Election Commission has released new data of voters

الیکشن کمیشن نے ووٹرز کا نیا ڈیٹا جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ووٹرز کی کل تعداد 13 کروڑ ایک لاکھ 36 ہزار 311 ہو گئی ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 43 ہزار 472 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 92 ہزار 839 ہے۔

الیکشن کمیشن کےمطابق آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 40 لاکھ 93 ہزار 290 ہے جب کہ سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 73 لاکھ 25 ہزار 971 ہے جب کہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد 2 کروڑ 21 لاکھ 83 ہزار168 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں ووٹرز کی کل تعداد 54 لاکھ 39 ہزار 666 ہے اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 10 لاکھ 94 ہزار 216 ہے۔

الیکشن کمیشن کا بتانا ہےکہ 8 فروری کے انتخابات میں ووٹرزکی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار760 تھی جو اب 13 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔

More than 17 people died in accidents during stormy rains in Khyber Pakhtunkhwa and Balochistan

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے دوران حادثات میں17سے زائد افرادجاں بحق

 خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے دوران حادثات میں 17 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے اور نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ، ژالہ باری اور لینڈ سلائیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔بلوچستان میں آسمانی بجلی اور چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 10 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور بیس سے زائد گھروں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ خیبرپختونخوا میں تین بچوں سمیت 7 افراد لقمہ اجل بنے اور 10 زخمی ہوئے۔پسنی میں آبادیاں زیرآب آگئیں جبکہ گھر کی چھت اوراسکول کی دیوار گرگئی، بولان ندی میں طغیانی کے باعث پنجرہ پل کےمقام پر راستہ بند ہونے کے باعث سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ہرنائی اورگردونواح میں بارش اور ندی میں طغیانی سے ہرنائی کوئٹہ روڈ پر ٹریفک معطل ہیں۔4 گھنٹے کی مسلسل بارشوں نے گوادر کو ڈبو دیا، پسنی میں 90 ملی میٹربارش کے بعد سیلابی صورتحال ہے، اسکولوں، گھروں اوردکانوں میں پانی گھس گیا، آبادیاں زیرآب آگئیں جبکہ گھر کی چھت اوراسکول کی دیوار گرگئی۔پنجگورمیں طوفانی ہواؤں سے بجلی کےکھمبےگرگئے اور گھروں پرلگے سولر پینل بھی اکھڑ گئے۔خیبرپختونخوامیں بھی بارش،برف باری اورلینڈ سلائیڈنگ کے دوران حادثات پیش آئے اور مختلف اضلاع میں پندرہ مکانات کونقصان پہنچا۔خیبرپختونخوا میں بارش اور لینڈسلائیڈنگ سےدرجنوں مکانات تباہ ہوگئے اور دیواریں اورچھتیں گرنے سےمجموعی طور پر 84مکانات کونقصان پہنچا جبکہ اپر اور لوئر چترال کو جوڑنے والی شاہراہ لینڈسلائیڈنگ کےباعث بند ہے۔سوات میں کالام روڈ بند ہونے سےسیاح رل گئے جبکہ شانگلہ کی صورتحال بھی مختلف نہیں۔

