ایبٹ آباد تعلیمی ثانوی بورڈ نے ایف اے /ایف ایس سی پارٹ2کے نتائج کا اعلان کردیا

ایبٹ آباد تعلیمی ثانوی بورڈ ایبٹ آباد نے ایف اے /ایف ایس سی پارٹIIکے نتائج کا اعلان کردیا۔تعمیر وطن پبلک سکولز اینڈ کالجز ایبٹ آباد اورمانسہرہ کیمپسز کی طالبات نے ایبٹ آباد بورڈ میں پہلی‘دوسری اورتیسری پوزیشنیں حاصل کرلیں۔آرٹس گروپ میں سرکاری تعلیمی اداروں کی طالبات نے پہلی‘دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کی۔ایک طالب علم ٹاپ تھری میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔اس حوالہ سے سوموار کے روز ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے آڈیٹوریم ہال میں تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی خیبرپختونخوا کے وزیرتعلیم شہرام ترکئی تھے۔کنٹرولر امتحانات پروفیسربابر ایاز نے ایف اے /ایف ایس سی پارٹIIکے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایف اے/ایف ایس سی پارٹ IIکے امتحانات میں مجموعی طورپر38ہزار598طلباء وطالبات نے حصہ لیا۔30ہزار258طلباء وطالبات نے کامیابی حاصل کی۔

نتائج کا تناسب78.3فیصدرہا۔تعمیر وطن پبلک سکولز اینڈکالجز ایبٹ آبادکیمپس کی طالبہ نرما خان نے 1057نمبر حاصل کرکے مجموعی طورپر ایبٹ آباد بورڈ میں پہلی‘گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ہری پور کی طالبہ اریبہ مرتضیٰ اورتعمیر وطن مانسہرہ کیمپس کی طالبہ ام حبیبہ نے 1056نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ تعمیروطن مانسہرہ کیمپس کی طالبہ فاطمہ جاوید نے 1053نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پری انجینئرنگ گروپ میں تعمیر وطن ایبٹ آباد کیمپس کی طالبات حرم نذیر نے 1052نمبر حاصل کرکے پہلی‘عائشہ مسعود نے 1051نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ برائیٹ ویژن ماڈل سکول اینڈ کالج ہری پور کی طالبہ نے 1047نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔کمپیوٹر /جنرل سائنس گروپ میں برائیٹ ویژن ماڈل سکول اینڈ کالج ہری پور کی طالبہ سید ہ نورفاطمہ نے 1012نمبر حاصل کرکے ایبٹ آباد بورڈ میں پہلی‘تعمیر وطن ایبٹ آباد کیمپس کی طالبہ الیشبہ نعیم نے 1003نمبر حاصل کرکے دوسری جبکہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1ایبٹ آباد کے طالب علم جنید زیب نے 1002نمبر حاصل کرکے ایبٹ آباد بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔آرٹس گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول لساں نواب مانسہرہ کی طالبہ صبغہ ستار نے 971نمبر حاصل کرکے ایبٹ آباد بورڈ میں پہلی‘ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول شیرون کی طالباتسندس طارق نے 961نمبر حاصل کرکے دوسری‘زینب بی بی نے 954نمبر حاصل کرکے ایبٹ آباد بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خیبرپختونخوا کے 22 اضلاع میں ٹائیفائیڈ ویکسینیشن مہم کا آغاز

پشاور:خیبرپختونخوا کے 22 اضلاع کے شہری علاقوں میں ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسینیشن مہم کا آغازصوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسینیشن مہم کاا پولیس انیڈ سروسز ہسپتال پشاور میں آج باقاعدہ افتتاح کیا۔افتاتحی تقریب میں وزیر صحت و خزانہ کی موجودگی میں بچوں کو ٹائیفائیڈ ویکسین لگائی گئی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر شاہین آفریدی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شاہد یونس، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر محمد عارف خان، جنرل سیکریٹری پی۔پی۔اے ڈاکٹر باور شاہ، عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر بابر عالم اور یونیسف کے صوبائی چیف عبداللہ ہی محمد یوسف بھی موجود تھے۔

ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ ویکسینیشن مہم 3 اکتوبر سے 15 اکتوبر تک خیبرپختونخوا کے 22 اضلاع کے شہری علاقوں میں جاری رہی گی۔ اس مہم میں 9 ماہ سے 15 سال کے تقریباً 28 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ کنجوگیٹ کی ویکسین لگائے جائے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا کہ صوبے کے ان اضلاع میں کمپین چلائی جارہی ہے جہاں ٹائیفائڈ کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے شراکت دار اداروں کا کمپین میں حکومت خیبرپختونخوا کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے عملے اور تمام شراکت دار اداروں کو کورونا سمیت دیگر ویکسینیشن کمپینز میں خدمات کی فراہمی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کی محکمہ صحت کے ہنگامی صورتحال میں اوردیگر اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ مراکز صحت صوبہ خود اپنے فنڈز سے بحال کرے گی۔ محکمہ صحت میں تیز تر ترقیاتی کام کیلئے زیادہ تر انتظامی اختیارات ہسپتال ایم ایس اور کمیٹیوں کو دے دیے گئے ہیں۔ ۔ سات مہینوں کے اندر صوبے کے 7 سو سے زائد مراکز صحت کی بحالی، فعالی اور تزئین و آرائش ہوچکی ہے۔ صحت کارڈ کیساتھ ساتھ اصلاحات کے نفاذ سے محکمہ صحت کی خدمات کی بجاوری میں بہتری لارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت اصلاحات میں اداروں کی تعاون کی ضرورت ہے۔
ڈائریکٹر ای پی آئی نے کہا کہ آج لنڈی ارباب میں سکول کے بچوں کو ٹائیفائیڈ ویکسینیشن مہم کے دوران کچھ بچے گھبراہٹ کا شکار ہو گئے تھے، جس کو فوراً نزدیک ہسپتال منتقل کیا گئے تھے اور ان کی حالت اب بالکل ٹھیک ہیں اور اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
ڈائریکٹر ای پی آئی خیبرپختونخوا ڈاکٹر عارف نے کہا کہ صوبے بھر میں مہم کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی ہے کہ اس مہم میں محکمہ صحت کا ساتھ دیں اور اپنے بچوں کو ٹائفائیڈ سے بچاؤ کا حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں۔
خیبر پختونخوا کے 22 اضلاع ایبٹ آباد، بنوں، چارسدہ، چترال پایان، ڈیرہ اسماعیل خان، دیر بالا، دیر پایان، ہنگو، کرک، کوہاٹ، کرم بالا، لکی مروت، مانسہرہ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، سوات، صوابی، ہری پور، ٹانک اور خیبر میں ٹائیفائیڈ کے خلاف 12 روزہ ویکسینیشن مہم چلائی جائے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم سہ فریقی سیریز میں شرکت کے لیے نیوزی لینڈ پہنچ گئی

قومی کرکٹ ٹیم سہ فریقی سیریز میں شرکت کے لیے نیوزی لینڈ پہنچ گئی
سیریز میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے علاوہ میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں. سہ فریقی سیریز کے تمام میچز کرائسٹ چرچ میں کھیلے جائیں گے.
اسکواڈ میں 16 کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کے 13 ارکان شامل ہیں. قومی اسکواڈ ایک روز آرام کے بعد جمعرات سے کرائسٹ چرچ میں ٹریننگ کا آغاز کرے گا. سہ فریقی سیریز میں پاکستان اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا.

خیبرپختونخوا میں مزید 287 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے وار بدستور جاری، مزید 287 افراد میں وائرس کی تصدیق۔
گزشتہ روز مزید 33افراد ڈینگی کے باعث ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس وقت صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں دینگی کے 83مریض زیر علاج ہیں۔
صوبے میں اس وقت ڈینگی کے فعال کیسوں کی تعداد 2ہزار 177 ہوگئی۔
صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 9ہزار 536 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔اب تک قاتل وائرس کے ہاتھوں صوبہ بھر میں 8افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ٹائیفائیڈ مہم کی نگرانی کیلئے پشاور پہنچ گئے

عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالا ٹائیفائیڈ مہم کی نگرانی کیلئے پشاور پہنچ گئے

پشاور : عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ نے سکول بچوں کو ٹائیفائیڈ ویکسین لگواکر سکول میں مہم کا افتتاح کیا. ترجمان عالمی ادارہ صحت کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ پشاور کے مختلف مراکز صحت میں ٹائیفائیڈ کمپین کی نگرانی کرینگے۔

نمائندہ نے بچوں سے ٹائیفائیڈ بارے سوالات بھی کئے۔ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالا نے بچوں اور والدین کو کہا کہ وہ انہیں ویکسین لگوانے پر قائل کرنے آئے ہیں ۔

کل سے شروع ہونے والے ٹائیفائیڈ کمپین کی مالی و تکنیکی معاونت عالمی ادارہ صحت فراہم کررہا ہے ۔ کمپین کے نفاذ و تکمیل کیلئے مخصوص تربیت بھی عالمی ادارہ صحت نے فراہم کی ہے۔

کمپین کیلئے ٹائیفائیڈ سے بچاو کی تقریبا تین ملین ویکسین بھی عالمی ادارہ صحت نے گاوی تنظیم کے تعاون سے محکمہ صحت کو فراہم کی ۔صوبہ بھر کے 22 اضلاع میں 9 ماہ سے 15 سال تک کے تقریبا28 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاو کی ویکسین لگائی جارہی ہے ۔

پشاور کی 52 شہری یونین کونسلوں کے 896724 بچوں کو ٹائفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائیں جائیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد خیبرپختونخوا سے ٹائیفائیڈ کا خاتمہ کرنا ہے۔