افغانستان کی عبوری حکومت اور طالبان کے دو بڑے گروپوں کے درمیان جاری اختلافات نے اب باقاعدہ کشیدگی کی شکل اختیار کرلی ہے اور حقانی نیٹ سے کابل کی سیکورٹی سمیت دیگر انتظامی اختیارات واپس لیے گئے ہیں ۔ دوسری جانب کسی متوقع کارروائی سے بچنے کے لیے افغان طالبان کے سربراہ مولوی ہیبت اللہ آخوند قندھار میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں اور ان کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ بانی امارات اسلامیہ ملا عمر کے بیٹے اور اہم وزیر ملا یعقوب کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ قندھاری اور حقانی نیٹ ورک کے درمیان مصالحت کی کوشش کررہے ہیں مگر تاحال حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی ماننے کو تیار نہیں ہیں اور سراج الدین ، ستانکزئی کے بعد متعدد دیگر وزراء کے بارے میں اس قسم کی اطلاعات زیر گردش ہیں کہ وہ بھی یو اے ای ، سعودی عرب اور قطر منتقل ہوگئے ہیں یا فرار ہوئے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق اختلافات نے شدت اختیار کرلی ہے اور خدشہ ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت میں شامل دو بڑے گروپ یعنی مولوی ہیبت اللہ آخوند کا قندھاری گروپ اور حقانی نیٹ ایک دوسرے کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز نہ کردیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خانی جنگی سے بچنے کے لیے ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب بنیادی کردار ادا کررہے ہیں مگر کشیدگی میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے اور انتظامی طور پر افغانستان دو مخالف دھڑوں کے انتظامی اختلافات میں تقسیم ہوگیا ہے ۔
رپورٹس کے مطابق افغانستان میں کسی بھی وقت خانی جنگی کا آغاز ہوسکتا ہے اور متعدد ممالک نے اپنے مشنز کو نقل وحرکت سے منع کردیا ہے ۔ اس کشیدگی نے کالعدم ٹی ٹی پی کو بھی دو گروپوں میں تقسیم کردیا ہے تاہم ٹی ٹی پی کا زیادہ جھکاؤ تاحال حقانی نیٹ ورک کی جانب ہے کیونکہ یہ نیٹ ورک انتظامی طور پر ان صوبوں میں زیادہ فعال ہے جن کی سرحدیں پاکستان کے ساتھ ملی ہوئی ہے اس لیے کالعدم ٹی ٹی پی قندھاری گروپ سے زیادہ حقانی نیٹ ورک کے قریب ہے تاہم بعض سینئر کمانڈرز قندھاری گروپ کے حامی ہیں ۔
بعض معتبر ذرائع نے ” غگ ” کو بتایا کہ ملا یعقوب کے علاوہ القاعدہ کے بعض اہم رہنما بھی مصالحت کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ اس کشیدگی سے نہ صرف یہ کہ پاکستان اور امریکہ فایدہ اٹھائیں گے بلکہ داعش کی طاقت میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے ۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب نے انتہائی سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں اور یہ کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں افغان طالبان کی ہلاکتوں کے جو شواہد سامنے آئے ہیں ان کے تناظر میں عالمی سطح پر افغان حکومت کے خلاف نوٹس لیا جائے ۔ پاکستان نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ قبائلی علاقوں میں فورسز کی کارروائیوں کے دوران اہم افغان کمانڈرز کی ہلاکتوں کے بعد پاکستان یہ حق محفوظ رکھتا ہے کہ وہ افغانستان کی عبوری حکومت کے خلاف تمام دستیاب آپریشنز استعمال کرے اور اس سلسلے میں افغان عبوری حکومت پر پاکستان کا دباؤ مسلسل بڑھتا جارہا ہے ۔
ایبٹ آباد: ریسکیو ٹریننگ ونگ کا پولیس جوانوں کیلئے فائر فائٹنگ ٹریننگ کا انعقاد
ایبٹ آباد ریسکیو ٹریننگ ونگ کی ایبٹ آباد پولیس کے جوانوں کے لیئے میڈیکل اور فائر فائٹنگ کی ٹریننگ دی گئی۔ ایبٹ آباد ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر ایاز خان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عارف خٹک صاحب کی۔ صوصی ہدایات پر ٹریننگ ونگ انچارج ملک کامران کی نگرانی میں ریسکیو ٹریننگ ونگ کی جانب سے پولیس کے جوانون کو فرسٹ ایڈ ، آگ سے بچاؤ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے تربیت فراہم کی۔ ایبٹ آباد پولیس کے جوانوں کو بیسک میڈیکل ٹریننگ ،کیجولٹی ہینڈلنگ اینڈ ٹرانسپٹیشن ٹیکنیکس کے حوالے آگاہی فراہم کی گئی۔ اس دوران ریسکیو ٹریننگ ونگ نے کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے طریقے بھی سیکھائے۔ آخر میں باقاعدہ طور پر پولیس جوانوں سے اس حوالے سے تحریری امتحان بھی لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عارف خٹک کا امتحانی گراؤنڈ کا دورہ کیا ایس پی کینٹ سعید صاحب بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عارف خٹک ٹریننگ ونگ کی کارگردگی کا سراہا۔