kp round up

خیبرپختونخواراؤنڈاَپ

وصال محمد خان
رمضان المبارک کے بعدحکومتوں کوعیدالفطرپرامن وامان قائم رکھنے کی فکرلاحق ہوتی ہے۔ خوش قسمتی سے عیدپرخیریت رہی اورکوئی ناخوش گوار واقعہ رونمانہ ہوا۔البتہ عیدکے تین دنوں میں ٹریفک کے 5 سوحادثات اورڈوبنے کے11 واقعات میں چھ سو افرادزخمی جبکہ29جاں بحق ہوگئے۔ پابندی کے باوجودلوگ نہروں ،دریاؤں اورڈیموں میں نہانے سے بازنہ آئے جس کے نتیجے میں درجن بھر حادثات رونماہو ئے ۔ کنڈپارک کے مقام پردریائے سندھ میں کشتی ڈوبنے سے چارافرادجاں بحق ہوئے جبکہ بارہ کوبچالیاگیا۔ ملک بھرسے دولاکھ سیاحوں نے صوبے کے پر فضامقامات کارخ کیاجوشعبہء سیاحت کیلئے نیک شگون ہے۔صوبے کے اہم سیاسی راہنماؤں نے عیداپنے آبائی علاقوں میں گزاری جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے عیدکی نمازمیران شاہ میں اگلے مورچو ں پرتعینات فوجی جوانوں کیساتھ اداکی وزیراعلیٰ امین گنڈاپور اورمولانا فضل الرحمان نے ڈی آئی خان ،ایمل ولی خان اورآفتاب شیرپاؤنے چارسدہ جبکہ گورنرغلام علی نے گورنرہاؤس پشاور میں نمازعید اداکی۔ بعدازاں گورنرہاؤس کے دروازے عوام کیلئے کھول دئے گئے جہاں عیدکے دودن سیاسی کارکنوں،راہنماؤں،صحافیوں اورہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والوں کاتانتابندھارہا۔گورنرنے عیدکی مبارکباددینے کیلئے آنے والوں کاگرمجوشی سے استقبال کیا،چائے اور مٹھائی سے تواضع کی اورفراداًفرداًگلے ملے اس موقع پران کاکہناتھا کہ عیدنام ہی خوشیاں بانٹنے کاہے ۔
وزیراعلیٰ امین گنڈاپور نے مستحق خاندانوں میں صوبائی حکومت کاعیدپیکیج تقسیم کرنے کی ویڈیوزاورتصاویرسوشل میڈیاپروائرل ہونے کانو ٹس لیاہے انہوں نے حکومت اورپارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پرمتعلقہ افرادسے وضاحت طلب کی ہے اور برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ بعض سرکاری حکام ،حکومتی عہدیداروں اور منتخب نمائندوں کی جانب سے یہ عمل حکومتی پالیسیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے اس سے امدادحاصل کرنے والے مستحقین کی عزت نفس مجروح ہوئی ہے ان کاکہناتھاکہ صوبائی حکومت نے ایک شفاف عمل کے ذریعے آٹھ لاکھ مستحق افرادکورمضان پیکیج دیاپولیس شہداء کے ورثااورایک لاکھ سترہ ہزارسے زائد مستحقین کوعیدپیکج دیاگیامگراسکی تشہیرنہیں کی گئی میں نے بطوروزیراعلیٰ کسی تقریب میں شرکت نہیں کی۔حکومت نے رمضان پیکیج کاعلان بڑے شدومد کیساتھ کیاجس کیلئے ساڑھے سات ارب روپے مختص کئے گئے مگراس کیلئے جس شفافیت کادعویٰ کیاجارہاہے وہ مفقودہے ۔ عید اوررمضان پیکیجزپر سوالات اٹھ رہے ہیں امدادی رقم کی تقسیم کاعمل کسی طور شفاف قرارنہیں دیاجاسکتا مستحقین کاتعین نامعلوم طریقے سے کیاگیا۔ اورجن معدودے چندلوگوں کورمضان امداد کامستحق سمجھاگیاان میں اکثریت پی ٹی آئی کارکنوں کی رہی لسٹ میں نام سامنے آنے پرکئی معززین کوندامت کاسامناکرنا پڑا کیونکہ وہ خود زکواۃ دینے والوں میں سے ہیں جس سے پیکیجز کی شفافیت کابھانڈابیچ چوراہے پھوٹ پڑا۔آٹھ ارب روپے کی رقم ایک بڑی رقم ہوتی ہے حکومت اگریہ رقم شفاف طریقے سے تقسیم کرنے کیلئے پرعزم ہوتی تواس مقصدکیلئے ایس ایم ایس کا روایتی طریقہ اپنایاجا سکتا تھااسی طریقے سے پی ڈی ایم کی وفاقی حکومت نے گزشتہ رمضان میں مفت آٹاتقسیم کیاجونوے فیصدمستحقین تک پہنچاتھامگر صوبائی حکومت کے بڑے پیکیج سے مہنگائی کے مارے شہری بے خبراورمحروم رہے جس پر سوالات اٹھ رہے ہیں کہ یہ خطیررقم کہاں اور کس کودی گئی ؟مبینہ طورپر اس رقم کابڑا حصہ وکلاکی فیسوں اوردیگرغیرضروری مدات میں خرچ ہوچکا ہے ۔