عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،کل کا اجتماع ملتوی کردیں:وزیر داخلہ راناثنااللہ

 وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ہے،عمران خان کو خطرہ ہے، کل کا اجتماع ملتوی کردیں، جلسے میں دہشت گردی ہوسکتی ہے

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس ابھی بھی وقت ہے، اجتماع ملتوی کردیں، یہ پاکستان کو سیاسی عدم استحکام اور معیشت کو تباہ کرنے کا مارچ ہے، یہ آزادی مارچ نہیں بلکہ فتنہ وفساد مارچ ہے، عمران صاحب سے گزارش کرتا ہوں بے مقصد اجتماع نہ کریں، لانگ مارچ کے لیے 26 نومبر کی تاریخ کو خاص طور پر رکھا اب اس کا مقصد نہیں رہا، عمران خان صاحب آپ کو پنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، آپ کو اسٹیبلشمنٹ الیکشن کی تاریخ نہیں لیکر دے گی بات پرانی ہوگئی۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 نومبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے وزارت داخلہ میں رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران وزیرمملکت برائے داخلہ عبدالرحمن کانجو اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اجلاس میں شریک ہوئے، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ اور چیف سیکرٹری نے آن لائن شرکت کی۔

پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ حکام اور قائم مقام آئی جی، آئی جی اسلام آباد و چیف کمشنر اسلام آباد اور سکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے بھی شریک اجلاس ہوئے۔

اجلاس میں پی ٹی آئی کے جلسے یا دھرنے کے حوالے سے حکمت عملی پرغور کیا گیا، شرکاء نے وزیر داخلہ کو پی ٹی آئی اجتماع اور سکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔

حکومت نے آرمی چیف , چیئرمین جوائنٹ چیفس کےگزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیے

حکومت نے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کی تقرریوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے

اسلام آباد: ‏وفاقی حکومت نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرریوں کے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق ‏ساحر شمشاد مرزا کی جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کا اطلاق 27 نومبر سے ہوگا۔

گزٹ نوٹیفکیشن کے مطابق ساحر شمشاد مرزا کو تین سال کے لیے چیئرمین جوائنٹ چیفس کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ‏سید عاصم منیر کی جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کا اطلاق 29 نومبر سے ہوگا جب کہ جنرل عاصم منیر کی بھی بطور آرمی چیف تعیناتی تین سال کے لیے کی گئی ہے۔

جنرل سید عاصم منیر 29 نومبر کو بطور 17ویں آرمی چیف کی کمانڈسنبھالیں گے

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا دو روزہ دورۂ ترکیہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا دو روزہ دورۂ ترکیہ (25-26 نومبر 2022)

وزیر اعظم محمد شہباز شریف ترک صدر عزت مآب جناب رجب طیب ایردوان کی دعوت پر اعلی سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔

استنبول انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر استنبول کے نائب گورنر محمود حرسانلی اولو ، اعلی ترک سول و عسکری حکام، پاکستانی سفارتخانے اور کونصلیٹ کے سفارتکار وزیر اعظم کا استقبال کر رہے ہیں۔

اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر ایردوان استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے چار ملجم (MILGEM)کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز PNS خیبر کا افتتاح کریں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون پر مبنی MILGEM منصوبہ پاکستان-ترکی اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

اس سے قبل پاک بحریہ کے لیے پہلے کارویٹ PNS بابر کی لانچنگ تقریب اگست 2021 میں استنبول میں منعقد ہوئی جبکہ دوسرے جہاز PNS بدر کا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا۔

بعد ازاں دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