ڈی آئی خان: اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں 4 اگست یوم شہداءپولیس کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
تقریب میں شہداءکے بچوں نے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کرکے شہدائے پولیس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ عبدالرﺅف بابر قیصرانی نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں سے آج ہم امن کی فضاء میں بیٹھے ہیں،شہدائے پولیس ہمارے سر کا تاج ہیں شہداءکے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا اور نہ ہی چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ملکی سلامتی کا باعث ہیں۔ ڈی پی او نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں ہمیں ایسے دشمن کا سامنا ہے جس کاچہرہ تک نہیں نظر نہیں آتا۔ انہوں ںنے کہا کہ شہداءکو ہر جہان میں عزت ملتی ہے اور انہیں عزت والا رزق بغیر کسی حساب کے ملتا ہے، ڈی پی او کا کہنا تھا کہ شہیدوں کے نام سے ہمیں طاقت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یزیدیت ختم نہیں ہوئی تو ہم حسین کے جانثار کس طرح پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔ ڈی پی او نے اپنے خطاب میں شہدائے پولیس اور غازیان پولیس کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان عبدالرﺅف بابر قیصرانی تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی افتخار شاہ،اے ایس پی علی عبداللہ خالد،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سید اصغر علی شاہ‘ ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان‘ ڈی ایس پی سردار عالمگیر،ڈی ایس پی لیگل محمد عمران کنڈی،ڈی ایس پی ایف آر پی سلیم طارق،ڈی ایس پی انوسٹی گیشن انور خان خٹک سمیت پولیس افسران اور اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں شہدائے پولیس کی فیملیز اور غازیان پولیس نے بھرپور طریقے سے شرکت کی۔