پشاور: خیبر پختونخوا سوئمنگ ایسو سی ایشن کے زیراہتمام انٹر سکول سوئمنگ چیمپئن شپ آج 14 ستمبرسے عادل خان سوئمنگ پول پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگی جس میں مختلف گورنمنٹ اور پرائیوٹ سکولوں کے سو سے زائد بچے شرکت کرینگے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا سوئمنگ ایسوسی ایشن کے صدر محمد آصف اورکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں انڈر 10اور انڈر 12اور انڈر 14عمر کے علاوہ سینئر کیٹگریز کے مقابلے منعقد ہونگے چیمپئن شپ میں پچاس میٹر فری سٹائل، پچاس میٹر بیک سٹروک، پچاس میٹر کک فری سٹائل، کے کیٹگریز شامل ہیں، آصف اورکزئی نے بتایا کہ اس چیمپئن شپ میں پرائیویٹ سکولز کے بچے شرکت کررہے ہیں جبکہ اس کے بعد سرکاری سکولوں کے مابین مقابلے منعقد کئے جائینگے۔ دوسرے مرحلے میں ان دونوں کیٹگریز کے فاتح کھلاڑیوں کا آپس میں مقابلہ ہوگا، جس میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب آل پاکستان سکول مقابلوں کیلئے کیا جائیگا۔
پشاور:خواتین تائیکوانڈو سکواش ٹریننگ جاری
پشاور: ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام خواتین کیلئے تائیکوانڈواور سکواش کے ٹریننگ کیمپس پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگئی کیمپ کا باضابطہ افتتاح ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی نے کیاان کے ہمراہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کی فیمیل کوچز بشریٰ تا تیکوانڈو کوچز نازیہ علی میمونہ اور میمونہ تائیکوانڈو انٹر نیشنل گولڈ میڈلسٹ عائشہ آیازبھی موجود تھیں کیمپ میں خیبرپختونخوا کی چالیس سے زائد خواتین کھلاڑی کوالیفائیڈ کوچز کے زیرنگرانی ٹریننگ حاصل کررہی ہیں کیمپ دو ہفتے تک جاری رہیگی، تائیکوانڈو کیمپ میں وجیہہ غفار، اقصیٰ، ایراج حسین، میمونہ،بشریٰ، سفینہ،نبیلہ،لائبہ،مقدس، وحیدہ، اقراء وکیل، جویریہ مجاہد، عریبہ فاروق، لائبہ اعجاز، سمیداشوکت علی، سیما، وانیا، کلثوم، شمکااور نادیہ شہزاد شامل ہیں، جبکہ سکواش ٹریننگ کیمپ میں طاہر اقبال اور فضل محمود کھلاڑیوں کو دو مختلف سیشن میں ٹریننگ دے رہے ہیں،، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی نے کہا کہ صوبائی محکمہ کھیل کے زیراہتمام لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کیلئے بھی ٹریننگ کیمپس کا سلسلہ جاری ہے اس سے قبل پہلے مرحلے میں ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے پچاس سے زائد کھلاڑیوں کو چناروں کے شہرایبٹ آباد میں کوالیفائیڈ کوچز کے زیرنگرانی ٹریننگ دی گئی، ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی کا کہنا ہے کہ لڑکوں کی طرح لڑکیوں کو بھی ٹریننگ کیمپ میں اپنی صلاحیتیں بہتر کرنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں تائیکوانڈو اور سکواش کے بعد ایتھلیٹکس اور دوسرے گیمز کے کیمپس بھی لگائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کیمپ سے کھلاڑیوں کی مہارتوں میں اضافہ ہوگا اور وہ قومی اور صوبائی سطح پر صوبے کے لئے اعزازات جیتنے کی قابل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس لڑکیوں کو تمام کھیلوں کے برابر مواقع فراہم کر رہے ہیں جن سے وہ بھرپور استفادہ کر رہی ہیں۔، کیمپ کے انعقاد سے نہ صرف قومی کھلاڑی بلکہ جونیئرز کو بھی آگے نکلنے کے مواقع ملیں گے کوچز کی مسلسل محنت سے نوجوان بچے وبچیاں ملکی و بین الاقوامی سطح پرملک وقوم کانام روشن کریں گے۔
پاک فوج کی بروقت کارروائی، متعدد افراد کی جان بچالی گئی
پاک فوج نے بروقت اقدامات سے متعدد افراد کی جان بچا کر انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کراچی ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سندھ کے علاقے بوبک میں کشتی الٹنے سے بزرگ، خواتین اور بچے پھنس گئے تھے۔
واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پاک فوج کے سیل پر دی گئی، جس کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے بروقت ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
پاک فوج کے بروقت اقدامات سے متعدد افراد کی جان بچالی گئی۔ کشتی میں پھنسے تمام افراد کو ریسکیو کیے جانے کے بعد بحفاظت منتقل کردیا گیا ہے۔
شمالی وزیرستان : ایک اور پولیو وائرس کیس رپورٹ
