Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, March 12, 2025

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پیغام

خیبرپختونخوا کے عوام اور صوبائی حکومت یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آزادی کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں۔

عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرے تاکہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے اور اس کے بغیر دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام طویل عرصے سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جو دنیا میں ایک مثال ہے۔ ہم کشمیری عوام کی بہادری، استقامت اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر اعلی نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ کشمیر میں بھارتی حکومت کے مظالم بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں موثر انداز میں کشمیر کا مسئلہ اُٹھایا جو تاریخ میں ایک مثال ہے۔ ہم بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق آزادی کی اس جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket