پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 50 افراد جاں بحق

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 50 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 603 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 253 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 70 ہزار 163 ہو گئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 51 ہزار 749 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 8.2 فیصد پر پہنچ گئی۔

سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 54 ہزار 012، خیبر پختونخوا میں 2 لاکھ 5 ہزار 505، پنجاب میں 4 لاکھ 91 ہزار 518، اسلام آباد میں ایک لاکھ 32 ہزار 161، بلوچستان میں 34 ہزار 910، آزاد کشمیر میں 41 ہزار 068اور گلگت بلتستان میں 10 ہزار 987 ہو گئی ہے۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 13 ہزار 285 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 7 ہزار 927، خیبر پختونخوا 6 ہزار 076، اسلام آباد 990، گلگت بلتستان 189، بلوچستان میں 370 اور آزاد کشمیر میں 764 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

پاکسان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا جبکہ اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

پی سی بی کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور اوپنر شان مسعودشامل کیا گیاہے جبکہ تیسرے کھلاڑی یاسر شاہ کو ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر بلال آصف اور اوپنر عابد علی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

 

حارث رؤف جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تھے جبکہ شان مسعود نے آخری مرتبہ سیزن 21-2020 میں دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل جو کھلاڑی پی ایس ایل 2022 کا حصہ نہیں ہیں وہ 16فروری بروز بدھ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تربیتی کیمپ کا حصہ بن جائیں گے۔ دوسری طرف ٹیسٹ اسکواڈ میں مندرجہ زیل کھلاڑی شامل ہیں۔

کپتان بابراعظم، نائب کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، سعود شکیل، شاھین شاہ آفریدی، شان مسعود، زاہد محود۔

ریزرو پلیئرز میں سرفراز احمد، نسیم شاہ، محمد عباس، یاسر شاہ، کامران غلام

پی سی بی  نے اس دوران ثقلین مشتاق کو مزید 12 ماہ کے لیے پاکستان کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جبکہ محمد یوسف کو آسٹریلیا سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ اور شان ٹیٹ کو 12ماہ کے لیے فاسٹ باؤلنگ کوچ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کا کے پی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ معطل کردیا

سپریم کورٹ نے بدھ کے روز خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کرنے کے پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) کے حکم کو معطل کردیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پی ایچ سی کے حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔

پشاور ہائی کورٹ کے ایبٹ آباد بنچ نے یکم فروری کو اپنے حکم میں 27 مارچ کو ہونے والے انتخابات کو اس بنیاد پر ملتوی کر دیا تھا کہ مارچ کے آخری ہفتے میں صوبے کے پانچ اضلاع میں برفباری کا امکان تھا۔

بنچ نے یہ ہدایات درخواستوں کی سماعت کے دوران جاری کی تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ صوبے کے مختلف اضلاع مارچ میں شدید برفباری سے بند کر دیے جائیں گے، جس کے بعد ووٹرز کو شدید سردی میں اور برف سے ڈھکی سڑکوں سے پولنگ سٹیشنوں تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

الیکشن کمیشن نے بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

 آج کی سماعت میں، الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت عظمیٰ کے سامنے استدلال کیا کہ پشاور ہائی کورٹ بینچ  نے کمیشن کے دلائل سنے بغیر انتخابات ملتوی کر دیے تھے۔

عدالت نے  پشاور ہائی کورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔

کے پی حکومت نے ڈیجیٹل سکلز ٹریننگ پروگرام کی منظوری دے دی

وزیر اعلیٰ محمود خان نے ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کی منظوری دیدی۔ڈیجیٹل اسکلز پروگرام پر مجموعی طور پر   ارب روپے لاگت آئے گی۔

ایک برفینگ کے دوران وزیر اعلی کو ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر ایک لاکھ نوجوان خصوصا گریجویٹس کو جدید ڈیجیٹل کورسز کرائے جائیں گے۔پروگرام کے تحت  نوجوانوں کو انفارمیشن ایند کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹس کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیت فراہم کی جائے گی۔

ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کے تحت نوجوانوں کو مختلف کورسز کروائے جائیں گے جو تین سے چھ ماہ کے دورانیے پر مشتمل ہونگے۔ڈیجیٹل اسکلز کورسز کے ذریعے صوبے میں ہنر مند افرادی قوت تیار کی جائے گی جو گھر بیٹھے روزگار کمانے کے قابل ہوگی۔

کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے نوجوانوں کو نینو ڈگری اور سکالرشپ کی فراہمی کے علاوہ ملازمتوں کی بھی پیشکش کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ

نوجوان پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات کا مرکز ہیں۔انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں سے فارغ ہونے والے نوجوانوں کو جدید ہنر  سکھانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ڈیجیٹل اسکلز پروگرام کے تحت چھ مہینے کے قلیل وقت میں صوبے میں ایک لاکھ ہنر مند نوجوان تیار کئے جائیں گے۔

ضم شدہ اضلاع کے تمام سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی کی منظوری

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کے تمام سکولوں میں کوالٹی فرنیچر کی فراہمی جاری ہے اب کوئی بھی بچہ ٹاٹ  پر نہیں بیٹھے گا جبکہ اسی طرز پر ضم شدہ اضلاع کے تمام سکولوں میں بھی سنٹرلائیزڈ ٹینڈر کے ذریعے فرنیچر دیں گے.  جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں. ڈیمانڈ کے تحت ضم شدہ تمام اضلاع کے 3لاکھ 81ہزار 6سو 97 طلباء و طلبات کو  فرنیچر دیا جائے گا جس کے لیے 871 ملین سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا ہے کہ طلباء کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ہر کلاس میں کوالٹی فرنیچر اور میرٹ پر تعینات قابل اور زہین اساتذہ میسر ہوں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔  سیکرٹری ایجوکیشن  یحییٰ اخونزادہ، ایڈیشنل سیکریٹری عبدلاکرم،  ایڈیشنل سیکریٹری ریفارمز اشفاق احمد ، ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیرتعلیم شہرام خان ترکئی نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت کی کہ مختلف ضم اضلاع میں فرنیچر کی خریداری سنٹرلائیزڈ نظام کے تحت ہوگی اور ضم شدہ اضلاع کی پہلے سے شائع شدہ تمام فرنیچر ٹینڈرز جلد از جلد منسوخ کریں۔

 وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے محکمہ تعلیم میں کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کے لئے اسکول لیڈرز کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کے لیے اشتہارشائع کرنے کی منظوری دے دی۔  انہوں نے کہا کہ سکول لیڈرز کی تعیناتی سے درس و تدریس کے نظام میں بہتری یقینی ہو جائے گی۔

بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں فرنیچر کی فراہمی کا عمل جاری ہے اور محکمہ تعلیم کی طرف سے نوٹیفائیڈ انسپکشن کمیٹیوں نے کوالٹی انسپکشن کا عمل شروع کیا ہے۔  وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے ہدایت کی کہ فرنیچر فراہمی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائیں اور تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز  پراگریس رپورٹ بھیجا کریں۔

 وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور مختلف سکولوں کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔

کے پی چیف منسٹر بزنس کمپلینٹ پورٹل کا اجراء

صوبائی حکومت نے چیف منسٹر بزنس کمپلینٹ پورٹل کا اجراء کردیا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بزنس کمپلینٹ پورٹل کا   باضابطہ اجراء کیا۔ اس سلسلے میں بزنس کمپلینٹ پورٹل کے اجراء کی تقریب وزیر اعلی ہاوس میں منعقد کی گئی۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری،  صوبائی کابینہ اراکین عاطف خان اور بیرسٹر محمد علی سیف اور دیگر بھی تقریب میں شریک تھے۔

پورٹل پر کاروباری حضرات اور سرمایہ کار آن لائن شکایات درج کر سکتے ہیں۔پورٹل پر درج کی جانے والی  شکایات بروقت آزالے کے لئے فوری طور پر متعلقہ محکموں کو ارسال کی جائیں گی۔

