لکی مروت سب ڈویژن بیٹنی پاک فوج کے مقامی یونٹ کمانڈر نے لکی مروت کے علاقے شادی خیل بیٹنی میں مقامی ملک مشران کے ساتھ ایک امن جرگہ منقعد کیا۔جرگے میں ایس ڈی بیٹنی کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور بالخصوص شادی خیل گاؤں کے درپیش مسائل کے بارے میں مقامی لوگوں اور قومی مشران کے ساتھ بات چیت کی گئی۔ مقامی لوگوں کی غیر اطلاعاتی نقل و حرکت سے متعلق مسئلہ پر توجہ دی گئی۔مقامی لوگوں سے کہا گیا کہ وہ رات 9بجے کے بعد علاقے میں بغیر اطلاع سفر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سیکورٹی فورسز کو جلد اطلاع دیں۔مقامی یونٹ کمانڈر نے قومی مشران کو یقین دلایا کہ پاک فوج مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کیلئے سماجی اور معاشرتی منصوبے جیسے کہ فری میڈیکل کیمپ، کمیونٹی پارکس کی تعمیر، راشن کی تقسیم، طلباء کے مطالعاتی دورے وغیرہ جاری رکھے گی۔مقامی لوگوں نے ان کے مسائل کے بارے میں پوچھنے اور ان کے ساتھ باقاعدگی سے بات چیت کرنے پر فوج کا شکریہ ادا کیا۔
ضلع کرم میں عسکریت پسندی کے خلاف عوام کا امن مارچ
ضلع کرم میں عسکریت پسندی کے خلاف عوام کا امن مارچ ، حکومت سے عوام کی جان و مال کی حفاظت اور عسکریت پسندی کو روکنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ ، عوام نے امن کیلئے سفید جھنڈے لہرا دیئے۔
ضلع کرم کے علاقہ وسطی کرم میں عمائدین نے سفید جھنڈے اٹھا کر امن مارچ کیا اور دہشت گردی کی لہر دوبارہ آنے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا عمائدین نے بچوں کے ہمراہ مختلف شاہراہوں پر امن واک کیا اور امن کی حمایت میں نعرے لگائے واک کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امن کے حوالے سے نعرے درج تھے اس موقع پر اپنے خطاب میں ملک پٹھان ، عمر چمکنی ، ملک حیات ، مولانا محمد الی اللہ جان ، مولانا عبدالغفور اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ضلع کرم میں عسکریت پسندی کے نتیجے میں ہزاروں لوگ بے گھر اور ہزاروں شہید اور زخمی ہوگئے لاکھوں لوگ اپنے علاقوں میں محصور ہوکر رہ گئے اب ایک بار پھر عسکریت پسندی کے آثار نظر آرہے ہیں اور مختلف علاقوں میں مسلح لوگوں کی موجودگی کے بھی اطلاعات ہیں جو کہ انتہائی تکلیف دہ اور تشویش ناک ہے رہنماؤں نے کہا کہ ضلع کرم میں ہماری نسلیں بدامنی میں جوان ہوگئے جو کہ حکومت اور ذمہ دار اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے عمائدین نے اعلان کیا کہ بدامنی کے واقعات شروع ہوئے تو وہ ضلع کرم اور ملک کے دیگر علاقوں میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے اور احتجاجی دھرنے دیں گے عمائدین نے کہا کہ ان کا جرم کیا ہے کہ ضلع کرم میں بار بار بدامنی کے واقعات پیش آرہے ہیں اور ملی ٹینسی سر اٹھا رہی ہے اپنے خطاب میں ملک نور محمد اور ملک پٹھان نے کہا کہ ضلع کرم کے مقامی قبائل پر امن ہیں وہ امن چاہتے ہیں فورسز دوسرے علاقوں سے ضلع کرم داخل ہونے والے دہشت گردوں کا راستہ روکنے کیلئے اقدامات اٹھائیں کیونکہ عوام مزید لاشیں اٹھانے اور لڑائی جھگڑوں کے متحمل نہیں ہو سکتے عمائدین کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ عوام امن کیلئے یک آواز ہوکر متحد ہو جائیں اور عسکریت پسندی کے نئے لہر کا راستہ روکیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج انڈیا بمقابلہ آئرلینڈ میچ شام 7:30 بجے شروع ہوگا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں آج ایک ہی میچ ہوگا ، انڈیا بمقابلہ آئرلینڈ شام 7:30 بجے شروع ہوگا اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہِ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔
آج ناساو کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی20 ورلڈ کپ کے اپنے ابتدائی میچ میں بھارت کو آئرلینڈ کو شکست دینے کا قوی امکان ہے۔ تاہم، آئرلینڈ اپنے تجربہ کار بولنگ اٹیک اور مڈل آرڈر بلے بازوں کے ساتھ ایک بڑا کارنامہ انجام دینے کی کوشش میں ہوگا۔
پاکستان میں سونے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق اس اضافے کے بعد سونے کے فی تولہ نرخ 2 لاکھ 41 ہزار روپے ہو گئے ہے۔10 گرام سونے کے نرخ 600 روپے بڑھ گئے جس سے 10 گرام سونے کا ریٹ 2 لاکھ 6 ہزار 619 روپے ہو گیا ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا دورہ چین
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنے پانچ روزہ دورہء چین کے پہلے مرحلے کیلئے شینزن پہنچ گئے ہیں۔وزیرِ اعظم کا شینزن ہوائی اڈے پر اعلی چینی حکام، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ، پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی اور اعلی سفارتی اہلکاروں نے پرتپاک استقبال کیا۔وزیرِ اعظم سے آج چین کی کمیونسٹ پارٹی کے شینزن کیلئے سیکریٹری مینگ فینلی ملاقات کریں گے جس میں چین پاکستان تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوگی۔وزیرِ اعظم کل پاک چائنہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و شراکت داری کیلئے فورم ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا. وزیرِ اعظم کی معروف چینی ہائی ٹیک کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔پاکستانی وفد میں معروف پاکستانی کاروباری شخصیات سمیت نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان اور وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ بھی شریک ہیں۔