صوبائی دارالحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ گرانفروشوں کے خلاف متحرک ہے. اس حوالے سے پانچ روز کے دوران شہر بھر میں گرانفروشوں کے خلاف میگا کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ نے مختلف بازاروں میں کاروائیاں کرتے ہوئے گرانفروشوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کئے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں میڈیا بریفنگ کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کیلئےغیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود قاسم علی شاہ، کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود، ممبر قومی اسمبلی شاندانہ گلزار، ایس ایس پی آپریشن مسعود احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) راؤ ہاشم عظیم، اسسٹنٹ کمشنر داؤد سلیمی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید بشارت حسین سمیت تاجر برادری، عوامی نمائندگان، یونین کونسل چیئرمین اور دیگر افراد موجود تھے۔
اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے، قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے، اور غیر قانونی منافع خوری کے خلاف جاری کارروائیوں کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران شہر بھر میں گرانفروشی کے خلاف بھرپور مہم چلائی گئی، جس کے دوران 4,123 کاروباری مراکز کا معائنہ کیا گیا، 235 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں، 5 لاکھ 72 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، 1,846 دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی، 868 کاروباری مراکز سیل کر دیے گئے، اور 340 دکانداروں کو جیل منتقل کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں، جس کے بعد بازاروں میں سخت چیکنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرانفروشوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جائے گا، اور اگر کوئی دکاندار دوبارہ خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے کاروبار کو مستقل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ صوبائی وزیر قاسم علی شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو اشیائے خوردونوش مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی دکاندار گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی یا سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی میں ملوث پایا جائے تو فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دی جائے۔ شہری اپنی شکایات درج کرانے کے لیے ضلعی کنٹرول روم، انتظامیہ کے ہیلپ لائن نمبرز، یا قریبی اسسٹنٹ کمشنر آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجر برادری سے بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے اور رمضان المبارک کے دوران عوام کو مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کی اپیل کی۔