ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس یونیورسٹی کے زیراہتمام وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل ہینڈ بال لیگ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ پشاور یونیورسٹی گراؤنڈ پر گزشتہ روز کھیلے گئے لیگ میچز میں پنجاب گرین نے بلوچستان گرین کو 33-17 اور سندھ نے فیڈرل کو 11-8 شکست دیدی۔ کے پی گرین نے سندھ گرین کو 12کے مقابلے 37،پنجاب گرین نے فیڈرل گرین کو8 کے مقابلے میں 45،کے پی وائٹ نے سندھ وائٹ کو 14کے مقابلے میں 20،پنجاب وائٹ نے کے پی وائٹ کو 12 کے مقابلے میں 37گول سے شکست دی ۔جبکہ بلوچستان وائٹ اور فیڈرل وائٹ کی ٹیموں کے درمیان میچ 18-18گول سے برابر رہے۔ اس موقع پر صوبائی ہینڈ بال ایسوسی ایشن کے صدر اور ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحر کرم، ایڈیشنل رجسٹرار ڈاکٹر نورزادہ،عبدالرشید انور، احسن خان، سجاد خان،پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کے عہدیداران اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
خیبرپختونخوانڈر23 گیمز، خواتین مقابلوں میں پشاور ریجن کی برتری
خیبرپختونخوا انڈر 23 گیمز میں خواتین کے مقابلے چارسدہ اور پشاور میں جاری ۔بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے گراؤنڈ پر کھیلے گئے اتھلیٹکس کے جیولن تھرو میں ہزارہ ریجن اور شاٹ پٹ میں مردان ریجن نے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ جوڈوو میں ہزارہ نے دو گولڈ میڈل،پشاور اور کوہاٹ نے ایک ایک گولڈ میڈل جیتا ۔ کرکٹ کے مقابلوں میں پشاور اور کوہاٹ کی ٹیموں نے میچز جیت لئے۔بیڈمینٹن میں ہزارہ، بنوں، مردان اور پشاور نے اپنے اپنے میچ جیتے ۔ٹیبل ٹینس کے ایونٹ میں پشاور ، ہزارہ اور بنوں نے برتری حاصل کرلی ۔ ہاکی میں بھی ہزارہ ریجن،پشاور اور مردان نے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نرسز ڈے کے حوالے سےتقریب کا انعقاد
پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نرسنگ سٹاف کی اعلیٰ خدمات کو سراہنے اور ان کی حوصلہ فزائی کے لیے نرسز ڈے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں پی آئی سی کے چیف ایگزیکٹیو میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ ،ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر نعمت شاہ سمیت ہسپتال کے سنیئر فیکلٹی ،مینجمنٹ اور نرسز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کو گزشتہ ماہ علالت کے باعث وفات پانے والے نرس کے نام کیا گیا ۔جبکہ نرس محمد ابرار کو یاد کر کے تقریب سادگی سے منائی گئی۔اس موقع پر پی آئی سی کے ڈائریکٹر نرسنگ افسر داد نے نرسنگ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔تقریب میں نرسز سے انسانیت کی خدمت اور پی آئی سی میں آنے والے مریضوں کی بہترین دیکھ بھال اور خدمات پر حلف بھی لیا گیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہکار احمد شاہ کا کہنا تھا کہ نرسنگ شعبہ صحت میں ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہے۔نرسز کا کردادر ہر شعبے میں لا زوال ہے جو ہر وقت اپنی ذاتی زندگی اور معاملات کو چھوڑ کر انسانیت کی خدمت میں صرف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں نرسز کے کردار پر فخر ہے جن کے باعث یہاں آنے والے مریضوں کو بہترین خدمات مل رہی ہیں اور اسی وجہ سے پی آئی سی کو الگ مقام حاصل ہے۔ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نعمت شاہ نے کہا کہ دنیا بھر میں حالات جیسے بھی ہوں چاہے جنگ ہوں یا کوئی وبائی صورتحال نرسز ہمیشہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنا آپ وقف کر کے لوگوں کی امید کا محور بنتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ دیگر شعبوں کی طرح نرسز کو بھی سول اعزازات سے نوازا جائے جس سے ان کی انسانیت کی خدمت کا جذبہ مزید بڑھے گا۔ تقریب میں نرسز کی حوصلہ افزائی کے لئے نرسز کو مختلف کیٹیگریز میں شیلڈز اور انعامات دیے گئے ۔ بہترین ٹیم لیڈ کےطور پر ڈائریکٹر نرسنگ افسر داد اور مینجر نرسنگ نازک بی بی کو اعلی کارکردگی شیلڈ سے نوازا گیا ۔ جبکہ 3 اسسٹنٹ مینجر 15 ہیڈ نرس،ریپڈ رسپانس ٹیم کے 4 نرسز،انفیکشن کنٹرول یونٹ کی 2 نرسز کو اچھی کارکردگی پر سرٹیفیکیٹس دیے گئے جبکہ مختلف وارڈز اور یونٹ میں بہترین کارکردگی اور بروقت رسپانس پر 10 ٹیم لیڈ نرسز اور 18 دیگر نرسز کو نرسز آف دی ائیر کے ایوارڈ دیے گئے۔
