covid 19 in pakistan

کورونا وباء کی پانچویں لہر،سندھ میں سخت پابندیوں کا امکان

سندھ میں حالیہ کورونا کی پانچویں لہر سے متعلق سخت پابندیوں کا امکان ہے، ہفتے میں تین دن کاروبار بند کیا جاسکتا ہے، حتمی فیصلہ آج(جمعہ)وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیاجائے گا۔ذرائع کے مطابق سندھ بھر میں کاروباری اوقات کار صبح 6 سے شام 5 بجے کرنے اور ہفتے میں تین دن جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل کاروبار بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔سندھ بھر کے سرکاری و پرائیویٹ اسکولز میں پہلی جماعت سے پانچویں جماعت ہفتے میں دو دن اور جماعت 6 سے 8 ہفتے میں 3 دن کلاسزز کے ساتھ کھلے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ نویں تا بارہویں جماعت کی کلاسسز پیر سے جمعہ پانچ دن جاری رکھی جائیں گی۔تمام تعلیمی اداروں کے ٹیچرز اسٹاف اور طلبہ کے ویکسی نیشن کارڈز چیکنگ کی ذمہ داری اسسٹنٹ کمشنرز کو دی جاسکتی ہے۔ تمام فیصلے جمعہ کو وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں ہونگے۔

Rain and snowfall in kpk

خیبرپختونخوا میں بارشوں و برفباری کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کا امکان

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا موجودہ سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کاامکان ہے جبکہ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوانے ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر،مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، باجوڑ اور کرم میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے شانگلہ، سوات، بونیر، دیر، چترال، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم کے پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ڈی جی پی ڈی ایم اے شریف حسین نے بارشوں و برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے اور الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہےجبکہ بالائی اضلاع میں تیز بارش اور برفباری کے باعث روڈ بندش اور لینڈسلاڈینگ کا خدشہ ہے ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو وہاں پر چھو ٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنا ئی جا ئے۔لنک روڈز کی بحالی کے لیے مشینری کی دستیابی یقینی بنا ئی جائے،سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے،
کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ھیلپ لائن 1700پر دیں۔

omicron variant in pakistan

اومیکرون کرونا وائرس کے باعث خیبرپختونخوا میں الرٹ جاری

اومیکرون کرونا وائرس کے باعث خیبرپختونخوا میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے بیرون ممالک سے آنے والے تمام افراد کی نگرانی خصوصی طور پر شروع کر دی گئی ہے پشاور،مانسہرہ، ابیٹ آباد، مالاکنڈ ڈویژن، جنوبی اضلاع میں محکمہ صحت کو الرٹ کردیا گیا ہے بازاروں، دفاتروں کے لئے نئی پالیسی بھی مرتب کرلی گئی ہے خیبر پختونخوا میں پانچ مریضوں میں وا ئرس کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت کو الرٹ کر دیا گیا ہے شادی بیاہ میں بیرون ممالک سے آنے والے شہریوں یا ان کے قریبی رشتہ داروں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایات کی گئی ہے نئے کیسز کی روک تھام کے لئے تمام اضلاع کے ضلعی محکمہ صحت کے دفاتر ضلعی محکمہ صحت کے حکام کو اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں

Gold prices in pakistan

وفاقی حکومت کا سونے پر 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے سونے پر 17 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کردیا ہے اور فیصلے کی منظوری کے لئے بل قومی اسمبلی سے منظور کروانے کے بعد حتمی منظوری کے لئے سینٹ میں جمع کروا دیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف ملک بھر کی صرافہ ایسوسی ایشن نے سونے پر عائد 17 فیصد سیلز ٹیکس کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور خبر دار کیا ہے کہ اگر حکومت نے سینٹ سے سونے پر عائد سیلز ٹیکس کا بل منظور کروایا تو ملک بھر کے سونے کے تاجر ملک گیر احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک سونے پر عائد سیلز ٹیکس ختم نہیں کردیا جاتا۔

