پشاور: خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ میدانی علاقوں سمیت صوبے کے کئی علاقوں میںبارش کیساتھ تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
چترال ، دیر اور دیگر بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 5 جولائی تک مختلف علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ جاری رہنے کا امکان ہے ۔
گزشتہ روز پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ، زیادہ سے زیادہ 41 سنٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی سب سے زیادہ درجہ حرارت بنوں میں 45 سنٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں 14 ، کاکول میں 9 ،بونیر میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی آئیگی۔
کیپرا نے دئیے گئے ہدف سے 3 ارب زیادہ کے محاصل اکٹھے کرلیئے
پشاور۔ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالی سال 22-2021 میں دئیے گئے ہدف سے 3 ارب زیادہ کے محاصل اکٹھے کرلئے.
تفصیلات کے مطابق کیپرا نے مالی سال 22-2021 کے دوران 30 ارب روپئے سے زیادہ کے محاصل اکھٹے کرکے نہ صرف دئیے گئے ہدف کو حاصل کیا بلکہ صوبائی حکومت کی جانب سےمالی سال 22-2021 کے لئے دیئے گئے 27 ارب روپے کے ہدف سے تین ارب اضافی محاصل اکٹھے کر لیے۔
ترجمان کیپرا کے مطابق سال21-2020 کے مقابلے میں رواں برس کیپرا کے محاصل میں 45 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ پچھلے تین سالوں میں کیپرا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سالانہ محاصل میں تین گنا اضافہ کیا ہے۔
مالی سال 22-2021 سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 27ارب اور 23 کروڑ جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں 2 ارب 79 کروڑ روپے اکٹھے کئے گئے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی طورخم بارڈر، غلام خان، انگوراڈا اور خرلاچی کے مقامات پر موجود پاکستان کسٹم کی چیک پوسٹس کے ذریعے افغانستان سے آنے والی مال بردار گاڑیوں سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی وصولی کرتی ہے۔
خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافے پر بھر پور کام کیا اور 18300 سے زائد ٹیکس دہندگان ان کو ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل کیا جس سے محاصل میں اضافہ ہوا۔
کیپرا کے محاصل میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں ٹیکس کی شرح میں کمی کی موثر منصوبہ بندی، خیبر پختونخوا حکومت، بالخصوص وزیر اعلی محمود خان اور وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا کی بہترین حکمت عملی اور رہنمائی اور کیپرا کے عملے کے انتک محنت شامل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل کیپرا کیپٹن ریٹائرڈ شہباز طاہر ندیم نے اپنے اخباری بیان میں کیپرا کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ دئیے گئے ہدف سے تین ارب روپے زیادہ اکٹھے کرناخیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے عملے کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال کے اہداف کو بھی اسی طرح حاصل کرنے کے لیے پر اعظم ہیں۔
سوات: سیاحوں کی سہولت و تحفظ کے لئے ٹورسٹ پولیس تیار
سوات میں سیاحوں کو سہولت اور تحفظ دینے کے لئے ٹورسٹ پولیس تیار۔
ڈی پی او سوات زاہد نواز مروت کے مطابق ٹورسٹ پولیس کو ضلع سوات کے تمام سیاحتی مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔
ایڈیشنل ایس پی لوئر سوات ارشد خان نے جاوید اقبال شہید پولیس لائن سوات میں ٹورسٹ پولیس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو تحفظ دینا اور ان کی مدد کرنا ٹورسٹ پولیس کی اولین ذمہ داری ہیں۔اپنی ڈیوٹی خدمت خلق کے جذبے سے سرانجام دیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم جولائی سے پیٹرول کی نئی قیمت 14روپے 85پیسے اضافے سے 248روپے 74پیسے لیٹر ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 13روپے 23پیسے اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت 276روپے 54پیسے ہوگئی.
حکومتی نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول پر 10 روپے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل پر 5 پانچ روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد کی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 18 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اب مٹی کا تیل 230 روپے 26 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت 18 روپے 68 پیسے فی لیٹر بڑھا کر 226 روپے 15 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