پشاورپرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیر نگرانی اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے زیر اہتمام ہزارہ ریجن میل فی میل ٹیبل ٹینس کے دو روزہ ٹرائلز کا افتتاح ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے ساتھ الحاق شدہ گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز مانسہرہ میں ہوگیا, ٹرائلز کا افتتاح وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے کیا, اس موقع پر ان کے ہمراہ گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز مانسہرہ کے پرنسپل پروفیسر سید تصدیق حسین شاہ, کنٹرولر آف ایگزامینیشن سید عارف حسین شاہ, ڈائیریکٹر سپورٹس ہزارہ یونیورسٹی خالد جلال, چیف پراکٹر کالج ہٰذا شاہد منظور, پروفیسر اکرام الحق اور ہزارہ یونیورسٹی و کامرس کالج کے دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے, جبکہ آرگنائزنگ سیکرٹری و ڈائیریکٹر سپورٹس اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور علی ہوتی بھی دیگر آفیشلز کے ہمراہ موجود تھے ٹرائلز کے لیے کثیر تعداد میں میل و فی میل کھلاڑی آئے ہوئے تھے, انہوں نے رجسٹریشن کرکے ٹرائلز دیے, افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ ڈاکٹر محسن نواز نے اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور اور بالخصوص ہائیرایجوکیشن کمیشن کا بہت شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہزارہ ریجن کے سنٹر کے لیے ٹرائلز وینیو کا انتخاب گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز کا کیا, وائس چانسلر ڈاکٹر محسن نواز کے بقول ویسے تو پورا ہزارہ ریجن ٹیلنٹ کا گڑھ ہے لیکن گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز کے مضافات میں جتنا ٹیلنٹ ہے اسکی مثال نہیں ملتی, تقریب کے آخر میں گیم کے ارگنائزنگ سیکریٹری و ڈائریکٹر سپورٹس سلامیہ کالج پشاور علی ہوتی نے وائس چانسلر کے مصروف شیڈول کے باوجود افتتاحی تقریب کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا,
سوات منشیات کی روک تھام اورآگاہی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد
منشیات کی روک تھام اورآگاہی کے حوالے سے “نشے سے انکار زندگی سے پیار “کے عنوان سے بنڑسکول مینگورہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف گیسٹ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور کے علاوہ دیگر پولیس آفیسران، ایجوکیشن آفیسرز، سکول پرنسپل، اساتذہ، طلبہ ،عمائدین علاقہ، اودھیانہ سکاؤٹس اوپن گروپ سوات ممبرز اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی, سکول پہنچنے پرسکول انتظامیہ اور طلبہ نے ڈی پی او سوات کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف گیسٹ ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ نشہ نہ صرف انسان کو اخلاقی طور پر کمزور بناتا ہے بلکہ سماج سے الگ تھلگ کر دیتا ہے، اکثر نوجوان معاشرتی ردعمل اور نامناسب رہنمائی کی وجہ سے نشے جیسی لعنت میں مبتلا ہو کر اپنے اور اپنے خاندان کیلئے ذلت اور رسوائی کا سبب بن جاتے ہیں, طلبہ ور نوجوان نشے اور منشیات کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال کے خطرات کے بارے میں شعور و آگاہی اور اس کی روک تھام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے, طلبہ مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں اور منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی کریں, انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جاری آگاہی مہم اور کریک ڈاون میں سوات پولیس کا ساتھ دے کرکسی بھی سرگرمی کی بروقت اطلاع دیں تاکہ معاشرے سے منشیات جیسی لعنت کا خاتمہ کیا جاسکے، ڈی پی اونے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانا پولیس، والدین اور تعلیمی اداروں سمیت ہرشہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، منشیات کا شکار افراد سے دوری اختیار کرنے کی بجائے ہمدردی کا اظہار اور ان کی بحالی کے لیے اقدامات کریں، اس موقع پرسکول پرنسپل اکرم سید اوردیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے منشیات کے جسمانی و نفسیاتی نقصانات کے حوالے سے آگاہی دی، تقریب کے دوران طلبہ نے منشیات کے مضراثرات کے حوالے سے خاکہ پیش کرکے شرکاء سے داد وصول کی، تقریب کےآخر میں سکول انتطامیہ کیطرف سے ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور اور دیگر شرکاء کو اعزازی شیلڈ پیش کئیں گئیں۔
سیمینار کے اختتام کے بعد مینگورہ بازار میں “نشے سے انکار ذندگی سے پیار” کے حوالے سے اگاہی واک بھی کیا گیا۔
انٹر ریجنل والی بال چیمپئن شپ 22 دسمبر سے پشاور میں شروع ہوگی
؎ پاکستان آرمی اور ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2023-24 کے سلسلے میں انٹر ریجنل والی چیمپئن شپ 22 دسمبر سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگی جس میں خیبرپختونخوا کے تمام ریجن سمیت ڈائریکرٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا والی بال اکیڈمی شرکت کرے گی، اس سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس عبدالناصر نے بتایا کہ کورکمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات کی خصوصی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2023-24 کا انعقاد کیاجارہا ہے جس میں والی بال سمیت مختلف گیمز میں کھلاڑیوں کا انتخاب کیاجائیگا۔ اس سلسلے میں تمام ریجن میں ریجنل سپورٹس آفیسر کے زیرنگرانی ریجن ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیاگیا جو کہ صوبے کی سطح پر ریجن کی نمائندگی کرینگے۔ چیمپئن شپ 26 دسمبر تک جاری رہے گا جس میں کیمپ کیلئے بیس کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائیگا، جن کو پاکستان آرمی کی طرف سے ماہانہ 45 ہزار روپے چھ ماہ تک دیئے جائینگے جبکہ کیمپ کے بعد نیشنل چیمپئن شپ تک ماہانہ پندرہ ہزار روپے دیئے جائینگے۔۔پاکستان آرمی کی اِن کاوشوں کا مقصدملکی حالات میں مثبت تبدیلی لانا اور کھیلوں کے میدان کی رونقیں بحال کرنا ہے۔یہ اقدامات ایک صحت مند معاشرے کی جانب یقینا اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔جس سے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کامیابیوں کا لوہا منواسکیں۔