pc

افغان مہاجرین کے معاملات پر پی اے سی اجلاس میں بحث

افغان مہاجرین کے معاملات پر پی اے سی اجلاس میں بحث

عقیل یوسفزئی

پبلک اکاونٹس کمیٹی کے ایک اہم اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین نورعالم خان نے سیکرٹری سیفران اور چیئرمین نادرا سے پاکستان میں قیام پذیر افغان مہاجرین کی سٹیٹس، سرگرمیوں اور رویوں پر متعدد سوالات اٹھاتے ہوئے کافی سخت ردعمل دکھایا جس پر بعض سیاسی حلقے کافی ناراض بھی ہوتے دکھائی دیے تاہم اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ مہاجرین سے جڑے بعض مسائل اور معاملات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
1978-79 کے دوران لاکھوں افغان جنگ کے ہاتھوں پاکستان اور ایران پہنچ گئے تو عالمی برادری بالخصوص امریکی بلاک نے سیاسی مقاصد کے لیے ان کو اقتصادی طور پر سپورٹ کیا اور پاکستان نے بھی بوجوہ ان کا نہ صرف خیرمقدم کیا بلکہ ان کو کیمپوں کے علاوہ عام آبادی میں قیام سمیت کاروبار کی غیرمشروط اجازت بھی دی۔اسکے برعکس ایران نے ان کو کیمپوں تک محدود رکھا حالانکہ ایران اس جنگ کا نہ صرف میجر اسٹیک ہولڈر تھا بلکہ وہ کھلے عام بعض نان پشتون لیڈروں اور لسانی گروپوں کو سپورٹ بھی کررہاتھا۔ ایران میں پناہ لینے والوں کی اکثریت نان پشتون تھے جبکہ پاکستان آنے والوں کی اکثریت پشتونوں پر مشتمل تھی۔

سال 1984 کی اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان میں تقریباً 23 لاکھ افغان قیام پذیر تھے. پاکستان میں ان کو صوبہ پختون خوا اور بلوچستان کے پشتون علاقوں میں بسایا گیا کیونکہ یہ دو صوبے پاک افغان سرحد پر واقع ہیں۔ 1987 کی ایک امریکی رپورٹ کے مطابق ان دو صوبوں میں کل مہاجرین کا 89 فیصد رہائش پذیر تھے اور اب بھی وہی شرح ہے. ان کو نہ صرف مختلف حکومتوں نے سہولیات فراہم کیں بلکہ عوام نے بھی ان کو بھائیوں کی طرح رکھا اور کچھ ہی عرصے میں انہوں نے بہت بڑے پیمانے پر کاروبار بھی شروع کئے جو کہ اب بھی جاری ہیں. اجتماعی طور پر ان کو کبھی امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا گیا حالانکہ ان میں سے لاتعداد لوگوں کی غیر قانونی سرگرمیوں اور قیام کے ثبوت مختلف اوقات میں سامنے آتے رہے۔
بڑا مسئلہ یہ رہا کہ سال 88-1987 کے جنیوا معاہدے، سوویت قبضے کے خاتمے، طالبان حکومت کے قیام، امریکی نواز حکومتوں کے قیام اور اب پھر سے طالبان کے برسراقتدار آنے کے باوجود ان تمام تبدیلیوں کے ہوتے بھی افغان مہاجرین بوجوہ پاکستان میں قیام پذیر رہے اور یہ اس 20 سالہ دور میں بھی اپنے ملک نہیں گئے جب امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی اربوں ڈالرز کی انویسمنٹ ہورہی تھی حالانکہ ایران اور دوسرے پڑوسی ممالک نے مختلف ادوار میں ان کو زبردستی نکالا اور اس دوران بعض افسوس ناک واقعات بھی سامنے آئے۔ افسوس ناک امر تو یہ ہے کہ ان افغان باشندوں نے ہر دور میں اس کے باوجود پاکستان سے نفرت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا کہ ان کو دوسرے ممالک کے مقابلے میں یہاں غیر معمولی حقوق اور سہولیات میسر رہیں- حالانکہ ان کے پڑوس میں تاجکستان، ازبکستان اور دیگر وہ ممالک بھی موجود ہیں جن کے ساتھ بعض نان پشتون لسانی گروپوں کے تاریخی سیاسی اور سماجی روابط رہے ہیں۔ حالت تو یہ رہی کہ ان ممالک میں ان لسانی گروپوں کے عام شہریوں کو گھسنے بھی نہیں دیا گیا صرف اشرافیہ کو مشروط قیام کی اجازت ملتی رہی تاہم افغان بھائیوں نے ایران اور ان پڑوسی ممالک کے بارے میں کبھی وہ لہجہ اور رویہ اختیار نہیں کیا جو کہ وہ پاکستان کے خلاف استعمال کرتے آئے ہیں۔ غالباً نورعالم خان نے اسی طرزِ عمل کو سامنے رکھ کر سوالات اٹھائے اور متعلقہ حکام کی کافی سرزنش بھی کی کیونکہ نورعالم خان خود پشاور کے رہنے والے ہیں اور ان کو اس طرزِ عمل کا کسی سے بھی زیادہ تجربہ ہے۔
یہ بات بھی قابل غور ہے کہ ہمارے بعض سیاسی حلقوں کو بھی یہ مہاجرین اس وقت یاد آ جاتے ہیں جب ان کو کسی بات یا واقعہ کی آڑ میں پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ کا کوئی موقع مل جاتا ہے اور اب کے بار بھی انہی حلقوں نے پی اے سی کے اجلاس کو سوشل میڈیا پر ہدف تنقید بنایا.
تلخ حقیقت تو یہ ہے کہ اب بھی لاکھوں ان افغان بہن بھائیوں کے پاسپورٹ پاکستان کی ایمبیسی میں ویزوں کے لیے پڑے ہوئے ہیں جن کا سیاست وغیرہ سے کوئی تعلق نہیں اور وہ پناہ اور روزگار کی تلاش میں پاکستان آنا چاہتے ہیں۔شیشے کے گھروں میں بیٹھے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنے والے معترضین کو نہ پہلے زمینی حقائق کا کوئی ادراک تھا اور نہ ہی کرکٹ میچ کے دوران کرسیاں پھینکنے والے باہر کے ممالک میں رہائش پذیر بعض لوگوں کو عام افغانیوں کی تکالیف کا کوئی احساس ہے۔
ان تمام عوامل سے قطع نظر ضرورت اس بات کی ہے کہ افغان مہاجرین کے قیام اور ان سے متعلقہ دوسرے معاملات کا ازسرنو جائزہ لےکر ایک مربوط حکمت عملی تیار کی جائے کیونکہ پاکستان کو سیاسی اور اقتصادی طور پر متعدد نئے چیلنجز کا سامنا ہے اور پی اے سی کے اجلاس میں کی گئی بحث کو محض ایک وقتی ردعمل کا نتیجہ نا سمجھا جائے۔

