ویلکم ٹو سوات

ویلکم ٹو سوات

عقیل یوسفزئی

یہ بات بہت خوش آیند ہے کہ پاکستان بالخصوص خیبر پختون خوا کے سیاحتی مرکز سوات میں نہ صرف امن قائم ہوچکا ہے اور حالات میں تیزی سے بہتری واقع ہورہی ہے بلکہ سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی بتدریج شروع ہوچکا ہے.
چند ہفتے قبل سوات میں مسلسل واقعات اور حملوں نے جھاں مقامی لوگوں اور سیاسی حلقوں کو ماضی کے تلخ تجربات کے تناظر میں خوفزدہ اور پریشان کرکے رکھدیا تھا وہاں سیکورٹی کے معاملات نے عسکری قیادت کو بھی نئے چیلنجز سے دوچار کردیا تھا۔ یہ صورت حال ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب سوات سمیت دوسرے سیاحتی مراکز دیر اور چترال کو سیلاب کی تباہ کاریوں نے گھیر رکھا تھا اور پاک فوج ریسکیو اور تعمیر نو کے کاموں میں مصروف عمل تھی۔ تاہم اس کٹھن مرحلے پرسیکیورٹی حکام، سیاسی جماعتوں، میڈیا اور عوام نے درپیش مسائل اور چیلنجز کا جس اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ اکٹھے ہو کر مقابلہ کیا وہ نہ صرف مثالی تجربہ ثابت ہوا بلکہ ان قوتوں کے عزائم کو بھی ناکام بنایا گیا جو کہ سوات اور محلقہ اضلاع کو ماضی کی طرح پھر سے بدامنی کی لہر سے دوچار کرنے کی کوشش اور پلاننگ کرچکی تھیں۔

عوام نے ان سازشوں کو بھی ناکام بنایا جن کا مقصد ایک منظم پروپیگنڈہ کے زریعے پاک فوج کے بارے میں اس کی پالیسی کے تناظر میں مختلف قسم کے شکوک و شبہات کو ہوا دینا تھا. سیاسی اور عوامی حلقوں نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر حملہ آور قوتوں کو واضح طور پر واضح پیغام دیا کہ وہ سوات کے امن، استحکام اور ترقی کو ماضی کی طرح برباد ہونے نہیں دیں گے۔ دوسری طرف اعلیٰ عسکری قیادت نے بھی موثر اور فوری اقدامات کے ذریعے عوام کی حمایت کے تناظر میں درپیش تشویش اور خوف کو دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ صورتحال پر کسی بڑے نقصان کے بغیر قابو پا لیا گیا۔ اگر چہ افغانستان کی جاری صورتحال اور پراکسیز کے وسیع تر تناظر میں اب بھی متعدد چیلنجز موجود ہیں اور اس قسم کے مزید واقعات خارج از امکان نہیں ہیں تاہم اس حقیقت کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے کہ ریاستی پالیسی کافی واضح ہے اور عوام ریاست کی پشت پر کھڑے ہیں. سوات سب کا ہے اور یہاں ملک کے ہر علاقے کے لوگ نہ صرف ہر برس لاکھوں کی تعداد میں آتے رہتے ہیں بلکہ سب نے یہاں مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری بھی کی ہے اس لیے دوسرے علاقوں کے بر عکس جب یہاں کے حالات بوجوہ خراب ہونے لگتے ہیں تو پورا ملک تشویش میں مبتلا ہوجاتا ہے. یہی وجہ ہے کہ اب کی بار بھی بدامنی کے واقعات کا پورے پاکستان کی سطح پر نوٹس لیا گیا اور اس کے نتیجے میں ریاستی اداروں کو جو مینڈیٹ حاصل ہوا وہ صورت حال کو سمجھنے اور سنبھالنے میں ایک بنیادی فیکٹر ثابت ہوا.
مقامی لوگوں اور میڈیا کے مطابق کاروبار کا سلسلہ پھر سے چل نکلا ہے، عوام کے خوف میں کمی واقع ہوئی ہے اور غیر ملکیوں سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے سیاحوں کی دوبارہ آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے. جن بعض علاقوں میں سیکیورٹی پوائنٹ آف ویو سے انٹرنیٹ وغیرہ کی سروس معطل کی گئی تھی وہ بھی بحال ہوئی ہے جبکہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ خدا نخواستہ اگر پھر سے حالات کو خراب کرنے کی کوئی کوشش کی جاتی ہے تو متعلقہ ریاستی اداروں کے کوئیک رسپانس کے زریعے اس کا راستہ روک دیا جائے۔
دوسری طرف پشاور سمیت صوبے کے متعدد دوسرے ان علاقوں میں بھی فورسز کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں بعض واقعات سامنے آئے ہیں اس ضمن میں پشاور کے نواحی علاقوں میں بھی متعدد کامیاب کارروائیاں ہوئیں جبکہ کور کمانڈر پشاور نے گزشتہ روز ایک بار پھر وزیرستان کا دورہ کرکے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی جان و مال کی حفاظت کی جائے گی اور شدت پسندی کا راستہ روکا جائے گا. امید کی جارہی ہے کہ صوبے میں ماضی والی صورتحال پیدا نہیں ہوگی تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ عوام، سیاسی قوتیں اور ریاستی ادارے ایک صفحے پر ہوں اور ان عناصر پر بھی نظر رکھی جائے جو کہ خطے کے پیچیدہ چیلنجز کی آڑ میں اپنے ایجنڈوں کی تکمیل کے لئے منفی پروپیگنڈا کا سہارا لیکر شکوک و شبہات پیدا کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے.

