خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں تیز ہواؤں بارش کا امکان
خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں25ستمبر سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ جس کے باعث چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور ،بونیر ،مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کرم، اورکزئی، ہنگو، بنوں، لکی مروت ،وزیرستان اور ڈی آئی خان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے ۔موسلادھار بارش کے باعث مانسہرہ، کوہستان، چترال، گلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ اور صوابی کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ /نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دیں۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت۔ تیز ہواؤں کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔ کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت۔ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں ۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے ۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی مکمل آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔
اورکزئی سکاؤٹس کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پذیر
اورکزئی نوجوانوں میں مثبت تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سیکورٹی فورسز کے زیر اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ 16 ستمبر کو شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں ضلع بھر سے چیدہ چیدہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ 24 ستمبر کی اختتامی تقریب میں کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس نے خصوصی شرکت کی اور حوصلہ افزائی کیلئے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔نوجوانوں نے تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔
انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز
پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں امراض قلب کا بین االاقوامی جدید طریقہ علاج کامیابی سے متعارف کیا گیا۔ دل کا دورہ پڑنے کے بعد دل کے بروقت علاج اور مزید نقصان سے بچانے کے لیے تھیراکس ڈیوائس کا کامیاب پروسیجر۔ پی آئی سی سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن طریقے سے دل کاعلاج کرنے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ادارہ بن گیا۔
پی آئی سی میں 3 روز میں 5 کامیاب آپریشن کیے گئے ہیں جن میں تین مرد اور دو خواتین شامل۔ متاثرہ مریض کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اس طریقہ علاج کو استعمال کیا جاتا ہے۔ سپر سیچوریٹیڈ آکسیجن میں تھیراکس مشین کے زریعے مریض کے دل کی چھوٹی شریانو کو ہائی مقدار میں آکسیجن فراہم کی جاتی ہے۔ ہارٹ اٹیک سے دل کے کمزور ہونے کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔
اس طریقہ علاج سے امید ہے کہ دل کی صحت اور دل کے پھٹوں کی کمزوری کا خطرہ کم کیا جا سکے گا۔ ایس۔ ایس ۔او ۔ٹو طریقہ علاج ترقی یافتہ ممالک میں باقاعدگی سے استعمال کیا جاتا ہے مگر ہماری ٹیم نے اس کو خیبر پختونخوا میں ممکن بنایا۔ ہمیں فخر ہیں کہ ہمارے پاس پی آئی سی میں ایسی ٹیم ہے جو ہر قسم کے علاج کو متعارف کرانے کی قابل ہے۔ پی آئی سی بہت کم عرصے میں پاکستان اور خیبر پختونخوا کے لیے باعث فخر ادرہ بن چکا ہے۔ عوام ،ملک اور صوبے کی ترقی کے لیے ہماری خدمات ایسی ہی جاری رہیں گی۔
باجوڑ سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر خار میں گرینڈ جرگہ کا انعقاد
کمانڈنٹ باجوڑ سکاوٹس، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی زیر قیادت باجوڑ سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر خار میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں 450 سے زائد مقامی مالک و مشران ،معززین علاقہ، علمائے کرام، سیاسی نمائندے، میڈیا، تاجر برادری اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ جرگے میں سیکیورٹی کے موجودہ صورتحال، ڈرگ مافیا کے خاتمے اور ناوا پاس کو تجارت کے لیے کھولنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے مقامی لوگوں، سیکورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے امن اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ مقامی لوگوں نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کا وعدہ کیا، اور اس تقریب کو باجوڑ میں پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر سراہا۔
خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ایم ڈی کیٹ نتائج کا اعلان کردیا
خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ایم ڈی کیٹ نتائج کا اعلان کردیا
محمد مدثر اور فاطمہ ظہرہ نے 194 نمبر لے کی ایم ڈی کیٹ ٹاپ کیا۔ بی ڈی ایس امیدواروں کے نتائج 58 فیصد رہے۔ ایم بی بی ایس امیدواروں کے نتائج 51 فیصد رہے۔ 46 ہزار رجسٹرڈ امیدواروں میں سے 41 ہزار امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ ٹیسٹ شفاف طریقے سے منعقد ہوا، کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ ٹیسٹ کامیاب بنانے میں تمام اداروں کی کاوشوں کا مشکور ہوں۔
نیب کا پشاور بی آر ٹی انکوائری مکمل ہونے کا دعوی
