پاک فضائیہ کی جانب سے خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وادی نلتر میں پاک فضائیہ کی جانب سے ریلیف اور بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ پاک فضائیہ کی ایئر موبلٹی کمانڈ نے ہیلی کاپٹرز اور C-130 طیاروں کی 89 پروازوں کے ذریعےسیلاب سے متاثرہ علاقوں تک امدادی سامان پہنچایا ۔ اسی طرح ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 795 خیمے اور42491 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ تقسیم کیئے ۔ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے تقسیم کیے گئے امدادی سامان میں 146726 بنیادی اشیائے خوردونوش اور خشک راشن کے بیگ اور 82806 پانی کی بوتلیں شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کی جانب سے اب تک 16 ٹینٹ سٹیز اور 41 ریلیف کیمپس قائم کیئے گئے ہیں جہاں مفت رہائش اور خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔
پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں کی جانب سے 14822سیلاب متاثرہ مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔
