فوج کی توجہ دہشتگردی کے خاتمے پر مرکوزہے، تمام سیاسی جماعتوں کا احترام کرتے ہیں : آئی ایس پی آر

 راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج قومی فوج ہے جو کسی خاص جماعت، سوچ یا نظریے کی حامی نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اعادہ کرتے ہیں کہ اصل طاقت کا محور عوام پاکستان ہیں۔ پاکستان کی فوج ایک قومی فوج ہے ہمارے لیے تمام سیاستدان اور سیاسی جماعتیں قابل احترام ہیں۔ فوج کسی خاص جماعت، سوچ یا نظریے کی حامی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان ہر پاکستانی کو آزادی اظہار رائے کا حق دیتا ہے تاہم یہی آئین آزادی رائے کو چند قوانین اور بندشوں کے اندر قیود کرتا ہے۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ حکومت اور فوج کا غیر سیاسی اور آئینی رشتہ ہوتا ہے، اس کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں۔ فوج کا غیر سیاسی ہونا ہی بہتر مفاد میں ہے۔ کسی ملک میں فوج کو جب بھی خاص سیاسی سوچ، مذہب یا نظریے کیلیے استعمال کیا گیا تو صرف انتشار پھیلا ہے۔ عوام اور فوج دونوں نہیں چاہتے کہ کسی خاص سیاسی جماعت کی طرف جھکاؤ ہو کیونکہ فوج کے سیاسی استعمال سے انتشار پھیلتا ہے۔ سیاستدان فوج کے غیر سیاسی ہونے کی سوچ کو تقویت دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے باوجود پاک فوج کی دہشت گردی کیخلاف قربانیاں اور کامیابیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، عوام اور فوج کی لازوال قربانیوں سے پاکستان میں اب کوئی نو گوایریا نہیں ، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے ، جس طرح پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑی اور لڑ رہے ہیں ، اس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ، رواں سال میں مجموعی طور پر دہشت گردی کے چار سو چھتیس واقعات ہوئے ،دوسو ترانوے افراد شہید ، پانچ سو سے زائدزخمی ہوئے ، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کیخلاف آٹھ ہزار سے زائد آپریشنز کیے ، پندرہ سو سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔

بھارت کے حوالے سے ایک سوال کے  جواب میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت کی گیدڑ بھبکیاں،سیز فائر کی خلاف ورزیاں اور الزامات کا لگاتار جھوٹا پروپیگنڈا خاص سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتا ہے ، رواں سال اب تک چھپن مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی گئیں ، پاک فوج نے بھارت کے چھ جاسوس کواڈ کاپٹرز کو مار گرایا۔

 انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان بھارت کی تمام شر انگیزیوں سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ، کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے ، پاکستان کی داخلی اور بارڈر سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر مکمل طور پر توجہ مرکوز ہے۔

swat kabal incident 2023

سوات: کبل دھماکے،ابتدائی رپورٹ جاری، شہادتوں کی تعداد 15 سے زائد

سوات: کبل دھماکے میں حملے کے شواہد نہیں ملے، دھماکا شارٹ سرکٹ کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔

ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کبل دھماکے کی وجہ بظاہر شارٹ سرکٹ ہوسکتی ہے۔ گو کہ دوسرے عوامل کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

ماہرین نے کرائم سین کامعائنہ کیاہے، دھماکے میں کسی خودکش یاحملہ آورکے شواہد نہیں ملے۔ دوسری جانب کبل دھماکے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کےمطابق دھماکے کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ عابد مجید اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ شامل ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کا جائزہ لے گی اور کمیٹی کو تحقیقات جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والا دھماکا شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا، ایک دھماکے کے 12منٹ بعد دوسرا دھماکا ہوا۔

واضح رہےکہ سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے سی ٹی ڈی کے 2 افسروں سمیت 15 افراد شہید جب کہ 57 زخمی ہوئے۔

آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے

آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار چار روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ بیان کے مطابق دورے کا مقصد دوطرفہ عسکری تعلقات کو بڑھانا ہے۔

Swat

کبل سی ٹی ڈی تھانہ دھماکہ،خاتون سمیت 10 افراد شہید 37 زخمی

پشاور:سوات کے علاقہ کبل میں سی ٹی ڈی تھانہ میں دھماکہ کے نتیجے میں خاتون سمیت 10 افراد شہید جبکہ 37 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق کبل کے سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکہ کے نیتجے میں عمارت زمین بوس ہونے کی وجہ سے جاں بحق اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے ۔آس پاس کے عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں ڈی ایس پی عطاء اللہ کے مطابق دھماکہ تھانے کے اندرہوا ہے جس کے باعث عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہو چکی ہے۔

سوات کبل دھماکے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہونے کا زیادہ امکان ہے۔ مال خانہ میں گولہ بارود کو آگ لگ گئی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق باہر سے حملے کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا جبکہ دھماکے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق سیدو شریف اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ دھماکہ کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