اداکارہ و میزبان فضا علی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اگر کسی طرح بھی محفوظ ہے تو وہ پاک فوج کی وجہ سے ہے۔انہوں نے یہ بات مری حادثے کی حوالے سے ہونے والی امدادی کاروائیوں اور فوج کے کردار پر اپنی ویڈیو میں کہی۔ اداکارہ فضا علی اپنے بچوں کے ہمراہ مری میں تھیں اور انہوں نے وہاں سیاحوں کو پیش آنے والی مشکلات کو اپنی انکھوں سے دیکھا۔
انہوں نے مری میں امدادی کارروائیاں کرنے پر پاک فوج کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ پاک فوج ہی ہے جو ہر مشکل میں عوام کی خدمت اور حفاطت کرتی دکھائی دیتی ہے۔فضا علی نے کہا کہ پاکستانی قوم تھوڑی بہت جو بھی محفوظ ہے وہ پاک فوج کی وجہ سے ہی ہے اور پاک آرمی ہر کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔
فضا علی نے یوٹیوب پر مختصر دورانیے کی ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے اپنے حالیہ دورہ مری سے متعلق تفصیلات بتائیں اور بتایا کہ وہ بچوں کی فرمائش پر اسلام آباد سے مری گئیں۔
اداکارہ کے مطابق وہ شوٹنگ کے سلسلے میں اسلام آباد گئیں، جہاں سے انہوں نے لاہور جانے کا فیصلہ کیا مگر اسموگ کی وجہ سے انہوں نے وہاں کا سفر ترک کرکے بچوں کی فرمائش پر مری جانے کا فیصلہ کیا۔
فضا علی نے بتایا کہ مری جانے سے پہلے انہوں نے آن لائن ہوٹل کے کمرے دیکھے مگر وہاں پہنچے تو انہیں حیرانگی ہوئی، کیوں کہ جو تصاویر انہیں دکھائی گئیں کمرے ان سے مختلف تھے۔ فضا علی نے دعویٰ کیا کہ ہوٹل انتظامیہ نے ایک رات کا کرایہ 20 ہزار روپے ایڈوانس میں وصول کیا مگر ہوٹل میں پانی ہی دستیاب نہیں تھا، جس وجہ سے وہ چار گھنٹے وہاں گزارنے کے بعد وہاں سے چلی گئیں۔
فضا علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہوٹل انتظامیہ سے پانی کی عدم فراہمی پر بار بار شکایت بھی کی مگر کوئی فائدہ نہ ہوا اور انہیں بتایا گیا کہ پانی اگلے روز کی دوپہر تک آئے گا۔
میزبان نے دعویٰ کیا کہ انہیں مذکورہ ہوٹل میں تین کپ چائے کے 2 ہزار روپے ادا کرنے پڑے جب کہ چائے بھی عام ہوٹل جیسی تھی۔