صوبائی حکومت نے ماہ اپریل کیلئے کفایت شعاری اقدامات پر مشتمل گائیڈلائنزجاری کردی ہیں جس کے تحت ہرقسم کی نئی اسامیوں کی تخلیق اورملازمتوں ،ایمبولینس،فائربریگیڈ،ٹریکٹرو ں، مسافربسوں اورقیدیوں کی گاڑیوں کے علاوہ ہرقسم گاڑیو ں کی خریداری ،سرکاری خرچ پرورکشاپس،سیمینا رزمیں شرکت اورعلاج پرپابند ی رہے گی کسی بھی محکمے یاادارے کواپنے اکاؤنٹ میں رقم رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔حکومت نے پنجاب حکومت کی نقالی میں دور دراز علاقوں کیلئے ائر ایمبولینس شروع کرنے کافیصلہ کیاہے جس پرعملدرآمدکیلئے متعلقہ حکام کوچار ماہ کاوقت دیاگیا ہے۔
وفاقی حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کے اندرایک تنازعے نے جنم لیاہے وفاقی وزیرامیرمقام کے بیٹے نیازمقام کوسینیٹ کاٹکٹ جاری ہونے پرپارٹی کے صوبائی ترجمان اختیارولی خان نے تنقید کی ہے جس کے جواب میں صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاویدعبا سی نے عمرے کے دوران ٹویٹ کیااختیارولی نے اسکا خاصابرامنایاان کاکہناتھاکہ مرکزی شوریٰ کاممبرہونے کے ناطے مجھے نوٹس مرکزی جنرل سیکرٹری جاری کر سکتاہے مجھے بتایاگیاکہ نوازشریف نے سینیٹ کاٹکٹ پیرصابرشاہ کودینے کافیصلہ کیاہے جس پرمیں دستبردار ہوامگرٹکٹ امیرمقام کے بیٹے کودیاگیاایک ہی گھرمیں تین وفاقی وزراتیں صوبے میں اپوزیشن لیڈراورسینیٹ کاٹکٹ دیگر کارکنوں کیساتھ زیادتی کے مترادف ہے مرتضیٰ جاویدعباسی نے مجھ پرالیکشن کیلئے پیسے لینے کاالزام لگایاہے درحقیقت ضمنی الیکشن میں مریم نوازنے مجھے قائد نوازشریف کے حکم پر پچاس لاکھ کاچیک پیش کیا جومیں نے شکرئے کیساتھ واپس کرتے ہوئے کہاکہ یہ میری طرف سے اپنی بہن کیلئے دوپٹہ ہے اس کی گواہی مریم نواز بھی دے سکتی ہے۔ اگرمجھ پرمزیدالزامات لگانے کی کوشش ہوئی توقانونی کارروائی کاحق محفوظ رکھتاہوں ۔جس پرمرتضیٰ جاویدعبا سی کاکہنا تھاکہ پارٹی امورپرسرعام تنقیدکی پاداش میں اختیارولی کوشوکازنوٹس جاری کرنے کافیصلہ ملتوی کیاگیاہے ان سے محض وضاحت طلب کی گئی ہے شوکازنوٹس اگرضروری ہواتومکمل قانونی عمل کے بعددیاجائیگا۔اختیار ولی نون لیگ کے مخلص اورمتحرک کارکن ہیں امیدہے قیادت ان کے تحفظات دورکرے گی ان جیسے کارکن پارٹیوں کاقیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔
اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے بلوچستان سے بلامقابلہ سینیٹرمنتخب ہونے پر حلف بھی اٹھالیاہے ۔پیپلزپارٹی کے وفدنے ولی باغ کادورہ کرکے ان سے ملاقات کی جس سے یہ تاثرابھراکہ شائداے این کوسینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کاعہدہ دیاجارہاہے۔ ایمل ولی نے عیدکے موقع پرمیڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم بہت جلدچیئرمین سینیٹ کوآزادبنچوں پربیٹھنے کیلئے درخوست دینگے ہم حکو مت یا اپوزیشن میں سے کسی فریق کاساتھ نہیں دینگے یہ عسکری حکومت ،اپوزیشن اورپارلیمنٹ ہے بلوچستان اورخیبرپختونخوامیں ایک سودس فیصد مارشل لاہے،اسلام آبادہائیکورٹ کے چھ ججزکاخط ٹوپی ڈرامہ ہے ،تحفظ آئین نامی اپوزیشن اتحادکوآئین اورپار لیمنٹ کی بالادستی سے کوئی سروکارنہیں اس اتحادکامقصدعمران خان کی رہائی اوراقتدارتک رسائی ہے،عمران خان اقتدارکیلئے دوبارہ کسی کوبھی باپ بناسکتے ہیں،پی ٹی آئی ایک لاش ہے اوراسکی تابوت میں آخری کیل لگ چکی ہے۔ ہم اپوزیشن سے پہلے ہی اپنی تحریک کاآغازکرچکے ہیں پی ٹی آئی نے عمران دورمیں صوبے کو محروم رکھااب محض سستی شہرت کیلئے حقوق کاراگ الاپ رہی ہے ۔