sahid kidnapped boy recovered by kp police

ساہیوال سے اغوا ہونے والا نوجوان پشاور سے بازیاب

ساہیوال سے اغوا ہونے والے نوجوان کو پشاور سے بازیاب کرالیا گیا۔پشاور پولیس نے خفیہ اطلاع پر اہم کارروائی کرتے ہوئے پنجاب سے اغوا ہونے والے نوجوان کو بحفاظت پشاور سے بازیاب کرالیا۔ایس ایس پی آپریشن ہارون رشید کے مطابق نوجوان کو دو روز قبل چیچہ وطنی ساہیوال سے اغوا کیا گیا تھا، نوجوان کے اغوا کا مقدمہ تھانہ سٹی چیچہ وطنی ضلع ساہیوال میں درج کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس کو مغوی ابو سفیان کی پشاور کے راستے نامعلوم مقام پرمنتقلی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد خفیہ اطلاع پر شہر کے داخلی وخارجی راستوں کی نگرانی سخت کر دی گئی تھی۔ایس ایس پی آپریشن ہارون رشید نے مزید کہا ملزمان شہر سے باہر منتقلی میں ناکامی پر مغوی کو نیم بے ہوشی کی حالت میں مقامی پٹرول پمپ پر چھوڑ کر فرارہوگئے، نوجوان کو ابتدائی طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، طبی امداد کے بعد مغوی کو والدین کے حوالہ کر دیا گیا ہے جب کہ پولیس نے مقامی پٹرول پمپ کے مالک اور سٹاف کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے۔

omicron variant in pakistan

اومیکرون پھیپھڑوں کے بجائے گلے پر اثر انداز ہوتا ہے، انکشاف

کورونا کے نئے وائرس اومی کرون کے حوالے سے نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ یہ نیا ویرینٹ گلے پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ اومیکرون پھیپھڑوں کے بجائے گلے پر اثر انداز ہوتا ہے اور گزشتہ دو برس میں کورونا وائرس نے اپنی ہیئت کو کئی بار تبدیل کیا ہے۔کورونا وائرس کی ہیئت میں تبدیلی کی وجہ سے اومیکرون تیزی سے پھیلنے کے باوجود کم جان لیوا ہے اور اس کی وجہ یہی ہے کہ یہ پھیپڑوں پر حملہ نہیں کرتا بلکہ گلے کو متاثر کرتا ہے۔لندن کے ایک پروفیسر کے مطابق نئی قسم اومیکرون جنیاتی طور پر پہلے وائرس سے کافی مختلف ہے اور اسی وجہ سے یہ جسم کے دوسرے خلیات کو متاثر نہیں کرتا۔سائنسدانوں کے مطابق اومیکرون نظام تنفس کی نالی کے اوپری حصے یعنی حلق کے خلیات پر اثر انداز ہوتا ہے اور پھیپھڑوں تک جانے کے بجائے حلق میں ہی اپنی تعداد تیزی سے بڑھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ وائرس ایک بار کسی فرد میں منتقل ہو کر حلق میں اپنی تعداد بڑھاتا ہے تو اس طرح اس کے پھیلنے کی رفتار کئی گنا تیز ہوسکتی ہے اور اسی وجہ سے اومیکرون کے پھیلنے کی رفتار دیگر ویریئنٹ کے مقابلے میں تیز ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی سابقہ اقسام پھیپھڑوں پر اثر انداز ہوتی تھیں اسی لیے وہ زیادہ خطرناک اور جان لیوا تھی۔

