2076020-torkhambordercrossingpoint-1570643193

افغان مہاجرین کو بغیر ویزا عید منانے کی اجازت

افغان مہاجرین کو بغیر ویزا عید منانے کی اجازت
عقیل یوسفزئی

پاکستان بالخصوص پختون خوا میں لاکھوں افغان مہاجرین کئ دھایوں سے رہائش پذیر ہیں. ان کی تعداد میں نہ تو ناین الیون کے بعد کوئی کمی واقع ہوئی اور نہ ہی 15 اگست 2021 کے بعد ان کی واپسی کی کوئی قابل ذکر پیشرفت دیکھنے کو ملی. اس کے متعدد اسباب ہیں تاہم دو بڑے اسباب بہت اہم اور بنیادی ہیں. ایک یہ کہ افغانستان کو مسلسل بدامنی کا سامنا رہا ہے اور وہاں روزگار وغیرہ کے مسائل بھی پاکستان سے کئ گنا زیادہ ہیں. دوسرا سبب یہ ہے کہ افغان بھائیوں کی تین سے زیادہ نسلیں نہ صرف پاکستان میں رہائش پذیر رہی ہیں بلکہ لاکھوں بچے یہاں پیدا ہوئے اور وہ یہاں نہ صرف تعلیم حاصل کرتے رہے ہیں بلکہ آزادی کے ساتھ ملازمتیں اور روزگار بھی کررہے ہیں.
گزشتہ روز حکومت پاکستان نے عید کے تناظر میں ایک اچھا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پاکستان میں رہائش پذیر افغان باشندے ویزا پراسیس کے بغیر عید منانے اپنے ملک جاسکتے ہیں. اعلان کے مطابق جتنے بھی کراسنگ پوائنٹس ہیں ادھر سے محض تذکرہ دستاویز کی بنیاد پر افغان باشندے اپنے وطن جاسکیں گے. اس مقصد کے لیے طورخم اور چمن بارڈرز کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارڈرز کو صبح 8 بجے سے شام 9 بجے تک کھلا رکھا جائے اور عید منانے کے لیے افغانستان جانے والے افغانیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں.
عام افغان باشندوں نے اس فیصلے کو بہت سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف یہ کہ ان کو اپنے رشتہ داروں کے ساتھ عید منانے کا موقع مل جائے گا بلکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان اچھے اور ناگزیر تعلقات کی مزید بہتری کا راستہ بھی ہموار ہوجائے گا.