پشاور: قومی اسمبلی کے 3 حلقوں پر انتخابات کیلئے شیڈول جاری
پشاور: قومی اسمبلی کے 3 حلقوں پر انتخابات کیلئے شیڈول جاری.
ان حلقوں میں این اے 22 مردان ، این اے 24 چارسدہ اور این اے 31 پشاور شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق 11 مارچ کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے۔
12 سے 14 مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے۔ 15 مارچ کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع ہوگی جبکہ 22 مارچ تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔
کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 27 مارچ تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ ایپلیٹ ٹرائیبونل ان اپیلوں پر فیصلہ 3 اپریل کرے گا۔
4 اپریل کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی اور5 اپریل تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے۔ 6 اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
بونیر : شہید کانسٹیبل گل فراز خان کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی
بونیر : ڈی آئی خان میں شہید ہونے والے کانسٹیبل گل فراز خان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ اپنے آبائی گاؤں کروڑئی میں ادا کردی گئی.
نماز جنازہ میں ڈی پی او بونیر، ایس پی انوسٹی گیشن سمیت پولیس افسران اور علاقہ مکینوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی. پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی. افسران نے شہید کے جسد خاکی اور قبر پر پھول چڑھائے اور شہید کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دئینگے۔
ڈی پی او بونیر شہید کے ورثا سے ملے اور انکو ہر قسم تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی.
سوات یونیورسٹی میں دو روزہ ایجوکیشن ایکسپو اختتام پذیر ہوگیا
سوات یونیورسٹی میں دو روزہ ایجوکیشن ایکسپو (نمائش ) اختتام پذیر ہوگیا۔ ایجوکیشن ایکسپو میں مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ایجوکیشن ایکسپو میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کورکمانڈر پشاور نے طلباء و طالبات سے تعلیم و تربیت کے موضوعات پر گفتگو کی اور نمائش کے موقع پر لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور ان کو سراہا۔ انہوں نے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کی۔ طلباء و طالبات نے ایکسپو کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور اس موقع پر پاک فوج میں شمولیت اختیار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سیٹیزن پاراچنار ٹیم پارہ چنار کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی
آگرہ میں جاری کرکٹ ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل میچ سیٹیزن پاراچنار اور کالونی سٹار صدہ کے ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں سیٹیزن پاراچنار نے کالونی سٹار صدہ کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پی پی پی کے سنئیر رہنما اور وی سی چیئرمین ملک سید اصغر مہمان خصوصی تھے جبکہ پی پی پی کے جنرل سیکرٹری حاجی جمیل حسین بھی موجود تھے۔ میچ دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی اس موقع پر چئیرمین ملک سید اصغر اور حاجی جمیل حسین کا کہنا تھا کہ کھیل جیسی مثبت سرگرمیوں سےنوجوان نسل کو منشیات اور دیگر غیر اخلاقی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا موثر ذریعہ ہے لہذا حکومت زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
ضلع مردان کے نوجوانوں کے لیے سوشل میڈیا پر سیمینار کا انعقاد
مردان : مردان پریس کلب کے آڈیٹوریم میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفس مردان کی جانب سے سوشل میڈیا انگیجمنٹ فار یوتھ کے نام سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر صحت مند طرز عمل اپنانے اور پاکستان، اس کے امیج اور ریاستی اداروں کے خلاف ٹرولنگ، سازشی تھیوری، جعلی وائرل نیوز، فحاشی اور بدنیتی پر مبنی مہمات کو روکنا تھا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ریٹائرڈ) عبدالرحمن تھے۔ سیمینار کی نظامت صدر مردانوال خلق تنظیم اور لیکچرار مردان کالج باسط خان صافی نے کی۔ مقررین نے سوشل میڈیا کو مثبت اور فائدہ مند انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو پاکستان کی سافٹ پاور کو بڑھانے اور معیاری مواد تیار کرکے عالمی سطح پر ملک کا مثبت امیج دینے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے جو نوجوانوں کے لیے کمائی کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔
انہوں نے مردان اور پاکستان کی تاریخ، سیاحت، کھانوں اور ثقافت کو اجاگر کرنے پر بات کی۔ انہوں نے پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے پروپیگنڈے سے بچنے اور ان کا مقابلہ کرنے پر زور دیا۔ سیاسی کارکنوں سے بھی درخواست کی گئی کہ وہ ایک دوسرے، خواتین اور ریاستی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنا بند کریں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے اور پاکستان کو سوشل میڈیا پر فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے اس معاملے پر مزید سیمینارز کے ذریعے مردان کے نوجوانوں کو شامل کرنے کے لیے ضلعی سطح کا فورم بنانے کا عزم کیا۔
عالمی یوم نسواں،سیٹھی ہاؤس پشاور میں مشاعرے کا اہتمام
عالمی یوم نسواں،سیٹھی ہاؤس پشاور میں مشاعرے کا اہتمام
خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور کاروان حوا ادبی فورم کے باہمی اشتراک سے مشاعرے میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین میں تعریفی اسناد تقسیم کئے گئے۔
تقریب کا مقصد ادبی روایات کو زندہ کرنا، خواتین شعراء کی شاعری میں تخلیقی صلاحیتوں کو یقینی بنانا اور فن، شاعری اور ادب کے فروغ کیلئے تخلیقی ماحول فراہم کرنا تھا، رخشندہ نازصوبائی محتسب
خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی اور کاروان حوا ادبی فورم کے باہمی اشتراک سے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سیٹھی ہاؤس پشاور میں خواتین مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں خواتین کی جانب سے لکھی گئیں کتب کی رونمائی، مشاعرہ اور ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر بینک آف خیبرمحمد گلفراز اورصوبائی محتسب رخشندہ نازمہمانان خصوصی تھیں۔ ان کے ہمراہ کاروان حوا ادبی فورم کی صدربشرہ فرخ، منیجرایونٹس ٹورازم اتھارٹی حسینہ شوکت، ناز پروین،ویمن چیمبر کی صدرعزرا جمشید، صدر حیات آباد لائنز کلب فوزیہ عنایت، ڈاکٹر پروین عظیم، اباسین یوسفزئی اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کاکہناتھا کہ خواتین کے عالمی پر تقریب کے انعقاد کا مقصد ادبی روایت کو زندہ کرنا، خواتین شعراء کی شاعری میں تخلیقی صلاحیتوں کو یقینی بنانا اور فن، شاعری اور ادب کے فروغ کیلئے تخلیقی ماحول فراہم کرنا تھا۔جن خواتین شعراء نے اپنی نظمیں پیش کیں ان میں روشن حضرت، حمیرا اسلم، سلمیٰ قیصر، ڈاکٹر سلمیٰ شاہین، شاہین آمین، نادیہ رضا علی، رانی صبیح اور غزلہ یاسمین شامل ہیں جبکہ جن خواتین کی کتب کی رونمائی کی گئی ان میں ڈاکٹر شاہدہ سرور کی ”ستڑے ماخام”، نصرت نسیم کی ”حسیہ خیال”، بشریٰ فرخ کی ”باد جیسا بزرگ توئی”، سیدہ ام رباب کی ”حی الفلاح”، تابندہ فرخ کی ”دمشق پشاور سے کربلا تک”، سیدہ عطیہ پروین کی ”ہار جانے کا حوصلہ ہے مجھ میں ” اور مشرف مبشر کی کتاب”ولایت چلتے ہیں ‘ ‘ کی رونمائی کی گئی۔ تقریب میں شعراء نے اپنی خوبصورت شاعری سے سامعین کو مسحور کیا جو معاشرے کے رجحانات کی عکاسی کرتی تھی۔ مشاعرے کے اختتام پر ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے بھی خواتین میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر کاروان حواادبی فورم بشریٰ فرخ کا کہنا تھا کہ خواتین کے کردار کا ہر پہلو خوبصورت ہوتا ہے اور ہر عورت کو فطرت کی خوبصورتی اور خواہشات سے نوازا جاتا ہے۔یہ فورم گزشتہ کئی سات سالوں سے ان خواتین کیلئے تقاریب کاانعقاد کررہی ہے جو ادب کی دنیا میں اپنی خدمات سرانجام دیتی ہیں۔منیجر ایونٹس خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی حسینہ شوکت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین اپنے حقوق اور ان کے تحفظ اور مضبوط ہونے کے طریقے سے آگاہ ہیں۔ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے خواتین کیلئے مشاعرے کے انعقاد کا مقصد بھی ان کی صلاحیتوں اور ادبی فورم میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین کی خدمات کو سہرانا ہے۔سابق ڈائریکٹر پشتو اکیڈمی جامعہ پشاور ڈاکٹر سلمیٰ شاہین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کمزور نہیں ہوتیں بلکہ ان میں غیر معمولی صبر اور حوصلہ ہوتا ہے جو قدرت نے انہیں مردوں کی طرح عطا کیا ہے۔ممتاز شاعرہ اور ادیب انور سلطانہ نے کہا کہ خواتین سماجی، معاشی اور سیاسی شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین ادیب مجموعی طور پر ادب اور معاشرے کی ترقی و ترویج میں زبردست کردار ادا کر رہی ہیں۔اس موقع پر صوبے کی مختلف ادبی شخصیات کو ان کی خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیاجن میں ڈاکٹر پروین عظیم اور فرحین چوہدری کو علامہ اقبال ایوارڈ، مشرف مبشر کو فاطمہ جناح ایوارڈ، رانی عندلیب اور عطیہ پروین، احمد فراز ایوارڈ ڈاکٹر اظہار اللہ اور خالد رؤف، محسن احسان ایوارڈ قمر ہمدانی اور ڈاکٹر اویس قرنی کو دیا گیا۔ عبدالرؤف روحیلہ اور امجد عزیز ملک کو غزنوی ایوارڈ، ڈاکٹر سید زبیر شاہ اور حماد حسن کو غلام محمد قصر، امیر حمزہ ایوارڈ ڈاکٹر سلمیٰ شاہین، پروین خٹک ایوارڈ پروفیسر اعجاز خٹک اور احمد علی سائیں ہندکو ایوارڈ اورنگزیب غزنوی اور اقبال کو دیا گیا۔