پشاور:مکمل طور پر ناکارہ دل ،پھیپھڑوں کے علاج کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف

پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مکمل طور پر ناکارہ دل اور پھیپھڑوں کے علاج کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف.  پی آئی سی میں جدید ٹیکنالوجی(ایکمو) کی مدد سے دل اور پھیپھڑوں کا طریقہ علاج شروع کردیا گیا ہے۔

ہسپتال میں ایکسٹرا کارپوریل ممبرین آکسیجن (ایکمو ) مشین کے ذریعے مکمل طور پر ناکارہ دل اور پھیپھڑوں کو فعال رکھا جاتا ہے۔

خیبر پختونخوا میں پہلی بار دل کے مریضوں کے لئے ایکمو ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔دوران سرجری دل اور پھیپھڑوں کے ناکارہ ہونے کی صورت میں جدید مشین سے بیک وقت دونوں کو زندہ رکھا جاتا ہے۔

سنئیر کارڈیک سرجن اور اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر عبدالناصر اس نوعیت کی سرجری ٹیم کو لیڈ کررہے ہیں۔ عارضی طور پر مکمل ناکارہ دل اور پھیپھڑے والے مریضوں کو ہارٹ اینڈ لنگز مشین پر ہفتوں تک زندہ رکھا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر عبدالناصر کا کہنا ہے کہ اس مشین سے دل اور پھیپھڑوں کو ٹھیک ہونے کے لیے آرام دیا جا سکتا ہے۔ حال ہی میں ایک انتہائی بیمار خاتون کا دل آپریشن کے بعد ایکمو مشین پر 4 دن کے بعد صحت یاب ہوا۔صحت یاب ہونے پر ایمرجنسی بنیاد پر خاتون کے دل کا والو تبدیل کیا گیا۔

 پی آئی سی ترجمان کے مطابق ابتدائی طور پر یہ سروس پی آئی سی سے آپریشن کرنے والے کمزور صحت دل کے مریضوں کے لئے میسر ہو گی۔ٹیکنالوجی کی کامیابی سے چلانے کے لیے ایک بڑی ٹیم اور اخراجات کی ضرورت ہوتی ہے انکامزید کہنا ہے کہ ہر مریض پر 30 لاکھ روپے تک کا خرچہ آتا ہے۔ ایکمو ٹیکنالوجی اور طریقہ علاج کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ویمن ایشیا کپ:پاکستانی خواتین ٹیم کی بھارت کے خلاف شاندار کامیابی

بنگلادیش میں جاری ویمن ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کو13 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان نے بھارت کی ویمنز ٹیم کو 2016 کے بعد پہلی بار کسی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں شکست دی۔ ویمن ایشیا کپ میں پاکستان کی بھارت کے خلاف یہ پہلی فتح ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی دونوں اوپنرز 5 ویں اوور  میں آوٹ ہوگئیں۔ کپتان بسمہ معروف نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ ندا ڈار نے  پاکستان کی جانب سے شاندار بیٹینگ کی۔ انھوں نے 37 گیندوں پر 56 رنز اسکور کئے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔

بھارت کی جانب سے دیپیتی شرما نے 27 رنز دے کر 3 وکٹ حاصل کئے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز بنائے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

بھارت نے ہدف کا تعاقب شروع کیا لیکن پاکستانی بالرز سامنے بھارتی خواتین زیادہ دیر نہ ٹک سکیں۔ پاکستان کی بالر نشرا ساندھو نے 3 کھلاڑی آؤٹ کئے۔ندا ڈار کے حصہ میں 2 وکٹیں آئیں۔ سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے ایک ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر ندا ڈار کو کھیل کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

محمد رضوان ٹی20 کرکٹ میں مسلسل 2 سال 1500 سے زائد رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کےوکٹ کیپرمحمد رضوان ٹی20 کرکٹ میں مسلسل 2 سال 1500 سے زائد رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔
ٹرائنگولر سیریز کے افتتاحی میچ میں بنگلادیش کیخلاف شاندار اننگز کے دوران وکٹ کیپر بیٹر نے سال 2022 میں 1500 رنز کا سنگ میل عبور کیا، انھوں نے گزشتہ کیلنڈر ایئر میں بھی 1500 سے زائد رنز بنائے تھے یو محمد رضوان مسلسل 2سال یہ ہدف عبور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔
قبل ازیں ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلےباز کرس گیل نے 2012 اور 2015 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے 2019 اور گزشتہ سال بھی عمدہ فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1500 سے زائد رنز بنائے تھے۔

پشاور:آل پرائمری اساتذہ کااحتجاج، عہدیداروں کیخلاف مقدمہ درج

پشاور :پولیس نے ایسوی ایشن کے 23 افراد کے خلاف تھانہ شرقی میں مقدمہ درج کر لیا۔  پولیس کے مطابق 23 عہدیداروں میں 10اساتذہ گرفتار،باقی فرارہوگئے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ان عہدایداروں نے سینکڑو ں کی تعدادمیں مظاہرین کو اپنے مطالبات کے لیے جمع کیا تھا۔ لاٹھی چارج انسو گیس شیلنگ اور پھتراوں میں ایس ایس پی اپریشنز سمیت 9 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ایف آئی آر کے متن میں مقدمہ میں کار سرکار میں مداخلت،پولیس فورس ، انتظامیہ پر فائرنگ و پتھراوشامل ہیں۔ مقدمہ میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور میڈیا کی گاڑیوں پر پتھراو کی7 دفعات شامل۔

گزشتہ روز آل پرائمری ٹیچرز نے مطالبات کی ناکامی پراسمبلی چوک کو بند کر دیا تھا جس سے  شہر کے بشتر علاقوں میں ٹریفک معطل ہو گئی تھی۔

اساتذہ  پینشن اصلاحات کے نام پر کٹوتی اور اپگریڈیشن کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