شمالی وزیرستان میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے۔ 3 ماہ کے بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔
پاکستان پولیو پروگرام کے مطابق ملک میں اس سال پولیو وائرس کے کیسز کی تعداد 18 ہوگئی۔
تمام پولیو کیسز خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے جن میں 16 شمالی وزیرستان جبکہ 2 کیسز لکی مروت سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
بنوں، پشاور ،سوات اور لاہور کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
میران شاہ: ضرب عضب متاثرین کے لیئے 23کروڑ ریلیز
میران شاہ : پراوینشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ماہانہ مالی امداد اور راشن الاؤنس کی مد میں مجموعی طور پر ساڑھے 23 کروڑ کے لگ بھگ کے فنڈز ریلیز کردئے جو کہ ائندہ ایک دو دنوں میں معمول کے مطابق سم کارڈ میسجنگ کے ذریعے سے متاثرین کو ملنا شروع ہو جائینگے
۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین کے دفتر سے جاری کردہ ایک اعلامئے میں بتایا گیا ہے کہ اس فنڈزسے شمالی وزیرستان کے 15 ہزار خاندان مستفید ہو نگے جن کی ابھی تک اپنے گھروں کو واپسی نہیں ہوسکی ہے اور جو باقاعدہ تصدیق شدہ متاثرین ہیں ۔ اعلامئے کے مطابق ہر تصدیق شدہ خاندان کو 12 ہزار ماہانہ امداد جبکہ اٹھ ہزار روپے بطور راشن الاؤنس دئے جا رہے ہیں جس کا مقصد شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کے ساتھ مالی تعاون ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے شریف حسین نے اس موقع پر بتایا کہ مذکورہ فنڈزمیں چھ ہزار کے قریب ایسے خاندان بھی شامل ہیں جو کہ حال ہی میں افغانستان سے واپس ائے ہیں اور جن کی نادرا سے باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے ۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ افغانستان سے متاثرین خاندانوں کی امد کا سلسلہ جاری ہے اور جیسے ہی نادرا سے ان کی تصدیق اتی رہتی ہے انہیں بھی دیگر متاثرین کی طرز پر مالی امداد دی جائیگی ۔ یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کے اپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی جون 2014 سے اب تک ماہوار بنیادوں پر ہر تصدیق شدہ خاندان کے ساتھ 12 ہزار فی خاندان مالی امداد دی جاتی رہی ہے اور حالیہ ریلیز اس سلسلے کی 97 ویں قسط ہے جو بلا ناغہ متاثرین کو جاری کی جارہی ہے ۔
پشاور: خودکشی کی روک تھام کے حوالے سے سیمنار کا انعقاد
پشاور۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں خودکشی کی روک تھام کے حوالے سے منفرد سیمنار کا انعقاد کیا گیا ۔ سمینار کے مہمان خصوصی درہ آدم خیل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جہانزیب تھے۔
ہسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایل آر ایچ دماغی امراض کے یونٹ کے زیر اہتمام اس سمینار میں یونٹ کے سینئر ڈاکٹروں کے علاوہ جونیئر ڈاکٹروں اور باہر سے آئے ہوئے سینئر سائیکاٹرسٹ نے شرکت کی۔
سمینار کے شرکا نے معاشرے میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے رحجانات پر تفصیلی لیکچرز دیے۔
ایل آر ایچ کے سینئر ڈاکٹرز پروفیسر زاہد نظر،ایسوسی ایٹ پروفیسر مختیار الحق،اسسٹنٹ پروفیسر محمد فراز،اسسٹنٹ فضل ربانی کے علاؤہ جونئیر ڈاکٹرز اور دیگر نے کہا کہ آج کل کے دور میں لوگ مختلف قسم کے ذہنی دباو کا شکار ہیں جسکی وجہ سے مایوسی اور پھر خودکشی کی طرف رحجان پیدا ہو رہا ہے۔
درہ آدم خیل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جہانزیب نے کہا کہ ہم ذہنی بیماری کو سیریس نہیں لیتے حالانکہ ذہنی صحت کا آپ کی اور آپ کی فیملی کے اوپر بہت اثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپریشن ،ذہنی تناو اور مایوسی کے جذبات اس بات کا اشارہ ہے کہ آپ سائیکاٹرسٹ سے اپنا معائنہ کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاج میں دیر مریض کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ سمینار میں باہر سے بھی سینئر ڈاکٹرز پروفیسر واجد علی ایچ ایم سی،ایسوسی ایٹ پروفیسر علی مفتی جناح میڈیکل کالج،اسسٹنٹ پروفیسر عمران خان کے ٹی ایچ نے بھی ذہنی صحت کے حوالے سے مفید معلومات شیئر کی اور کہا کہ ذہنی امراض سے معتلق بات کریں اور اس کو ایک بیماری سمجھیں جس کا علاج موجود ہے۔