خیبر پختونخوا میں مون سون شجر کاری مہم 2022 کا افتتاح کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
صوبائی وزراء اشتیاق ارمڑ ، تیمور سلیم جھگڑا ، کامران بنگش اور فیصل امین گنڈا پور بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے
وزیر اعلیٰ کو مون سون مہم کے تحت شجرکاری سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مون سون شجر کاری مہم 2022 کے تحت صوبہ بھر میں 3 کروڑ 75 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔مہم کے دوراں سنٹرل ساؤتھ ریجن بشمول ضم اضلاع میں ایک کروڑ 96 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
ناردرن فارسٹ ریجن میں تقریباً 89 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے۔ ملاکنڈ فارسٹ ریجن میں 90 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔محکمہ جنگلات، سول سوسائٹی ، تعلیمی اداروں ، سرکاری محکموں اور دیگر اداروں کے ذریعے پودے لگائے جائیں گے ۔موسم بہار شجر کاری مہم 2022 کے تحت 8 کروڑ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے جنگلات اور اہمت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے بلین ٹری منصوبہ شروع کیا جس کے تحت ایک ارب پودے لگانے کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا گیا۔ قومی سطح پر 10 بلین ٹری منصوبہ شروع کیا گیا۔ منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا میں مزید ایک ارب پودے لگانے کا ہدف پورا ہونے والا ہے۔ شہری رواں مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔شہری علاقوں میں زیادہ سے ذیادہ شجر کاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اس مقصد کے لئے محکمہ جنگلات اور شہری ترقیاتی ادارے مل کر لائحہ عمل تیار کریں۔