نیب پختونخوا کا بی آر ٹی کرپشن انکوائری مکمل ہونے کا دعوی محض ایک ڈرامہ ہے۔ جاری اعلامیہ نیب کی جانب سے صوبائی حکومت کو کلین چٹ دینےکی ناکام کوشش ہے۔ بی آر ٹی منصوبہ ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اور بدعنوانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عمران خان اور پرویز خٹک کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے جاری اعلامیہ قابل قبول نہیں۔ نیب تحقیقات کرنے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی بجائے اصل کرپشن پر پردہ ڈال رہی ہے۔ 49 ارب سے شروع ہونے والے منصوبے میں 168.5 ارب روپے کی بچت سمجھ سے بالا تر ہے۔ منصوبے کو چھ ماہ میں مکمل ہونے کے دعوے کئے گئے تھے، سات سال گزر گئے تاحال نامکمل ہے۔
نیب اقرار کرچکی ہے کہ چھ پراجیکٹس غلط طریقے سے دیئے گئے، ان کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟ کنٹریکٹر کی جانب سے جمع کرائی گئی جعلی گارنٹیوں کی اسکروٹنی کس کی ذمہ داری تھی؟ ڈیزائن میں بار بار تبدیلی اور تاخیر سے جو بوجھ خزانے پر پڑا اسکا ذمہ داران کون ہے؟ ہم بارہا بتا چکے ہیں کہ پچھلے 12 سالوں سے تحریک انصاف صوبے کے خزانے کو لوٹ رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت اور وسائل کو ذاتی و سیاسی مفادات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ بی آر ٹی، بلین ٹری سونامی اور دیگر میگا کرپشن سکینڈلز کی جامع اور آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ صوبائی نیب کو آلہ کار بنا کرپی ٹی آئی کی حکومت اپنی چوریوں اور بیڈگورننس سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی۔ صوبے کی عوام کو انصاف دلانے کے لیے ذمہ داران کو کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ گئی
پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کل سے پریکٹس شروع کرے گی، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ 28 ستمبر کو سکاٹ لینڈ کے خلاف جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 30 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی ویمز ورلڈ کپ 3 اکتوبر سے شروع ہوگا، میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 3 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جبکہ 6 اکتوبر کو ٹیم پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہوگا۔ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ گروپ میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ویمنز کرکٹ ٹیموں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے، آئی سی سی نے آفیشل نغمہ بھی جاری کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف 5 روز کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچے ہیں جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رکن ممالک کے سربراہان کیلئے استقبالیہ رکھا ہے جس میں آج وزیراعظم شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف ممالک کے سربراہاں کے ساتھ غیر رسمی ملاقات ہوگی جب کہ وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس 2024 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف کی مالدیپ کے صدر محمد معیزو سے ملاقات ہوگی
سیاسی مقاصد کے لیے صوبے کے وسائل کا استعمال
سیاسی مقاصد کے لیے صوبے کے وسائل کا استعمال
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گذشتہ روز لاہور میں اجازت ملنے کے بعد کاہنہ روڈ کے کنارے مویشی منڈی میں جلسہ کیا گیا۔ اس بات سے قطع نظر کہ جلسہ میں کتنے لوگوں نے شرکت کی، وزیراعلی خیبرپختونخوا کیوں وقت پر نہ پہنچ سکیں یا کسی اور لیڈر نے کیا کہا۔ بات یہاں 1000ارب سے زائد مقروض اس صوبے کی ہونی چاہیے جہاں گذشتہ دو اور موجودہ حکومت پی ٹی آئی کی ہے۔
صوبے کے چیف ایگزیکٹیو یعنی وزیراعلیٰ کی سربراہی میں جو قافلہ لاہور کی جانب رواں دواں تھا، وہ سرکاری گاڑیوں اور سرکاری پروٹوکول پر مشتمل تھا۔ صوابی (انبار) انٹرچینج پر گذشتہ جلسہ کی طرح ریسکیو1122 کی گاڑیاں پہنچائی گئی تھیں بلکہ خبریں یہ بھی ہیں کہ انکے قافلے کے ہمراہ لاہور تک یہ گاڑیاں رواں دواں تھیں۔ یہ تمام گاڑیاں عوامی پیسوں اور عوامی ٹیکس پر چلنے والی گاڑیاں ہیں۔ ان کا پٹرول، چلانے والوں کی تنخواہیں یا مرمت کی ادائیگی عوام کے پیسوں سے کی جاتی ہے تو حکومت کو یہ اختیار کس نے دیا ہے کہ وہ صرف اپنے لیڈر کو خوش کرنے کیلئے عوامی پیسہ بہائیں؟
صوبے کی حالت یہ ہے کہ 20 ستمبر تک پشاور یونیورسٹی کے پنشنئرز کو تنخواہیں نہیں ملی تھیں۔ صوبے میں کوئی ترقیاتی کام شروع نہیں کیا جاسکا، نئے سکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا اشتہار جاری ہوچکا ہے۔
تین بار اس صوبے پر حکمرانی کرنیوالی جماعت نے صرف مالی سال 2024-25 کیلئے بین الاقوامی اداروں سے 12ارب 75 کروڑ40 لاکھ روپے قرض لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
امن و امان کی صورتحال بھی سب کے سامنے ہیں کہ ایک طرف آئے روز دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں تو دوسری جانب عوامی تحفظ حکومت کی ترجیح ہی نہیں کیونکہ انکی ترجیح صرف اپنے قیدی لیڈر کی رہائی اور وفاق کے خلاف بیان بازی کرنا ہے۔
گذشتہ روز رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عدنان وزیر نے سنوپختونخوا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کو پنجاب اور سندھ کی طرح مؤثر نہیں کیا گیا حالانکہ اس حوالہ سے کابینہ کے فیصلے پڑے ہوئے ہیں کہ سی ٹی ڈی کو سندھ اور پنجاب کی طرح فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اگر اپنے صوبے کے وسائل صحیح معنوں میں استعمال نہیں کریں گے اور یہ وسائل جلسے جلوسوں میں استعمال ہوں گے تو اس صوبے کو امن کس طرح دیں گے؟ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کس طرح اقدامات اٹھائے جائیں گے؟
اگر دیکھا جائے تو صوبائی پارلیمنٹ یعنی صوبائی اسمبلی کو بھی ایک مخصوص شخصیت کی تعریفوں اور انکے حق میں بیانات کیلئے استعمال کیا جارہا ہے حالانکہ ان کا کام ملک و قوم کے فلاح اور مفاد میں قانون سازی کرنا ہے۔
عقیل یوسفزئی