مانسہرہ: محکمہ وائلڈ لائف نے ٹول پلازہ کے قریب دوران ناکہ بندی لاکھوں مالیت کی غیر قانونی ( لیپرڈ گیکو) نامی نایاب اور قیمتی چھپکلی کے بین الاقوامی سمگلر گرفتار کر لیے اور 15 عدد قیمتی چھپکلیاں برآمد ۔
دو ملزمان اور سوزوکی سرکاری تحویل میں لے لی ۔ایس ڈی ایف او عبدالرشید تنولی کی سربراہی میں سپیشل ٹیم نے مانسہرہ داتہ ٹول پلازہ کے مقام پر ناکہ بندی کرکےسوزکی نمبر LRZ 1082 کی تلاشی کے دوران ایبٹ آباد سے مانسہرہ سمگل کی جانیوالی 15 عدد قیمتی اور نایاب لاکھوں روپے مالیت کی لیپرڈ گیکو چھپکلیاں برآمد کرلیں ۔ ملزمان کو چھپکلیوں اور گاڑی کے ہمراہ سرکاری تحویل میں لیا ۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ یہ چھپکلیاں ایبٹ آباد اور حویلیاں کے مختلف پہاڑوں اور جنگلات سے پکڑ کر ملک کے مختلف علاقوں میں سمگل کرتے ہیں، جن کی مالیت لاکھوں میں بتائی جا رہی ہے۔ملزمان کیخلاف وائلڈ لائف ایکٹ مجریہ 2015ء کے تحت چالان درج کرکے مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