Mardan, Girls Higher Secondary School Khawaja Rishka was locked and closed by the owner

مردان، گرلز ہائیر سیکنڈری سکول خواجہ رشکہ کو مالک نے تالہ لگا کر بند کردیا

مردان خواجہ رشکہ  میں ایک نجی  گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کو مالک نے تالہ لگا کر بند کردیا۔ ہمیں کلاس فور نوکری نہیں دی جارہی۔مالک کا کہنا تھا کہ  6 سال ہوگئے ہیں اساتذہ ، پرنسپل اور کلرک تنخواہیں لے رہی ہے ۔مگر ابھی تک کلاس فور بھرتی نہیں ہوئے ۔زمین کا 6 سالہ رینٹ بھی حکومت کو بقایا ہے۔ زمین مالک نے سکول انتظامیہ اور طلباء کو سکول سے نکال دیا۔ مردان ضلعی انتظامیہ،  میئر مردان سے بار بار مذاکرات ہوئے مگر ناکام رہے۔ خواجہ رشکہ اور ملحقہ علاقوں کے طالبات پر تعلیم کے دروازے بند۔زمین مالک نے بتا یا کہ  جب تک ہمیں کلاس فور نوکری نہیں دی جاتی تب تک سکول بند رہے گا ۔

Khyber Pakhtunkhwa: Flood situation in various rivers due to recent rains

خیبر پختو نخوا حالیہ بارشوں کے باعث مختلف دریاوں میں سیلابی صورتحال

نوشہرہ خیبر پختون فلڈ سل ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ نے تفصیلات جاری کردی ۔دریائے کابل میں ورسک کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب پانی کا بہاو 42619 کیوسک ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب۔ پانی کا بہاو 1لاکھ 6 ہزار کیوسک ہے،دریائے پنجگوڑہ دیر کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب پانی کا بہاو 64028 کیوسک ہے۔دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب، پانی کا بہاو 52291 کیوسک ہے۔ دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاو نارمل ہے، پانی کا بہاو 11726 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔دریائے سوات منڈا ہیڈ ورکس میں اونچے کا درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاو 96000 کیوسک ہے۔ صوبے کے باقی دریاوں میں کہی پر نچلے درجے کا سیلاب ہے تو کہی پر معمول کے مطابق پانی کا بہاو جاری ہیں۔

Meeting with Pakistani scholars on the arrival of the Secretary General of Kontakt Alam-e-Islami to Pakistan

رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد پر پاکستانی علماء کرام سے ملاقات

رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم کی پاکستان آمد اور پاکستانی علماء کرام سے ملاقات کی ۔ تقر یب کا انعقاد پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی رہائش گاہ پر کی گئی ۔تقریب میں سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے شرکت کی۔سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی اور معزز وفد کو خوش آمدید کہا۔تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے مولانا فضل الرحمان نے کہا میں اپنے معزز سعودی سفیر استاد نواف بن سعید المالکی کی اس بابرکت تقریب کے انعقاد پر شکر گزار ہوں۔پاکستانی علماء نے مسلمانوں کی بیداری میں نمایاں ترین کردار ادا کیا ہے۔پاکستان کے ایوان بالا اور ایوان زیریں میں علماء کی نمائندگی موجود ہے جو بغیر کسی تفریق کے تمام طبقات اور مکاتب فکر کی آواز ہے۔پاکستانی علماء کی زیر نگرانی دسیوں ہزار مدارس مسلک اعتدال اور سلف صالحین کے منھج کے مطابق کام کررہے ہیں۔پاکستانی علماء کا مملکت عربیہ سعودیہ کے ساتھ قدیم روحانی اور برادرانہ تعلق ہےمولانا فضل الرحمان نےمزید بتا یا کہ فلسطینی بھائی جس وحشیانہ صہیونی بربریت کا سامنا کررہے ہیں اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔صہیونی اسرائیل کو عالمی قوتوں کی سرپرستی حاصل ہے ۔جہاں انسانی حقوق کو پامال کرکے بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو قتل کیا جارہا ہے۔فلسطینی صورتحال ہم سے وحدت کا تقاضا کررہی ہے اور پوری امت مسلمہ اس سلسلے میں مملکت سعودیہ کی طرف دیکھ رہی ہے۔

