وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے افراد باہم معذوری کی جسمانی بحالی میں وہیل چیئرز کی اہمیت اور ملکی سطح پر ان کی تیاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے پیراپلیجک سنٹر کے زیرِاہتمام حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم ملک کے واحد وہیل چیئر مینوفیکچرنگ یونٹ کو سراہا جہاں معذور افراد کی عمر، حالت اور جسامت کے مطابق کسٹمائزڈ وہیل چیئرز تیار کی جاتی ہیں اور کہا کہ یہ پیراپلیجک سنٹر کے علاؤہ صوبائی حکومت کیلئے بھی بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس ضمن میں ادارے کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی۔ وہ پیراپلیجک سنٹر پشاور میں وہیل چیئر کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وہیل چیئر معذوری نہیں بلکہ خود مختاری کی پہچان ہے۔انہوں نے معذور افراد کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پر یہ عوام کا حق ہے کہ وہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے بلخصوص ان شعبوں میں جہاں انسانیت ہماری مداخلت کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کسٹمائزڈ وہیل چیئرز کی مقامی تیاری کو سراہتے ہوئے پیراپلیجک سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر سید محمد الیاس کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ ملک میں کسٹمائزڈ وہیل چیئرز کی تیاری کے علاؤہ اس قومی ادارے کے احیاء اور افراد باہم معذوری کی جامع جسمانی و نفسیاتی بحالی کیلئے مثالی خدمات پر اللہ تعالیٰ انہیں اجر عظیم دے گا۔
پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے ملکی سطح پر صحت و علاج کی کمزور صورتحال کا سبب بیان کرتے ہوئے کہا کہ شروع دن سے میڈیسن کے پانچ ستونوں میں سے صرف کیوریٹیو میڈیسن پر زیادہ توجہ دی گئی ہے حالانکہ باقی چار ستونوں بالخصوص ری ہیبیلیٹیشن میڈیسن پر بھی بھرپور توجہ دینے اور نظام صحت میں انٹیگریشن کی ضرورت ہے تاکہ قومی صحت کا معیار بلند ہو۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی معیار کے مطابق دنیا کی کم از کم ایک فیصد آبادی کو وہیل چیئرز کی ضرورت ہے چنانچہ پاکستان میں ساڑھے تئیس لاکھ اور خیبرپختونخوا میں ساڑھے تین لاکھ کسٹمائزڈ وہیل چیئرز مینوفیکچرنگ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پیراپلیجک سنٹر پشاور کے پیداواری یونٹ میں وہیل چیئرز کی تیاری کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت کی معاونت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پیراپلیجک سنٹر کے دوروں اور حکومتی سرپرستی پر مشیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سیف نے وہیل چیئرز کی تیاری اور فروغ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو شیلڈ بھی دیں جبکہ پیراپلیجک سنٹر آمد پر سنٹر میں زیرعلاج سعودی نوجوان عبداللہ نے مہمانِ خصوصی کو گلدستہ پیش کیا۔