچے ہیں۔

انگلینڈ کے مشہور سابق فٹبالر مائیکل اوون نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے سے متعلق منصوبہ ہے اور فٹبال کے کھیل کے لیے نیا ٹیلنٹ سامنے لائیں گے۔اوون نے کہا ہے کہ پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی، کرکٹ کےعلاوہ فٹبال میں بھی دلچسپی لی جاتی ہے اور پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ پاکستان میں فٹبال ٹیلنٹ ہنٹ کا حصہ ہونے پر خوشی ہے۔

سربراہ یونیسیف پاکستان پولیو پروگرام ہمیش یانگ کا پشاورکا دورہ

سربراہ یونیسیف پاکستان پولیو پروگرام ہمیش یانگ کا خصوصی انسداد پولیو مہم کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں کا دورہ۔ انھوں نے پولیو ورکرز سے ملاقاتیں کیں اور مہم کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور اور ایریا کوآرڈینیٹر بھی ہمراہ تھے۔

   واضع رہے کہ خیبر پختونخواہ میں 33 روزہ انسداد پولیو مہم 24 جنوری سے شروع ہوچکی ہےجس کے دوران پانچ سال تک کے لاکھوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ضم شدہ اضلاع میں بھی مہم کا آغاز ہو چکا ہے اور پولیو ٹیموں کے حفاظت کے لیئے قانون نافذ کرنے والے ادراوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

کوہاٹ: شہید کانسٹیبل حامد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

شہید کانسٹیبل حامد کی نماز جنازہ پولیس لائنز کوہاٹ میں ادا کردی گئی۔

چئیرمین ڈیڈک کوہاٹ ضیاء اللہ بنگش  کی شہید کانسٹیبل حامد کی نماز جنازہ میں شرکت۔ کوہاٹ کے علاقے جرما میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار کانسٹیبل حامد کو نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا۔نماز جنازہ میں کمشنر کوہاٹ جاوید مروت، ڈی آئی جی کوہاٹ، دپٹی کمشنر کوہاٹ روشان محسود، آرمی و پولیس افسران سمیت عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شہید کانسٹیبل کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔

صوبے میں 12 سال سے زائد عمر کے طلباء کی ویکسینیشن مکمل کرنے کی ہدایت

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان کے زیر صدارت کورونا صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے حوالے سے منگل کے روز اجلاس منعقد  ہوا۔

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کوئی بھی تعلیمی ادارہ بند نہیں کیا جا رہا درس وتدریس کاعمل جاری رہے گا۔  انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام نجی سکولز 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن مکمل کریں جس کے لئے باقاعدہ کمپئین یکم فروری سے شروع ہورہی ہے جس میں تمام سکول سربراہان اور ایجوکیشن حکام ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔  یہ ویکسینیشن کمپئین 15 فروری تک جاری رہے گی جب کہ وہ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے جنہوں نے  16فروری تک اپنے طلباء و طالبات کی 99 فیصد ویکسینیشن مکمل نہ کی ہو ان تعلیمی اداروں کو این سی او سی کے گائیڈ لائنز کے مطابق بند کر کے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔

 وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے مزید کہا ہے کہ کرونا وبا کے پیش نظر بچوں کا بڑا قیمتی وقت ضائع ہوچکا ہے اب ہمیں احتیاط اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل پیرا ہوکر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنی ہے۔

 انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن، ایم ڈی پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی اور تمام ضلعی ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن کمپئین کی مکمل نگرانی کے ساتھ ساتھ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

 سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی ہیلتھ  نے وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریگولر بنیادوں پر نجی اور سرکاری سکولوں کی ویکسینیشن کا عمل جاری ہے۔  جبکہ یکم فروری سے شروع ہونے والے ویکسینیشن کمپین کے لیے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پیشگی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔  انہوں نے مزید بتایا کہ جن طلبا و طالبات کی فارم ب ابھی تک نہیں بنی ان کے سکول کے نام پر بچوں کیےتصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھیج دیئےجائیںگے۔

 ایجوکیشن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم کو بتایا کہ  ٹوٹل 21 لاکھ 66 ہزار 8 سو طلباء و طالبات میں سے 11لاکھ 38ہزار 7سو تین طلباء وطالبات کو ویکسین لگ چکی ہیں جوکہ تقریباً 53فیصد ہے جبکہ یکم فروری سے شروع ہونے والے کمپین میں باقی 47 فیصد بچوں کی ویکسینیشن ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