ٹوورڈی پشاور سائکل ریس کا باضابطہ آغاز اٹک پل خیر آباد نوشہرہ سے ہوگیا۔ ریس کا افتتاح رکن صوبائی اسمبلی محمد ادریس خٹک نے کیا جنھوں نے جھنڈا لہرا کر سائکلسٹس کو رخصت کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ، ڈائریکٹر آپریشن محکمہ سپورٹس نعمت اللہ مروت، خیبرپختونخوا سائکلنگ ایسوسی ایشن کے آرگنائزنگ سیکرٹری نثار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ریس میں 150سے زاید سائکلسٹ حصہ لے رہے ہیں جو پورے پاکستان سے شرکت کررہے ہیں۔ ان میں خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، اسلام اباد، گلگت بلتستان، گلگت بلتستان سکاوٹس، سوئی نادرن گیس، سوئی سدرن گیس، واپڈا،پاک آرمی اور تمام محکموں کی ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ ریس 70 کلومیٹر پر محیط ہے جو آج چمکنی پولیس اسٹیشن کے سامنے اختتام پذیر ہوگی اور اس کی اختتامی تقریب آج سہ پہر 2.30 بجے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی جسکے مہمان خصوصی خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان ہوں گے۔ انکےہمراہ سیکرٹری سپورٹس محمد ضیا الحق اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر خان بھی موجود ہوں گے۔مہمان خصوصی تقریب کے دوران ریس کے کامیاب سائکلسٹس میں انعامات بھی تقسیم کریں گے۔
