شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک کر دیئے ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ علاقے کو محفوظ اور پر امن بنایا جاسکے۔ مذکورہ 4 دہشت گردوں کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔
گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں شدت پسندوں نے سرحد پار سے ایک حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 4 سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے تاہم جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے جس کے بعد علاقے میں فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کر کے متعدد ٹھکانے تباہ کئے۔
قبل از یں انسداد دہشت گردی کے محکمہ سی ٹی ڈی نے اپنی سہ ماہی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران صوبے میں دہشت گردی کے 72 واقعات رپورٹ ہوئے اور یہ کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کی تعداد ان تین مہینوں میں 644 رہی جن میں سانحہ کوچہ رسالدار (قصہ خوانی )کے سہولت کاروں کو ٹھکانے لگانے کی کاروائی بھی شامل ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں کے نتیجے میں 19 اہم دہشتگردوں کو مارا جا چکا ہے جبکہ بڑی مقدار میں جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کی مذکورہ رپورٹ اپنی جگہ تاہم اگر حالیہ تین مہینوں کا موازنہ سال 2021 کے آخری مہینوں کے دوران ہونے والے حملوں کی تعداد کے ساتھ کیا جائے تو ثابت ہوتا ہے کہ کوچہ رسالدار کے داعش حملے کے علاوہ صوبے میں مجموعی صورتحال بہتر رہی اور قبائلی اضلاع میں بھی حالات کافی پرسکون رہے۔ سانحہ کوچہ رسالدار 4 مارچ کو رونما ہوا تھا جس کے بعد فورسز نے جہاں نئی حکمت عملی کے تحت سرحدی علاقوں پر فوکس کرکے کئی کامیاب کارروائیاں کیں وہاں سی ٹی ڈی اور دوسرے اداروں نے شہروں کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے جس کے بہتر نتائج برآمد ہوئے۔
سانحہ قصہ خوانی کے بعد عوام میں خوف اور عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا تھا ۔فورسز کی بہتر حکمت عملی کے باعث نہ صرف بہت جلد اس پر قابو پا لیا گیا بلکہ متعدد کارروائیاں کرکے مزید متوقع حملوں کا راستہ بھی روک لیا گیا۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ صوبے میں بعض بڑی سیاسی اور عوامی سرگرمیوں کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور اپوزیشن، حکومت کی حالیہ سرگرمیوں سمیت 31 مارچ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا سیاسی عمل بھی جاری رہا۔
مارچ کے مہینے میں پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع (بشمول قبائلی علاقہ جات )میں ٹوارزم، اسپورٹس اور اسٹوڈنٹس کی ریکارڈ ایونٹس کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران نئی نسل کے علاوہ عام شہریوں کو بھی یہ احساس دلایا گیا ک صوبے میں نہ صرف یہ کہ حالات پرامن ہے بلکہ سیاسی، سماجی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
پاک آسٹریلیا پہلا ون ڈے ، آسٹریلیا کا پلڑا بھاری
پاکستان اور آسٹریلیا کا پہلا ون ڈے آج قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلا جائے گا۔ پاکستان آسٹریلیا اب تک 104 میچ کھیل چکے ہیں، جن میں سے 32 پاکستان نے جیتے جبکہ 68 میں آسٹریلیا کی فتح ہوئی، پاکستان میں آج تک دونوں ٹیموں کے درمیان 11 میچ کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 4 اور آسٹریلیا کو 6 میں جیت حاصل کی۔
پاکستان، آسٹریلیا جا کر ان کے ہوم گراونڈ میں 56 مرتبہ آسٹریلن ٹیم کا سامنا کر چکا ہے، جن میں سے 17 میں جیت جبکہ 37 میں شکست کا سامنا ہوا۔
آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ ون ڈے میں بہترین پرفارمنس دینے والی پاکستانی ٹیم کو ہوم گراونڈ پر شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ایرون فنچ نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے ساتھ اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
ایرون فنچ نے کہا کہ مچل مارش گزشتہ روز پریکٹس میں انجری کا شکار ہوئے ہیں، ان کی دستیابی کا فیصلہ اسکین رپورٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ رواں برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک اچھا کمبی نیشن بنانا چاہتے ہیں، پاکستان میں صرف ایک میچ ہے تاہم سری لنکا میں زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز ہیں جس سے تیاری کا اچھا موقع ملے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز آج سے لاہور میں شروع ہوگی۔ لاہور میں 3 ون ڈے میچز کے بعد ایک ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلا جائے گا۔
آل وزیرستان ٹی ٹین سپر لیگ فائنل میچ
شمالی وزیرستان تحصیل میرعلی گاؤں حسوخیل دریائے ٹوچی پر آل وزیرستان ٹی ٹین سپر لیگ اختتام پذیر پیر کے روز شکاری کرکٹ کلب بمقابلہ خان سپلگہ کرکٹ کلب کے درمیان فائنل میچ کھیلا گیا ۔
شکاری کرکٹ کلب ایپی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 9 اورز میں 139 رنز بنائے ۔
دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہوئے خان کرکٹ کلب سپلگہ کو سخت مقابلے کے بعد اخری گیند پر 6 رنز درکار تھے ۔ خان کرکٹ سپلگہ کا مایاناز کھلاڑی زاہد خان نے چھکا لگا کر ال وزیرستان ٹی ٹین سپر لیگ موٹر سائیکل اپنے نام کرلیا۔
شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر
خیبر پختونخواہ کے شمالی وزیرستان ضلع میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کم از کم 4 دہشت گرد مارے گئے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا کہ “27 مارچ کی رات کو سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع جھلر فورٹ کے عمومی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔”
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے اور ان میں سے ایک کی شناخت زار سعد اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ فوج کے میڈیا ونگ نے کہا کہ بقیہ دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، تاہم مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
مزید کہا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے۔ تاہم علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