پشاور: آج سے عیدالفطر تک صفائی مہم کاآغاز
سیکرٹری بلدیات خیبر پختونخوا ڈاکٹرامبر علی خان نے 11 فروری 2025سے عیدالفطر تک پورے صوبے خیبر پختونخوا میںصفائی مہم کا اعلان کر دیا۔
تمام ٹی ایم اوز، ڈائریکٹر یوڈا، ڈبلیوزایس ایس پی کے چیف ایگزیکٹوز، ڈی جی پی ڈی اے، تمام اے ڈیز، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو ضروری ہدایات جاری کردئیے۔ آج بروزپیر وزیراعلی خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت اور صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات خیبر پختونخوا ڈاکٹر امبر علی خان کی زیر صدارت ا یک اجلاس کا انعقاد کیاگیاتھا جس میں سیکرٹری ایل سی بی وحید الرحمان ‘ ڈائریکٹرز یوڈا ‘ ڈی جی پی ڈی اے ‘اے ڈیز اورد یگر محکموں کے افسران نے شر کت کیں اس موقع پر سیکرٹری بلدیات خیبر پختونخوا نے کہاکہ 11 فروری سے عیدالفطر تک تمام صوبے میں صفائی مہم شروع کیاجائیگا جس کے تحت تمام محکمے اپنی ذمہ داری پورے کریں کیونکہ صفائی نصف ایمان ہے ‘ صفائی مہم بھر پورطریقے سے چلائی جائیگی جس میں پورے کے پی کے کو صاف کیاجائیگا ‘مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ‘غفلت کے مرتکب محکمے کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ‘انہوں نے کہاکہ خیبر پختو نخوا میں صفائی مہم” سے مراد خیبر پختونخوا کے صوبے بھر میں عوامی مقامات کو صاف کرنے، کچرے کا انتظام کرنے، اور صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوشش کرنی ہے انہوںنے کہاکہ پشاور اور کے پی کے دیگر علاقوں میں صاف ستھرے ماحول کو فروغ دینے کے لیے آگاہی مہم، کچرا اٹھانے کی مہم، اور انفراسٹرکچر میں بہتری جیسے اقدامات شامل ہیں انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ضروری ا حکامات صادر کئے ۔
پیراپلیجک سنٹر پشاور میں سپورٹس ویک کا آغاز
پیراپلیجک سنٹر پشاور میں سپورٹس ویک کا آغاز
چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر الیاس سید نے فیتہ کاٹ کر رنگارنگ تقریبات کا افتتاح کیا
پیراپلیجک سنٹر پشاور میں سپورٹس ویک کا آغاز رنگا رنگ تقریبات اور کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد ساتھ ہوگیا۔ سنٹر کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے فیتہ کاٹ کر اس شاندار سپورٹس گالا کا افتتاح کیا۔ کھیلوں میں کالج طلبہ و طالبات، سنٹر کے عملے، داخل مریضوں، تیمارداروں اور صوبہ کے مختلف علاقوں کے علاؤہ سکردو، آزاد کشمیر اور کوئٹہ بلوچستان کے وہیل چیئر کھلاڑی بھی پورے جوش و خروش کے ساتھ شریک ہیں۔ ڈاکٹر الیاس نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور میں صحت بخش اور مثبت سرگرمیاں سنٹر کے سلوگن “مریض ہمارا باس ہے” پر عمل کی تعبیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کھیل میں مریضوں اور وہیل چیئر کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت عزم و حوصلے کی علامت ہے جو ان کی بحالی کے سفر کو مزید تقویت دیتا یے۔ ہفتہ کھیل میں مجموعی طور پر 35 ٹیمیں اور انفرادی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
پہلے روز رسہ کشی، وہیل چیئرز والی بال، تیمارداروں اور وہیل چیئر ریس کے مقابلے اختتام پذیر ہوئے جبکہ باقی کھیلوں کے مقابلے پورے ہفتہ جاری رہیں گے۔ رسہ کشی میں اٹینڈنٹس کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ سیکورٹی زلمی کی ٹیم رنر اپ رہی۔ وہیل چیئر ریس میں داؤد خان نے پہلی اور عبداللہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح اٹینڈنٹس کی ریس میں نوید فاتح اور حذیفہ ملک رنر اپ رہے جبکہ وہیل چیئرز والی بال میں فرینڈز آف پیراپلیجکس کی ٹیم نے اول آور سی پی ایم آر کالج نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ سپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد کیلئے چیف آرگنائزر حفیظ اللہ کی زیر نگرانی 18 منتظمین مقرر کئے گئے ہیں۔ ہفتہ کھیل پیراپلیجک سنٹر پشاور، کالج آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیب اور فرینڈز آف پیراپلیجکس کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد مریضوں کی جسمانی اور نفسیاتی بحالی میں معاونت اور حوصلہ افزائی ہے۔