وزیر اعلی سیکرٹریٹ براہ راست شکایات کے آزالے کی نگرانی کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ بزنس کمپلینٹ پورٹل کے اجراء کا مقصد کاروباری حضرات اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ بزنس کمپلینٹ پورٹل کے اجراء سے کاروباری حضرات کی شکایات کا بروقت ازالہ ہوگا اور صوبائی حکومت سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروع کے لئے سازگار ماحول یقینی بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔،

کالام میں سنوجیپ ریلی اور کبڈی کے مقابلے

ضلع سوات کے خوبصورت ترین علاقے وادی کالام میں گزشتہ روز سنوجیپ ریلی اور کبڈی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں درجنوں کھلاڑیوں نے حصہ لے کر سرد ترین ماحول کو گرما دیا جبکہ سینکڑوں مقامی شائقین کے علاوہ وادی میں موجود سیاحوں کی بڑی تعداد نے بھی اس ایونٹ سے لطف اٹھا کر حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس قسم کی سرگرمیوں کے لیے مقامی اور غیر مقامی آرگنائزر کی بھرپور سرپرستی کی جائے تا کہ سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔

kalam snow rally and kabaddi

ایونٹ کے ایک آرگنائزر اور سینئر صحافی خورشید خان نے اس ضمن میں بتایا کہ وہ اور ان کے ساتھی کئی برسوں سے ریلی اور کبڈی کے مقابلے کا عین شدید برف باری کے موسم میں انعقاد کر کے جہاں سیاحوں اور شائقین کو تفریح فراہم کرتے آئے ہیں وہاں مقامی ٹیلنٹ کو بڑے پیمانے پر ان کی صلاحیتوں کا موقع دے کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔

ان کے مطابق اب کے بار سوات سنو کبڈی مقابلے میں 8 ٹیموں نے حصہ لیا جس کو عوام اور سیاحوں نے بہت انجوائے کیا کیونکہ یہ مقابلے عین برف  کےاوپر لڑے جاتے ہیں اور اس پس منظر میں بہت منفرد سمجھے جاتے ہیں جبکہ سنو جیپ ریلی میں  33ڈرائیور نے حصہ لیکر شائقین کو انتہائی حد تک لطف اندوز کیا۔ ٹورنامنٹ کا ناک آوٹ سسٹم پر انعقاد کیا گیا۔  اس ضمن میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس موقع پر مقامی ایم پی اے شرافت علی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ایسی سرگرمیوں کا خیر مقدم کر کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم نے بھی کافی تعاون کیا۔

سنو کار ریس ریلی میں شاہ وزیر نے پہلی جبکہ فضل ہادی نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے کہا کہ انہوں نے اس ایونٹ سے  بہت لطف اٹھایا اور اگر اس قسم کی سرگرمیوں، مقابلوں کے دوران ان کو مزید مواقع ملتے رہے تو وہ ملک گیر سطح پر اپنی صلاحیتیں دیکھا کر علاقے کا نام روشن کردیں گے۔

 مقامی باشندوں، کاروباری حلقوں اور سیاحوں نے اپنے تاثرات کے دوران اس ایونٹ کو بہترین قرار دے کر کہا کہ سوات میں دوسرے  سیاحتی علاقوں کے مقابلے میں سیاحت کے حوالے سے بہت ویرائٹی موجود ہے اور یہاں کے عوام اور ہوٹل مالکان بھی مہمان نواز ہیں۔  ضرورت اس بات کی ہے کہ اس قسم کی ایونٹس  اور سرگرمیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ سیاح اور مقامی لوگ اس سے مزید لطف اندوز ہو اور مقامی ٹیلنٹ کی صلاحیتوں کو بھی اُجاگر کیا جا سکے۔

 ایک اور خوش آئند بات یہ ہے کہ 11 سے 13 فروری کے درمیان کالام سنو اینڈ سپورٹس فیسٹیول کا آغاز ہونے جارہا ہے جس کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