وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جی 24 اجلاس میں شرکت کے ساتھ ورلڈ بینک کے صدر جے بنگا اور سعودی وزیر خزانہ سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ واشنگٹن میں وزیر خزانہ کی ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان 10 سال کیلئے رولنگ کنٹری فریم ورک پلان کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ عالمی بینک کے صدر نے پاکستانی معیشت کے استحکام اور ٹیکس بڑھانے کے پروگراموں کی بھی حمایت کی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےسعودی ہم منصب محمد الجدعان سے بھی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔محمد اورنگزیب نے جی 24 کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز کے اجلاس میں بھی شرکت کی ۔جہاں انہوں نے نجی شعبے میں مزید سرمایہ کاری لانے اور ملک کو موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد کیلئے “ایڈاپٹیشن فنڈ” سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے اعلامیہ میں گروپ کی جانب سے ترقی پذیر ممالک کیلئے دستیاب فنانسنگ کو بڑھانے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔وفاقی وزیرخزانہ نےانٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی ایم سی ٹی کی علاقائی نائب صدر ہیلا چیخروہو سے بھی ملاقات کی جس میں ترسیلاتِ زر کے فروغ، کان کنی، ہوائی اڈوں جیسے ترجیحی شعبوں میں آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیر خزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگو اسکاوا سے بھی ملاقات کی جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں رعایتی فنانسنگ اور مستقبل کے منصوبوں پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سی ای او، ڈی ایف سی اسکاٹ ناتھن سے بھی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں ڈی ایف سی کی سرمایہ کاری میں توسیع پر تبادلہ خیال کیا گیا-اس موقع پر وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے اقدامات کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفد کے ہمراہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے نئے بیل آؤٹ پیکیج کے حصول کیلئے مذاکرات کرنے کے سلسلے میں واشنگٹن میں موجود ہیں۔اس سے قبل واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف حکام سے مثبت بات چیت ہوئی ہے، ٹیکس کلیکشن میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ریفارم ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی، آئی ایم ایف سے قرض توسیع پروگرام پر بات چیت کا پلان ہے، نجی شعبے میں تجربے کو معاشی استحکام کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی 10 فیصد ناکافی ہے اسے 15 فیصد تک لے جانا پڑے گا اور انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی کو بھی 15 فیصد تک لے جانا ہوگا۔
زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح
زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں گرین یوتھ موومنٹ کلب نے ‘مون سون شجرکاری مہم 2024کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ اور رجسٹرار عبدالباسط خان نے پودا لگا کر کر لیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اُن کی کوشش ہے کہ وہ پوری یونیورسٹی کو درختوں سے بھر دیا جا ئے کیونکہ کہ آکسیجن کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا گلوبل وارمنگ کی زد میں ہے اور ماحولیاتی تبدیلیاں پوری دنیا میں رونما ہورہی ہیں۔جن علاقوں میں درخت زیادہ ہیں وہاں اوسطا زیادہ بارشیں ہوتی ہیں۔اس موقع پر فوکل پرسن گرین یوتھ موومنٹ کلب زرعی یونیورسٹی اور دیگر تمام شعبوں کے سربراہان نے یونیورسٹی میں سایہ دار، پھل دار اور پھول دار پودے لگائے۔اس کے علاوہ نے طالبات نے بھی مزکورہ مہم میں بھرپور حصہ لیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کہا کہ گرین یوتھ کلب پرائم منسٹر پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام ایک پروگرام ہے جس کا مقصد پاکستان کو سرسبز و شاداب اور صاف ستھرا بنانا ہے۔
بارشوں کے باعث دبئی ائر پورٹ پر پروازوں کا سلسلہ معطل
ایمرٹس ائیرلائن نے دبئی میں خراب موسم اور سڑکوں کی صورتحال کی وجہ سے آج رات 12 بجے تک اپنے چیک ان کاوئنٹر بند کردیے۔دبئی ائیرپورٹ حکام نے بتایا کہ دبئی سے ایمرٹس میں سفر کا آغاز کرنے والے مسافروں کی فلائٹس منسوخ کردی گئی ہیں۔خراب موسم اور سڑکوں کی صورتحال کے باعث آپریشنل چیلنجز درپیش ہیں۔ائیرپورٹ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ دبئی ائیرپورٹ آنے کی زحمت نہ کریں۔ فلائٹ آپریشن کی بحالی میں غیرمعمولی چیلنجز درپیش ہیں جس کے باعث فلائٹس آپریشن کی بحالی میں وقت لگے گا۔واضح رہےکہ دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔متحدہ عرب امارات میں دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت دیگر ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئے ہیں۔حکام نے سکولوں کو آن لائن کلاسز اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دبئی، شارجہ اور ابو ظہبی سمیت متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں میں طوفانی بارشوں نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ منگل کو ہونے والی بارشوں کے سبب جہاں سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا وہیں فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ دبئی پولیس نے پبلک سیفٹی الرٹ جاری کر رکھا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات نے بدھ کو مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
خیبرپختونخوا میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کل سے شروع ہونگے
بارشوں کے باعث اپر اورلوئر چترال میں 18،19اور 20اپریل کو ہونے والے پرچے ملتوی ۔چترال میں ملتوی شدہ پرچوں کیلئے نیا شیڈول امتحان کے بعد جاری کیا جائیگا۔ جبکہ خیبرپختونخوا میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کل سے شروع ہونگے ۔چیئرمین پشاور تعلیمی بورڈ کی جانب سےاعلامیہ جاری
حالیہ بارشوں کے بعد لوئر چترال میں روڈ کلئیرنس آپریشن جاری
صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں حالیہ بارشوں کے بعد ضلع لوئر چترال میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان صاحب کی ہدایات پر روڈ کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر خود روڈ کلئیرنس اپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ایون بمبوریت لنک روڈ سے سلا ئڈ نگ ہٹانے کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو 1122 اور KVDA کی مشینری روڈ سے سلائڈنگ کا ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔ ایڈیشنل اے سی ہیڈ کوارٹرز عدنان حیدر ملوکی موقع پہ موجود ہیں۔