میئر پشاور و آذربائیجان سفیر شہرکی ترقی کیلئے ملکر کام پر متفق
پشاور : مئیر پشاورحاجی زبیر علی اور آذربائیجان کے سفیر نے پشاور کی ترقی کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کے دفتر کا دورہ کیا اور میئر پشاور حاجی زبیر علی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور ارشد علی زبیر‘ سابق ڈی جی میاں شفیق الرحمان سمیت دیگر حکام موجود تھے۔ ملاقات میں میئر پشاور حاجی زبیر علی اور آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پشاور کی ترقی‘جاری اقدامات پاک آذربائیجان میں باہمی تجارت اور تاجروں کے وفود کے تبادلوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے حاجی زبیر علی کو کامیابی و میئر پشاور منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پشاور ایک تاریخی شہر ہے اور یہاں کی مہمان نوازی پوری دنیا میں مشہور ہے پشاور اور آذربائیجان کی ثقافت میں کوئی فرق نہیں‘ رہن سہن اور لوگوں کی رسم و رواج ایک جیسا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پشاور کی ترقی کیلئے کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کے ساتھ ملکر کام کریں گے اس سلسلے میں باقاعدہ پروجیکٹس لائے جائیں گے۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ پاکستان کے آذربائیجان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں جس میں مزید بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے انہوں نے کہا کہ پشاور کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے باقاعدہ منصوبہ بندی کرلی گئی ہے جس پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور شہریوں کو گھر کی دہلیز پر صحت سہولیات و تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی تاکہ شہر ترقی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاک آذربائیجان باہمی تجارت کو فروغ کیلئے کوشاں ہیں تاکہ دونوں ممالک کے لوگوں میں مزید قربت پیدا کرنے سمیت تاجروں کے وفود کے تبادلے کئے جا سکیں جس سے تجارت کو مزید فروغ ملے گا اور دونوں ممالک ترقی کریں گے۔ بعد ازاں میئر پشاور حاجی زبیر علی اور آذربائیجان کے سفیر نے شیلڈز کا تبادلہ کیا اور میئر پشاور نے سفیر کا کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور دفتر کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