کے پی بلدیاتی انتخابات: دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن نے پختونخواہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری کردیا
شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 4 فروری کو وصول کرسکتے ہیں۔ امیدوار کاغذات نامزدگی 7 سے 11 فروری تک جمع کریں گے۔ جبکہ 12 فروری کو تمام امیدواروں کے نام آویزاں ہوں گے۔
امیدوار 25 فروری تک اپنے کاغذات واپس لیں سکیں گے28 فروری کو امیدواروں کے انتخابی نشان جاری ہوں گے اور پولنگ 27 مارچ کو ہوگی
دھند کے باعث موٹروے مختلف مقامات پر بند
موٹروے M2 , اسلام آباد سے کوٹ مومن, M1 برہان سے پشاور تک، M14 ہکلہ ڈی آئی (ہزارہ موٹروے) برہان سے چیچیاں انٹرچینج تک دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے
موٹروے پولیس نے عوام سے گذارش کی ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں۔ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے کی صورتحال اور دوران سفر مد کی صورت میں ہیلپ لائن 130 پر مدد لی جاسکتی ہے۔
پاکستان کے ممتاز ڈرامہ نگار ڈاکٹر ڈینس آئزک کینیڈا میں انتقال کرگئے
خیبر پختونخواہ کی ادبی دنیا کی ایک قدآور شخصیت اور اُردو کے ممتاز ڈرامہ نگار ڈاکٹر ڈینس آئزک 71 سال کی عمر میں کیینڈا میں انتقال کرگئے۔ وہ کچھ عرصے سے ڈیمنشیا کے مرض میں مبتلا تھے اور طویل عرصے سے کینیڈا میں مقیم تھے۔
ڈاکٹر ڈینس آئزک 11 جنوری 1951 کو پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہوئے 1970 میں خیبر میڈیکل کالج سے انہوں نے گریجویشن کی ابعدازاں لیڈی ریڈنگ ہوسپٹل میں 25 سال بطور ڈاکٹر خدمات انجام دیں پھر 2000 میں اپنی فیملی کے ساتھ کینیڈا ہجرت کرگئے۔
ڈاکٹر ڈینس آئزک کو 1979 میں تمغہ حُسنِ کارکردگی سے نوازا گیا۔ ان کے تحریر کردہ مشہور ڈراموں میں دوراہا، سلاخیں، کرب، بارش اور تھوڑی سی زندگی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ انھوں نے ڈرامہ سیریز گیسٹ ہاؤس کی کچھ اقساط بھی لکھیں جبکہ انھوں نے ثمینہ پیرزادہ کی فلم “انتہا” کا اسکرین پلے بھی لکھا۔
انھوں نے مشہور فرانسیسی ناول آرونڈ دی ورلڈ ان ایٹی ڈیز کا اردو ترجمہ بھی لکھا۔
ویمن یونیورسٹی صوابی کے امتحانات آن لائن ہوں گے
ویمن یونیورسٹی صوابی میں اگلے ہفتے ہونے والے تمام امتحانات آن لائن ہونگے۔یونیورسٹی رجسٹرار ڈاکٹر شمس الحسین کے مطابق کل ہونے والا امتحان ملتوی کردیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے باعث امتحانات اور تدریسی عمل آن لائن کردیا گیا ہے۔
تفصیلی اعلامیہ کل جاری ہوگا۔
کے پی، ضم اضلاع میں کورونا ایس او پیز ، پابندیوں کا اعلان
محکمہ داخلہ وقبائلی امور خیبر پختون خوا نے این سی او سی فیصلوں کے تناظر میں نئی پابندیاں لگانے کا اعلامیہ جاری کیا۔
دسفیصد سے زیادہ کیسوں والے شہروں اور 10 فیصد سے کم شہروں کے لئے الگ الگ پابندیوں کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ پابندیوں کا اطلاق آج سے 31 جنوری تک ہوگا۔ دس
فیصد سے زیادہ کیسوں والے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ میں 70 فیصد سواریوں کی اجازت ہوگی،ویکسینشن اور ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا۔ مقدس مقامات 50 فیصد فل ویکسینٹیڈ افراد کے لئے کورونا ایس او پیز کیساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔
سنیما، تفریحی پارکس سمیت واٹر سپورٹس اور سوئمنگ پول میں بھی فل ویکسینٹیڈ 50 فیصد سے زیادہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ کراٹے، باکسنگ، رگبی، مارشل ارٹ، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ پر مکمل پابندی ہوگی۔ تمام قسم کے انڈور جیم میں بھی 50 فیصد فل ویکسینٹیڈ افراد سے زیادہ کی اجازت نہیں ہوگی۔
دس فیصد سے زیادہ شہروں میں انڈور شادی اور دیگر تقریبات پر 24 جنوری سے 15 فروری تک مکمل پابندی ہوگی اور اوٹ ڈور تقریبات میں 300 فل ویکسینٹیڈ افراد تک کی اجازت ہوگی۔ چوبیس
جنوری سے انڈور ڈائننگ پر بھی پابندی ہوگی تاہم ٹیک اوے اور ھوم ڈیلیوری سروس فعال رہنے کی اجازت ہوگی۔ دس
فیصد سے کم مثبت کیسوں والے شہروں میں بھی پابندیوں کا اطلاق آج سے 31 جنوری تک ہوگا۔
انڈور شادی اور دیگر تقریبات میں 300 اور اوٹ ڈور میں 500 سے زیادہ کی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبے میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ اور متوقع نتائج
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخوا میں مقامی حکومتوں یا بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے جس کے مطابق باقی ماندہ اضلاع میں 27 مارچ کو پولنگ ہوگی جبکہ حتمی نتائج کا سرکاری اعلان یکم اپریل کو کیا جائے گا۔ کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 7 سے 11 فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ ان کی جانچ پڑتال 14 سے 16 فروری تک ہوگی۔ 23 فروری کو امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ 28 فروری کو انہیں انتخابی نشانات الاٹ جائیں گے۔
اب کے بار بھی اعلی عدلیہ کے ایک فیصلے کے مطابق بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں گے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ تمام پارٹیوں نے اس مرحلے کے لیے پہلے ہی سے اپنی تیاریاں اور سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں کیونکہ پہلے مرحلے کے نتائج نے حکمران جماعت تحریک انصاف کو جو دھچکا لگایا تھا اس نے اپوزیشن کی کامیابی کے امکانات کو دوسرے مرحلے کے دوران مزید بڑھا دیا ہے جبکہ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ پہلے مرحلے والی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی، ٹکٹیں میرٹ کی بنیاد پر مشاورت سے دی جائیگی اور یہ کہ ناراض کارکنوں اور عہدیداروں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔دوسری طرف اپوزیشن کا موقف ہے کہ تحریک انصاف اور اس کی حکومت عوامی مقبولیت کھو چکی ہے اس لئے ان کو دوسرے مرحلے کے دوران بھی شکست ہو گی۔
پہلے مرحلے کے دوران صوبے کے 18 اضلاع میں جے یوآئی(ف) اکثریتی پارٹی کے طور پر سامنے آئی تھی جبکہ اے این پی اور پیپلز پارٹی بھی خاصی سیٹیں لینے میں کامیاب ہوگئی تھیں اور اپوزیشن کے مجموعی ووٹ بینک میں اضافہ دیکھنے کو ملا تھا۔ حالت یہ رہی کہ پشاور جیسے شہر میں میئر شپ کی سیٹ جے یو آئی بھاری اکثریت سے لے اڑا اور اے این پی کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیا پشاور میں حکمران جماعت کا امیدوار تیسرا نمبر لینے میں کامیاب ہوا جس نے دوسروں کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کو بھی سخت مایوس کیا اور انہوں نے نہ صرف ان نتائج کو اپنی پارٹی کی ناکامی کا نام دیا بلکہ انہوں نے ان نتائج کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بعض اہم لیڈر، ممبران اسمبلی اور عہدیداران کے خلاف کارروائیاں بھی کرائیں۔
