وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام،مردان میں گرلز ہاکی ٹرائلز کا انعقاد
پشاور: وزیراعظم کے یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلے میں گزشتہ روز مردان سپورٹس کمپلیکس میں گرلز ہاکی ٹرائلز شروع ہوگئے‘ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخوا کی نائب صدر صائمہ جعفری ایڈوکیٹ مہمان خصوصی تھیں ان کے ہمراہ انجینئر عارف روان‘ ویمنز ٹرائلز کی کوآرڈی نیٹر شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کی ڈائریکٹر سپورٹس ماریہ ثمین‘ انٹرنیشنل اکی پلیئرز واپڈا کی اقراء جاوید‘سدرہ پرویز‘ آر ایس او نعمت اللہ مروت‘سلیکشن کمیٹی کے آصف اسلام‘سید ضیاء الرحمان بنوری‘ ایچ ای سی کے شیراز احمد‘ایڈمنسٹریٹر مردان سپورٹس کمپلیکس سعادت خان سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘ٹرائلز میں 88 کھلاڑیوں نے شرکت کی.
‘ٹرائلز میں پچیس کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائیگا‘یہ ٹرائلز ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس شہید بے نظیر بھٹویونیورسٹی کے ڈی جی سپورٹس ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے منعقد ہوئے جبکہ مردوں کے ٹرائلز پشاور یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس کو انچارج بحرکرم لیں گے‘ ٹرائلز آج بھی جاری رہیں گے‘ مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخوا کی نائب صدر صائمہ جعفری ایڈوکیٹ صائمہ جعفری ایڈوکیٹ کا ٹرائلز میں شریک کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا انہوں نے اپنے خطاب میں بہترین انتظامات پر آرگنائزرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع میسر آئے ہیں اور امید ہے کہ وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کریں گے اور آگے آئیں گے انہوں نے امیدظاہر کی کہ آئندہ بھی حکومت کی جانب سے اس قسم کے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا اور تمام کھیلوں میں اس قسم کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہونے چاہئیں‘ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیراعظم کے مشیر امیر مقام اور معاون خصوصی شزا فاطمہ کی نگرانی میں ملک بھر میں ٹرائلز کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کے بعد ان کے درمیان میچ کرائے جائیں گے اور پھر اس میں سے حتمی بہترین صوبوں کی ٹیمیں تیار کی جائیں گی اور فائنل مرحلے میں ان کے درمیان مقابلے ہوں گے جس میں سے پاکستان کی ٹیم تیار کی جائے گی جسے مزید قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔
پیٹرول ایک بار پھر مہنگا
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کردیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیڑول کی نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 245 روپے 43 پیسہ برقرار رہے گی، مٹی تیل کی قیمت 202 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 197 روپے 28 پیسے فی لیٹرہوگئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کردیا گیا ہے
خیبرپختونخوا : مختلف شعبوں میں ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت کا مختلف شعبوں میں ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ۔
صوبائی حکومت نے پولیس، زراعت، معدنیات اور ریسکیو کے شعبوں میں ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پشاور: وزیر اعلیٰ محمود خان نے منصوبے پر عملدرآمد کی منظوری دے دی ہے۔
اس حوالے سے ایک بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کا ابتدائی تخمینہ لاگت 500 ملین روپے ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے منصوبے کا اجراء کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کا محمود خان کا کہنا ہے کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے پولیس کی آپریشنل اور تفتیشی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی۔
ڈرونز کے ذریعے پٹرولنگ سے پولیس اہلکاروں کی جانوں کو محفوظ کیا جا سکے گا۔ڈرونز کے ذریعے ریسکیو آپریشنز میں بھی خاطر خواہ بہتری ممکن ہو گی۔ منصوبہ مؤثر پولیسنگ کی طرف اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعلی کی پہلے مرحلے میں محکمہ پولیس اور پی ڈی ایم اے میں ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت۔ دوسرے مرحلے میں منصوبے کو معدنیات،زراعت اور دیگر شعبوں تک توسیع دی جائے۔
ایڈورڈز کالج کے طلبہ ٹریفک رضا کار فورس میں شامل
پشاور: ایڈورڈز کالج کے طلباء و طالبات سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ٹریفک رضا کار فورس میں شامل ہو گئے اس سلسلے میں گزشتہ روز ایڈورڈز کالج پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت‘ پرنسپل شجاعت علی خان، ڈی ایس پی انیلہ ناز اور دیگر ٹریفک حکام بھی موجود تھے۔
چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ایڈورڈز کالج کے طلباء و طالبات کی فورس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فورس مزید مضبوط ہو گی اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جا سکے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے تقریب کے دوران ٹریفک رضا کار فورس میں شامل ہونے والے طلباء و طالبات میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے شرٹس بھی تقسیم کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ ٹریفک قوانین سے نا خبر ہیں جن کو آگاہی دے کر ہی ٹریفک مسائل اور ٹریفک حادثات کو روکا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے طلباء و طالبات پر مشتمل رضا کار فورس کی تشکیل کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رضا کار فورس کے ممبران شہریوں کو شہر بھر میں لین لائن ڈسپلن ‘ زیبرا کراسنگ ‘ سیٹ بیلٹ ‘ ہیلمٹ اور ون ویلنگ سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر میں شہریوں کو ٹریفک کی روانی سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ایڈورڈز کالج کے طلباء و طالبات فورس میں شامل ہونے کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو جائیگا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ رضا کار فورس کے ممبران شہر کے بازاروں میں تاجروں کو تجاوزات کے خاتمے کے بارے میں بھی آگاہی دینگے تاکہ شہر میں کسی قسم کی ٹریفک جامنگ کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔ بعدازاں ایڈورڈز کالج کے حکام اور ٹریفک پولیس حکام میں شیلڈز تقسیم کئے گئے اور چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ایڈورڈز کالج کے پرنسپل شجاعت علی خان کو شیلڈ پیش کیا.
اپر کرم، پاک افغان گرینڈ جرگہ کا انعقاد
اپرکرم کیساتھ منسلک پاک افغان سرحد گوی بارڈر پر سرکاری سطح پر گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔
حکومتی سطح پر دونوں ملکوں میں تجارت و بارڈر سیکورٹی اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی پاکستان سے چیئرمین ملک شہید گل جاجی،ملک ملنگ خان جاجی،ملک بسم اللہ جان،ملک خاندان،ملک رؤف،ملک دیدار،ملک زاخیل،ملک نور محمد جاجی ،اور افغانستان سے جاجی قوم کے مشران ملک جاجی ولی جاجی ،ملک جاجی حق یار،ملک جاجی مدیر اکبر،ملک جاجی صدیقی جاجی و دیگر نے شرکت کی۔
شرکت کرنے والے جرگہ ممبران نے گوی بارڈر کو کھولنے سے دونوں اطراف کے عوام کی اہم ضرورت قرار دیا جس سے دونوں ملکوں میں تجارت کو فروغ ملے گا اور بارڈر کے آس پاس غریب عوام کو روزگار کی فراہمی ممکن ہو گی اور علاقہ میں امن اور ترقی کا دور شروع ہوگا یاد رہے جاجی قوم کے مشران جو بارڈر کے دونوں اطراف سے شرکت کر رہے ہیں امن و امان میں جاجی قوم اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