خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے بدھ کو کوچہ رسالدار خودکش حملے کے متاثرین کے لیے فی کس 30 لاکھ روپے کے اضافی معاوضے کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی کابینہ نے منگل کو اپنے 67ویں اجلاس میں 20 لاکھ روپے کے معاوضے کے پیکیج کی منظوری دی تاہم امامیہ جرگہ کے وفد نے سرتاج قزلباش کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور مزید پیکج کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے مارچ کے خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے 30 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ متاثرین کے بچوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ مفت تعلیم بھی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پشاور اور انہیں خود فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امامیہ جرگہ سے ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کوچہ رسالدار دھماکے میں شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ سرکاری رہائش گاہوں میں قیام پذیر رہیں گے اور ان کے بچوں کو ان کی قابلیت کے مطابق ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