اٹھائیس (28) فروری کو جن علاقوں یا اضلاع میں الیکشن ہوں گے ان میں ہری پور کے بغیر پورا ہزارہ ڈویژن، بونیر کو چھوڑ کر پورا ملاکنڈ ڈویژن جبکہ چار قبائلی اضلاع شامل ہیں۔ اس لیے کہا جاسکتا ہےکہ حکمران جماعت کے لیے یہ علاقے اور اضلاع پہلے مرحلے کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ثابت ہوں گے۔ چار قبائلی اضلاع میں جے یو آئی(ف) کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں کیونکہ ان علاقوں میں یہ پارٹی تنظیمی طور پر نہ صرف بہت فعال ہے بلکہ جے یو آئی(ف) کو افغانستان کی بدلتی صورت حال سے بھی فائدہ پہنچے گا۔ ہزارہ ڈویژن میں مسلم لیگ کافی مضبوط ہے اور وہاں کے بٹگرام، مانسہرہ اور بعض دیگر علاقوں میں جے یو آئی(ف) اور پی پی پی بھی کافی ووٹ بینک رکھتی ہے۔
ملاکنڈ ڈویژن میں اگرچہ تحریک انصاف 2018 کے الیکشن میں اکثریت حاصل کر چکی تھی تاہم وہاں مسلم لیگ جے یو آئی(ف) اےاین پی ، جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کا بھی نہ صرف یہ کہ ہولڈ رہا ہے بلکہ صوبائی اسمبلی میں ان کی نمائندگی بھی موجود ہے اور نتائج 2018 کے الیکشن سے یکسر مختلف بھی ہو سکتے ہیں۔
وزیر اعلےٰ محمود خان اور ان کی ٹیم کے لیے ملاکنڈ ڈویژن خصوصاً سوات کے الیکشن کو جیتنا نہ صرف بہت ضروری ہے بلکہ یہ ان کے لیے بہت بڑا چیلنج بھی ہے کیونکہ سوات کے پاس جہاں سی ایم اور ایک وفاقی وزارت ہے وہاں صوبائی کابینہ میں بھی سوات کی کافی مؤثر نمائندگی موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلےٰ نے اپنے دور ےاور ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات بڑھا دیے ہیں۔
ماہرین الیکشن کو اگلے عام الیکشن کے متوقع نتائج کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور اسی کا نتیجہ ہے کہ عمران خان اور ان کی حکومت نہ صرف یہ کہ الرٹ ہو کر غیرمعمولی حساسیت سے دو چار نظر آتی ہے بلکہ ان کے لئے غلطی اور ناکامی کی گنجائش بھی بہت کم رہ گئی ہے۔
خیبرپختونخوا امراز قلب کے واحد ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کارنامہ
پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی۔خیبر پختونخوا کے امراض قلب کے واحد سرکاری ہسپتال میں 66 سالہ مریض کے دل کا وال بغیر سینہ کھولے اور کٹ لگائے تبدیل کیا گیا ہے۔ پی آئی سی ترجمان رفعت انجم کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایسا کامیاب آپریشن پہلی بار کیا گیا ہے جہاں 66سالہ مریض کا بنا سینہ چاک کئے اور بغیر کٹ لگائے کامیاب آپریشن کیا گیا رفعت انجم کے مطابق مریض کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع سوات چار باغ سے ہے جس کو ہارٹ اٹیک کے بعد پی آئی سی لایا گیا جس کی بیماری کی تشخیص اور خصوصی مشاورت کے بعد اس طرح کی سرجری کی گئی ۔پی آئی سی کے انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ اور آٓپریشن کرنے والے ماہر ڈاکٹر علی رضا کا کہنا تھا کہ آپریشن نہ کرانے کی صورت میں مریض کی جان کو خطرہ تھاتاہم آپریشن کے بعد مریض صحت یاب ہے،اور اسے انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے۔ڈاکٹر کے مطابق ایسے کیسز پاکستان میں ایک دو ہسپتال میں کیے جاتے ہیں خیبر پختونخوا کی تاریخ میں اس نوعیت کا آپریشن پہلی بار کیا گیا ہے جو ہسپتال اور صوبے کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ ایسے پروسیجرز کے بعد امراض قلب کے اس نوعیت کے کیس میں مبتلا لوگوں کو اب کہیں اور جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صحت یاب ہونے والے مریض کے بیٹے نے والد کے کامیاب آپریشن پر ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا۔