خیبر: ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے اشتراک سے یکم فروری سے شروع ہونے والا پاکستان سپورٹس فیسٹیول 2023 دیر، چترال اور قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند اور خیبر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
اختتامی تقریبات متعلقہ اضلاع میں منعقد ہوئیں جن میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل نورولی خان ضلع خیبر کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ بچوں نے جمناسٹک اور ٹگ آف وار سمیت مختلف ٹیبلوز کا مظاہرہ کیا۔ مقامی فنکاروں نے روایتی خٹک، محسود اور چترالی رقص بھی پیش کیے اور بینڈ نے مختلف روایتی گیت پیش کئے۔
فیسٹیول میں 971 ٹیموں میں سکولوں، مدارس اور کالجوں کے 9375 کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیا جن میں کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، ٹیبل ٹینس، ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، سائیکلنگ، برفانی کھیلوں کی مختلف سرگرمیاں اور کرکٹ اور وہیل چیئر کے میچ شامل تھے۔ اختتامی تقاریب میں اضلاع کے نوجوانوں، مقامی عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ضلع خیبر میں منعقدہ اختتامی تقریب میں آئی جی ایف سی نارتھ نے بہترین ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ فیسٹول قبائلی اضلاع کے نوجوانوں میں کھیل کود اور صحت مندانہ مقابلے کو فروغ دینے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس نے علاقوں کے مختلف حصوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک ساتھ آنے، اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور دوستانہ ماحول میں مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔ فیسٹول نے نہ صرف کھیلوں کو فروغ دیا ہے بلکہ خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع سے آنے والے شرکاء کے درمیان اتحاد کا احساس پیدا کرنے میں بھی مدد کی ہے۔