ایل پی جی کی قیمت میں 70 روپے کلو تک کی کمی
پاکستان میں ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز عرفان کھوکھر کے مطابق ملک میں ایل پی جی کی قیمت 250 روپے سےکم ہو کر 180 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں 60 سے 70 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب آئل اینڈ گیس کانفرنس سے خطاب کرتے چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا پاکستان میں ایل پی جی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور آئندہ 5 برسوں میں ملک میں ایل پی جی کا استعمال بہت زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
تین روزہ اورکزئی سپرلے میلہ 7 جون سے خراشہ خوا ستوری خیل ضلع اورکزئی میں شروع
وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت،آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا زاہد چن زیب کی ہدایات پر تین روزہ اورکزئی سپرلے میلہ 7جون سے شروع ہوگا۔جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کیساتھ ساتھ مقامی روایتی کھیل، انٹرمدارس گیمزسمیت مختلف ریس مقابلے، کبڈی اور بہت کچھ فیسٹیول کا حصہ ہوگا۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، ٹورازم ونگ برائے ضم شدہ اضلاع، ضلعی انتظامیہ اورکزئی اور پاک آرمی کے تعاون سے تین روزہ سپرلے میلہ (اورکزئی جشن بہاراں) 7 جون سے خراشہ خوا ستوری خیل ضلع اورکزئی میں شروع ہوگا ۔جس کی اختتامی تقریب 9جون کو منعقد ہوگی۔ فیسٹیول میں چاروں صوبوں کے ثقافتی سٹالز سمیت ثقافتی کھانے کی اشیاء، کھیلوں کے مقابلوں میں رشہ کشی، روایتی کشتی، ٹرک پولنگ، ٹریکٹر پولنگ، سٹون لفٹنگ، ماس ریسلنگ،کبڈی، جیپ ریس، سائیکل ریس،بائیک ریس،کراس کاؤنٹری ریس، پیراگلائیڈنگ، آرچری، مقامی روایتی کھیل، کرکٹ، فٹبال، والی بال، انٹرمدارس والی بال، انٹر سکول کرکٹ لیگ سمیت ثقافتی شو میں محفل موسیقی، روایتی ڈانس پرفارمنس شامل ہے۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے اورکزئی میلے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اورکزئی میں کلایہ، سمانہ ٹاپ، گلستان قلعہ، فیروز خیل، زیڑہ، لنڈوک، نناوڑ غار، توئی خلہ آبشار اور سپینکئی سمیت کئی سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے کھولے گئے ہیں ۔جس کا مقصد اورکزئی میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں جشن بہاراں میلے کے انعقاد کا مقصد یہاں کے لوگوں کو سیاحتی و ثقافتی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے علاوہ سیاحوں کو اس جانب راغب کرنا ہے تاکہ یہاں سیاحت کے فروغ کیساتھ ساتھ مقامی افراد کا روزگار اور معیشت مضبوط ہو سکے۔ مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی ہدایات پر سمانہ اورکزئی کے مقام پر کیمپنگ پاڈز بھی نصب کردیئے جائینگے اور اورکزئی ریزورٹ بھی سیاحوں کیلئے کھول رہے ہیں۔ جس سے سیاح یہاں پر آرام دہ رہائش کیساتھ ساتھ دلکش مناظر سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔
پشاور : محکمہ اعلی تعلیم نے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا
محکمہ اعلی تعلیم کا تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیز کالجز میں موسم گرما تعطیلات کا اعلان کر دیا ۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا۔میدانی علاقوں (سمر زون) میں 15جون سے 31اگست تک تعطیلات ہونگی۔بالائی علاقوں (ونٹر زون) میں کالجز یونیورسٹیوں میں یکم جولائی سے 31جولائی تک چھٹیاں ہونگی ۔ پہلے سے مقررہ امتحانات شیڈول کے مطابق ہونگے ۔