halal implementation council kpk

حلال امپلیمینٹیشن کونسل خیبرپختونخوا کا باضابطہ افتتاح

حلال آگاہی اور ریسرچ کونسل کی جانب سے حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی کے پی اور پرائم فاؤنڈیشن (پی ایف) کے اشتراک سے پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) پشاور میں کے پی حلال امپلیمینٹیشن کونسل کا آغازکرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ حلال آگاہی اور تحقیقی کونسل کے صدر آفاق شمسی نے کے پی حلال امپلیمینٹیشن کونسل کی تشکیل اور باقاعدہ آغاز میں سہولت فراہم کی جبکہ پرائم فاؤنڈیشن کے مشیر صحت اور طبی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق کو متفقہ طور پر کونسل کا چیئرپرسن نامزد کیا گیا۔ حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی کے نمائندوں اورصوبے کے ممتاز علمائے کرام مفتی جواد، مفتی خالد،مفتی یحییٰ، مفتی عاقب جاوید اور مفتی مسعود شاہ کو اتفاق رائے سے کونسل کے ممبران منتخب کیاگیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے پی حلال امپلیمینٹیشن کونسل فوڈ بزنسز اور حلال فوڈ اتھارٹی کے درمیان پل کاکردارادا کرے گا۔حلال کونسل کے قیام سے صوبے بھر میں فوڈ بزنسز کے درمیان حلال اور محفوظ خوراک کے رہنما خطوط پر عمل درآمد کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ کونسل اور پرائم فاؤنڈیشن مل کر حلال اور محفوظ خوراک کے طریقوں کے بارے میں فوڈ بزنسز کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے جبکہ حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی بعد میں انہیں حلال اور محفوظ فوڈ بزنس کے طور پر سرٹیفکیٹ جاری کرے گی۔ کونسل کھانے کے کاروبار کی فہرست سازی اور ان کی تربیت میں مقامی علماء اور آئمہ کرام کو شامل کرے گی۔ اجلاس میں شریک علمائے کرام اور فوڈ بزنسز کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی اورانہوں نے اس اقدام کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر صحت اور موجودہ ایم پی اے عنایت اللہ خان، ڈی جی کے پی حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان، پرائم فاؤنڈیشن کے مشیر صحت اور طبی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق اور معروف سماجی کارکن ڈاکٹر محمد اقبال خلیل نے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ مقررین کاکہنا تھا کہ حلال امپلیمینٹیشن کونسل کے قیام سے جہاں صحت عامہ کا معیار بہتر کرنے میں مدد ملے گی وہاں اس سے علاقائی انضمام کے منصوبوں مثلاً بی آر آئی اور سی پیک کے تناظر میں اقتصادی پیداوار اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔اس موقع پر ڈی جی حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی کے پی اور ایڈوائزر پی ایف کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جس میں حلال فوڈ سے متعلق آگاہی پیداکرنے، استعداد کار بڑھانے اور تحقیق کے لیے تعاون کو باقاعدہ بنانے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔

covid update pakistan

کورونا، 24گھنٹوں میں مزید 5افراد زندگی کی بازی ہارگئے

پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 40 ویں نمبر پر آ گیا،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شرح2 فیصد سے اوپر چلی گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 85 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 5 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 247 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 32 فیصد پر آ گئی۔پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 955 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں، اس موذی وائرس کے کْل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 99 ہزار 848 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 13 ہزار 46 زیرِ علاج مریضوں میں سے 636 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 12 لاکھ 57 ہزار 847 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 46 ہزار 585 ٹیسٹ کیئے گئے جبکہ اب تک کْل 2 کروڑ 36 لاکھ 55 ہزار 230 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

Kpk LG elections results

کے پی بلدیاتی انتخابات، مکمل نتائج الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے مکمل نتائج اپنی ویب سائٹ پر آویزاں کر دئیے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ کے مطابق یہ نتائج 2 ہزار 382 ویلیج نیبرہڈ کونسلز اور تحصیل کے کامیاب اور کلیئر قرار دیے گئے امیدواروں کے ہیں۔خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کے 213 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ اور دوبارہ گنتی کے کیسز الیکشن کمیشن میں زیرِ التواء ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ان جگہوں پر دوبارہ پولنگ کی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔امیدواروں کے انتقال کے باعث ملتوی کیے گئے الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کا دوبارہ اعلان کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کے انتقال کے باعث جن نشستوں پر انتخاب نہیں ہوا تھا وہاں 13 فروری کو الیکشن ہو گا۔

PAK dostu

پاک افغان دوستی بس سروس 5 سال بعد بحال کرنے کا فیصلہ

:پشاور

پاکستان نے افغانستان کے ساتھ پاک افغان دوستی بس سروس دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کمشنر پشاور ریاض محسود کے مطابق  سروس کیلئے بس کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے 14 جنوری کو ٹینڈر جاری کیا جائیگا۔  یہ بس سروس پشاور سے افغان صوبے جلال آباد تک چلائی جائے گی۔

ابتدائی طور پر 40 بسیں چلائی جائیں گی جو روزانہ مسافروں کو جلال آباد تا پشاور لایا جائے گا اور  پشاور تا جلال آباد لائیں گی جب کہ مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن کی سہولیات اڈے پر فراہم کرنے کے انتظامات کیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بس سروس شروع کرنے کیلئے معیاری کمپنی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ پشاور تا جلال آباد بس سروس کی کامیابی کے بعد اسلام آباد تا کابل بس سروس بھی چلائی جائے گی۔خیال رہے کہ پاک افغان بس سروس امن وامان صورت حال کے باعث 2016 میں بند کی گئی تھی۔

ریاض محسود نے کہا کہ امیگریشن حکام اڈے پر ہی مسافروں کی دستاویزات چیک کریں گے، مسافروں کی سیکیورٹی پشاور اور ضلع خیبر کی انتظامیہ اور پولیس کے ذمے ہو گی۔