پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر برائے سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے متعلقہ حکام کو ضلع مردان میں جاری تعمیراتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں میں بلا وجہ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ ہدایات انہوں نے وزیراعلی کے مشیر برائے سی اینڈ ڈبلیو ریاض خان کے ہمراہ ضلع مردان میں چھوٹے و بڑے تمام منصوبوں پر تعمیراتی کام کے بارے میں پر پیش رفت بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔
اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو اور طفیل انجم کے علاؤہ سیکرٹری محکمہ سی اینڈ ڈبلیو سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو کیڈٹ کالج فار گرلز مردان، باچا خان میڈیکل کالج مردان اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان کے علاؤہ دیگر منصوبوں پر تعمیراتی کام پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گرلز کیڈٹ کالج کی اکیڈیمک بلاک، تین ہاسٹلز، میس اور ایڈمنسٹریٹیو بلاک پر جاری تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے اجلاس کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جاری تعمیراتی منصوبوں کے علاؤہ باچا خان میڈیکل کالج مردان کی تعمیر کے علاؤہ ضلع میں دیگر مختلف منصوبوں پر پیشرفت بارے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر عاطف خان نے مختلف منصوبوں کے تعمیراتی کام پر سست روی پر متعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے ھدایات دیں کہ تمام پراجیکٹس پر کام مقرر مدت میں مکمل کیا جائے اور تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کردہ منصوبوں میں شفافیت اور معیاری کام کو بھی یقینی بنایا جائے تا کہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ منصوبوں سے عوام بھر پور طریقے سے استفادہ حاصل کر سکیں۔
ڈاکٹر امجد محبوب باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے قائمقام ڈائریکٹر تعینات
ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر امجد محبوب نے باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے قائم مقام ہسپتال ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا۔
پروفیسر امجد محبوب کو ہسپتال ڈائریکٹر خالد مسعود کے استعفی کے بعد اضافی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طورپرڈاکٹر امجد محبوب کی ہسپتال کے قائم مقام ایچ ڈی کی منظوری دے دی۔
وضح رہے کہ ڈاکٹرامجد محبوب میڈیسن اور انفیکشن ڈیسیز میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ پروفیسر امجد محبوب نے ایف سی پی ایس میڈیسن بیرون ملک جبکہ انفیکشن ڈیزیزز میں شوکت خانم میموریل ہسپتال سے کیا ہے۔ ڈاکٹر امجد محبوب نے نئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے اور ہسپتال کی بہتری کے لئے کام کرنے کا عزم کا اظہار کیا ہے۔ ایسو سی ایٹ پروفسیر امجد محبوب نئے ایچ ڈی کی تعیناتی تک بطور ایکٹنگ ایچ ڈی کام کرتے رہیں گے۔بورڈ آف گورنرز کی جانب سے بی کے ایم سی کے لئے ریگولر بنیادوں پر ہسپتال ڈائریکٹر کا اشتہار دیا جا چکا ہے۔
پشاور میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن، 39گرفتار
پشاور:پشاور پولیس نے امن ومان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے اور انسداد منشیات کیلئے جرائم پیشہ افراد اور شہر میں سرگرم منشیات فروشوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاون کیا جس کے دوران آئس فروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
کریک ڈاون کے دوران مجموعی طور پر39 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن جرائم پیشہ، منشیات فروش سمیت آئس سپلائی کرنے والے افراد بھی شامل ہیں، تمام ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔
کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر27 عدد پستول، ایک عدد کلاشنکوف، ایک عدد رائفل، ایک عدد شاٹ گن، سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس،1428 گرام آئس اور ساڑھے چھ کلو گرام چرس بھی برآمد کر لی گئی ہے، تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
وادی تیراہ میں برف باری کے بعد پاک فوج کی امدادی کارروائیاں
پشاور:پاک فوج اور فرنٹیر کور کے جوانوں نے وادی تیراہ میں تمام راستوں سے برف ہٹا کر شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے بحال کردیا۔
ضلع خیبرکی وادی تیر ا ہ میں شدید بارشوں اور برفانی طوفان کی وجہ سے علاقے میں بڑی تعداد میں کچے مکانات کو نقصانات کے ساتھ ساتھ رابطہ سڑکیں بند ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامناتھا۔متاثرہ مکینوں کی مدد کے لیے پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے تمام راستوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کی آمدورفت بحال کر دی۔
تیراہ وادی میں حالیہ برف باری سے 20سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا،سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے برف میں پھنسے افراد کو دشوار گزار راستوں سے نکالا اور150سے زائد خاندانوں کو ریسکیو کیا اور ان کو کھانے پینے کی اشیاء بھی فراہم کیں۔