Speaker Sardar Ayaz Sadiq chaired the meeting of the National Assembly today at five o'clock in the evening

اسپیکر سردار ایاز صادق  کی زیر صدارت  قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام پانچ بجے ہوگا

سات نکاتی ایجنڈا جاری اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار  آرڈیننس 2024 ایوان میں پیش کریں گے۔این ایف سی ایوارڈ پر عملدرآمد کی پہلی ششماہی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے گی ۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ الیکشن کمیشن  کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2022 ایوان میں پیش کریں گے۔ بھارت کی جانب سے دریائے راوی پر شاہ پور کنڈی بیراج کی حالیہ تکمیل پاکستان کی طرف آبی جارحیت کے بارے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا۔ملک بھر میں یوریا کھاد کی کمی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

Acting Chief Justice of Peshawar High Court Ishtiaq Ibrahim took the oath of office

پشاور ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پشاور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کا تعلق پشاور سے ہی ہے۔انہوں نے 1992ء میں خیبر لاء کالج پشاور سے ایل ایل بی کیا۔قائم مقام چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم 1999ء سے 2000ء تک اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل رہے۔وہ 2008ء سے 2010ء تک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

kp round up

وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایات پر تمام اتھارٹیز و ٹورازم پولیس عید پر فعال رہی

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی ہدایات پر تمام اتھارٹیزاور ٹورازم پولیس عید پر فعال رہی۔ محکمہ سیاحت اور خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی نے رپورٹ جاری کر دی۔ پانچ دنوں میں 5 لاکھ 83 ہزار سے زائد سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔ گزشتہ سال عید کے پانچ دنوں میں 1 لاکھ 25 ہزار سے زائد سیاح آئے تھے۔سب سے زیادہ 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد سیاح گلیات آئے۔ مالم جبہ میں 1 لاکھ 51 ہزار900 جبکہ وادی کمراٹ میں 92 ہزار سیاح پہنچے۔ناران کاغان میں 77 ہزار سے زائد سیاح سیروتفریح کیلئے آئے۔ وادی چترال میں 24 ہزار سے زیادہ سیاح لطف اندوز ہوئے۔عید کی تعطیلات کے دوران ٹورازم ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے فعال رہی۔ عید پر محکمہ سیاحت کے زیر انتظام تمام اتھارٹیز نے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کیں۔ خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کی ٹورازم پولیس نے بھی سیاحتی مقامات پر ڈیوٹی دی۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے گزشتہ 2 روز سے تیز بارشوں کے باعث صوبہ میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری

 صوبہ خیبرپختونخوا میں پچھلےدو روز میں تیز بارش کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 7 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 بچے 2 مرد اور ایک خاتون جبکہ زخمیوں میں 4 خواتین ، 5 مرد اور 1 بچہ شامل ہیں۔تیز بارشوں سے مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 84 مکانات کو نقصان پہنچا ۔جس میں 15 گھروں کو مکمل جبکہ 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ تیز بارش کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع دیر اپر و لوئر، چترال لوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مھمند، اور مالاکنڈ میں رونما ہوئے ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا۔

لوئر چترال کے متاثرین کیلئے پی ڈی ایم اے کے وئیر  ہاوس سے 200 خیمے بھی روانہ کر دئیے گئے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو  اضلاع میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت۔-چترال لوئر میں کئ بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ۔مذید بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لئے بحال کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری۔پی ڈی ایم اےتمام ضلعی انتظامیہ اور  امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل  رابطے میں ہے ۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