Pakistan wins fourth t20 against england

پاکستان نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دیدی

کراچی: پاکستان نے 7 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دے دی ہے۔Pakistan wins fourth t20 against england

پاکستان نے جیت کے لیے انگلینڈ کو 167 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پوری ٹیم ہدف کے تعاقب میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح انگلینڈ کی ٹیم کو 3 رنز سے شکست ہوئی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہو گئی ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے بلے بازی کرتے ہوئے لیام ڈاوسن اور ہیری بروک 34،34 رنز بنا کر نمایا ں رہے جب کہ بین ڈکٹ نے 33 اورمعین علی نے 29 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے فل سالٹ نے 8، ڈیوڈ ولی نے 11 اور ایلکس ہیلز نے 5 رنز کا اضافہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز اورحارث رؤف تین تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد حسنین نے 2 اور محمد وسیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 166 رنز بنائے تھے، محمد رضوان 88 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بلے بازی کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے 36 اور شان مسعود نے 21 رنز بنائے جب کہ آصف علی نے تین گیندوں پر 13 رنز کا اضافہ کیا۔

میچ میں انگلینڈ کی جانب سے ریسی ٹوپلے نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ لیام ڈاوسن اور ڈیوڈ ولی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

pak army helicopter crash

بلوچستان میں پاک فوج کا ہیلی تباہ،چھ جوان شہید

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے ،ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کے نیتجے میں 6جوان شہید ہو گئے ہیں ہیلی کاپٹر گزشتہ رات گئے ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہو ا،میجر منیب،میجر خرم شہزاد،صوبیدار وحید،نائیک جلیل شہید ہوئے،سپاہی محمد عمران اور سپاہی شعیب بھی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوئے میجر خرم شہزاد ہیلی کاپٹر کے پائلٹ اور اٹک کے رہائشی تھے،پاک آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر فلائنگ مشن پر تھا،دونوں پائلٹس سمیت تمام 6جوان جام شہادت نوش کر گئے،