Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, March 12, 2025

کور کمانڈر کانفرنس میں بھارت اور افغانستان کو واضح پیغام

جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کی اہم کانفرنس میں دہشت گرد گروپوں کی جانب سے افغانستان کی سرزمین استعمال کرنے کی پالیسی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کی عبوری حکومت کو واضح پیغام دیا گیا کہ وہ فتنہ الخوارج کی موجودگی سے انکار کی بجائے اس دہشت گرد گروپ کے خلاف ٹھوس اور عملی اقدامات کریں ۔ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس کانفرنس میں واضح انداز میں کہا گیا کہ افغانستان اور فتنہ الخوارج کے ضمن میں جاری شدہ تمام ضروری اقدامات اور حکمت عملی کو جاری رکھا جائے گا اور پاکستان اور اس کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا ۔ کہا گیا ہے کہ کسی کو بھی نام و نہاد محرومیوں کی آڑ میں بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور یہ کہ بلوچستان کے عوام کے تعاون سے اس اہم صوبے کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور ان کو انتہا پسندی پر مائل کرنے کی تمام کوششوں ، مذموم عزائم کو ناکام بنادیا جائے گا ۔ اس موقع پر سول اداروں کو کہا گیا کہ وہ بلوچستان کے جینوئن مسائل کے حل پر توجہ دیں تاکہ اس کی آڑ میں ریاست مخالف سرگرمیوں اور قوتوں کے پروپیگنڈے کا توڑ نکالا جاسکے ۔ کور کمانڈر کانفرنس میں کہا گیا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش کثیر الجہتی چیلنجر سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور قوم کی حمایت سے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں ۔
اس موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل طور پر اظہار یکجھتی کرتے ہوئے بھارت کا جارحانہ طرزِ عمل اور کشیدگی کو ہوا دینے والی پالیسیوں کے باعث پورے خطے کے امن اور استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں اس لیے لازمی ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ڈھونڈا جائے اور بھارت کی دھمکی آمیز پاکستان مخالف بیانات ، سرگرمیوں کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جائے ۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کے لیے نہ صرف یہ کہ پوری طرح پُرعزم اور تیار ہیں بلکہ ایسا کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہیں ۔

عقیل یوسفزئی

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket