Khyber Pakhtunkhwa Judicial Academy conducts three-day training visit

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے زیر تربیت ججز کا تین روزہ تربیتی دورہ

خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور میں زیر تربیت سول ججز/جوڈیشل مجسٹریٹس /علاقہ قاضیوں کو وفاقی جوڈیشل اکیڈمی ، وفاقی شریعت کورٹ اور شریعہ اکیڈمی اسلام آباد کا تین روزہ تربیتی دورہ کرایا گیا ۔جس کا مقصد زیر تربیت ججوں کی عدالتی امور سے متعلق معلومات اور تجربہ میں اضافہ کرنا تھا جو کہ ان کی تربیتی کورس کا حصہ تھا۔ ڈین فیکلٹی خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی پشاور، ضیاء الرحمان کی سربراہی میں ڈائریکٹر انسٹرکشنز واجد علی اور ایڈمن آفیسر ساجد امین بھی زیر تربیت ججز کے ہمراہ تھے۔ پانچ ہفتوں پر مشتمل قبل از ملازمت تربیتی پروگرام کے سلسلہ میں زیر تربیت ججز کو تربیتی دورہ کے پہلے دن فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کرایا گیا ، جہاں قائمقام ڈائریکٹر جنرل فخرزمان اوردیگر افسران نے شرکاء تربیت کا استقبال کیا اور انہیں فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اس موقع پر ڈین فیکلٹی جوڈیشل اکیڈمی پشاور ضیاء الرحمان نے خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے مقاصد ، انتظامی ڈھانچے اور کام، مختلف شعبوں اور دستیاب سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔بعد میں زیر تربیت ججز کو”پریزنٹیشن سکلز” اور”مصنوعی ذہانت یعنی آرٹی فیشل انٹیلی جنس” کے موضوعات پر فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے تربیت کاروں نے لیکچرز دیئے جبکہ اختتامی تقریب میں دونوں اداروں کی جانب سے سوینئر ز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
تربیتی دورہ کے دوسرے دن، زیر تربیت ججز کو فیڈرل شریعت کورٹ کا دورہ کرایا گیا جہاں سینئر ڈائریکٹر شعبہ تحقیق و اشاعت مطیع الرحمان نے ان کا استقبال کیا اور زیر تربیت ججز نے فیڈرل شریعت کورٹ کے قیام، مقاصد اور تاریخی فیصلوں کے بارے میں معلوماتی بریفنگ حاصل کی، جس میں اسلامی قانون اور پاکستان کے قانونی فریم ورک میں اس کے اطلاق کے بارے میں آگاہی حاصل کیا۔اس موقع پر فیڈرل شریعت کورٹ کے جج جسٹس محمد انور شاہ کے ساتھ زیر تربیت ججز کا انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں اسلامی قانون کی تشریح میں وفاقی شریعت کورٹ کے کردار کے بارے میں زیر تربیت ججز کے علم میں مزید اضافہ ہوا۔ اکیڈمی کی جانب سے ڈین فیکلٹی نے جسٹس محمد انور شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اکیڈمی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ بعد میں تربیتی دورہ کے سلسلہ میں شریعہ اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کرایا گیا جہاں زیر تربیت ججزنے شریعہ اکیڈمی کے مقاصد، ڈھانچے اور سرگرمیوں کے بارے میں ایک جامع بریفنگ حاصل کی۔ اس معلوماتی سیشن نے اسلامی فقہ کو فروغ دینے میں شریعہ اکیڈمی کے کردار اور جدید قانونی طریقوں سے اس کی مطابقت کے بارے میں قیمتی بصیرت فراہم کی۔ بعد میں دونوں اکیڈمیوں کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا، جس سے تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے جذبے کو فروغ ملا۔

1st Mardan Open Chess Tournament concludes on a high

پہلا مردان اوپن چیس ٹورنامنٹ شاندار اختتام پذیر ہوگیا

 پہلا مردان اوپن چیس ٹورنامنٹ شاندار اختتام پذیر ہوگیا، جس میں ملک بھر سے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ مردوں کے مقابلے میں اختر حسین چمپئن قرار پائے، جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں فریحہ صدیق نے کامیابی حاصل کی۔ جونئیر کیٹیگری میں راجہ حاتم الرحمن فاتح رہے,تقریب میں مہمان خصوصی ایم پی اے طارق ہریانی اور ڈپٹی کمشنر مردان بہزادعادل نے کھلاڑیوں کو ٹرافیاں دیں,جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مردان کامران خان، صوبائی چیس ایسوسی ایشن کے صدر عمر خان، سیکرٹری کاشف سلیم اور ڈی ایس او سعید اختر بھی موجود تھے۔

صوبائی چیس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ اس میگا ایونٹ میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت ملک بھر سے بڑی تعداد میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ مردوں کے مقابلوں میں اختر حسین نے پہلی، احمد نبیل جاوید نے دوسری اور سلمان علی خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ احمد سنیر ندیم چوتھے، خورشید مغل پانچویں اور کامران خان چھٹے نمبر پر رہے۔ خواتین کی کیٹیگری میں فریحہ صدیق نے گولڈ جبکہ عاصمہ رحمن نے سلور میڈل جیتا۔ جونئیر کیٹیگری میں راجہ حاتم الرحمن نے چمپئن ٹرافی اپنے نام کی، حسین حامد دوسرے، محمد وجدان تیسرے اور عابدہ منظور چوتھے نمبر پر رہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر مردان بہزادعادل نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، اور نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شطرنج جیسے کھیل نوجوانوں کی ذہنی نشوونما اور مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ صوبائی چیس ایسوسی ایشن کے صدر عمر خان نے کہا کہ وہ صوبے میں چیس کی ترقی کے لیے بھرپور کام کر رہے ہیں اور اس قسم کے ایونٹس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے چیس چمپئن شپ کے انعقادمیں اسسٹنٹ کمشنر کامران خان نے کلیدی رول پلے کیاہے۔کامران خان خودبھی چیس کے بہترین کھلاڑی ہیں۔

Peshawar: Dengue prevention: Awareness workshop held

پشاور: ڈینگی سے بچاؤ: آگاہی ورکشاپ کا انعقاد

پشاور انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پِمز) اور پاک انٹرنیشنل میڈیکل کالج (پِمک) میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے ایک اہم آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظرعوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی۔ ورکشاپ میں ما ہرین صحت نے بھی شرکت کی۔ جن میں باچا خان میڈیکل کالج کے شعبہ عوامی صحت اور کمیونٹی میڈیسن کے چیئرمین ڈاکٹر افتخار الدین، پِمز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق صافی، پِمز کے پرنسپل اور ڈین پروفیسر ڈاکٹر امین جان خان، اور سابق سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر مہرتاج روغانی شامل تھے۔ افتتاحی تقریر میں پروفیسر ڈاکٹر امین جان خان نے ڈینگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر عوامی آگاہی کی اشد ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “ایسی ورکشاپس ڈینگی کے خلاف ہماری جنگ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، خاص طور پر جب یہ بیماری عروج پر ہو۔” انہوں نے صحت کے ماہرین اور کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے فعال طور پر اقدامات کریں تاکہ عوامی صحت کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

ڈاکٹر افتخار الدین نے بیماری کی ممکنہ سنگینی پر روشنی ڈالی اور اس کے تدارک کے لیے احتیاطی تدابیر کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ ڈینگی ایک سنجیدہ خطرہ ہے اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔” بروقت کارروائی اور کمیونٹی کی آگاہی ہی اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔ ورکشاپ میں بیماری کی علامات کی شناخت، مچھر کی افزائش کے مقامات کو ختم کرنے کی اہمیت، اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے معلوماتی سیشنز شامل تھے۔ ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مقامی حکام اور صحت کے ادارے بروقت ردعمل کو یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی کی روک تھام کی   جا سکے۔ شرکاء نے عملی طور پر مچھر کی افزائش کو روکنے کے طریقے بھی سیکھے، جیسے کہ پانی کے ذخائر کو محفوظ رکھنا اور گھر میں صفائی کا خاص خیال رکھنا۔

The meeting of the Belarusian Prime Minister with Army Chief General Syed Asim Munir

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بیلاروسی وزیراعظم کی ملاقات

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بیلاروس کے وزیراعظم رومن گولوچینکو کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سکیورٹی اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولوچینکو نے ملاقات میں علاقائی پہلوؤں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عالمی اور علاقائی امور میں بیلاروس کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم گولوچینکو نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان کی مسلح افواج کی تعریف کی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو بھی سراہا۔

Asia Open Karogi Taekwondo Championship: Pakistan won the silver medal

ایشیا اوپن کیروگی تائیکوانڈو چیمپئن شپ: پاکستان نے چاندی کاتمغہ اپنے نام کرلیا

ایشیا اوپن کیروگی تائیکوانڈو چیمپئین شپ میں پاکستان کے اختشام الحق نے چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ انڈونیشیا کے شہر ٹینگرنگ میں جاری چھٹی ایشیا اوپن کیروگی تائیکوانڈو چیمپئین شپ میں87 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں ملائیشیا کے زبیر ایم ایس نے پاکستان کے اختشام الحق کو 5-7 اور 7-12 پوائنٹس کے فرق سے شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ پاکستان کے اختشام الحق فائنل کے رنراپ کے طور پر سلور میڈل کے حقدار قرار پائے۔

اس قبل کھیلے سیمی فائنل میں اختشام الحق نے انڈونیشیا کے اظہر سلیم کیخلاف 13-10 اور 10-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ایونٹ میں مردوں کی 68 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل میں قازقستان کے کسانوو ازیات نے پاکستان کے ارباز خان کو 2-1 شکست دی۔ ارباز خان نے پہلے راؤنڈ میں 8-6 سے کامیابی حاصل کی تاہم کسانوو ازیات نے کم بیک کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں 9-7 اور تیسرے راؤنڈ میں 7-19 سے فتح حاصل کرکے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ خواتین کی 73 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں کوریا کی شن جیونگین نے پاکستان کی ملیحہ علی کو 3-0 اور 4-1 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔ خواتین کی57 کلوگرام کیٹیگری میں فلپائن کی میک کین نکول نے پاکستان کی نور فاطمہ کیخلاف 3-5 اور 7-5 کے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

Petrol and diesel prices likely to decrease from August 16

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔ حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ اور پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی ہے۔ وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5  روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا اور نئی قیمت  251 روپے 29 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرول کی قیمت 247 روپے 3 پیسے فی لیٹر پر برقرار ہے۔

Diesel price increased by Rs

Closing Ceremony of Sports Gala at University of Technology Nowshera

یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ میں سپورٹس گالا کا اختتامی تقریب

Closing Ceremony of Sports Gala at University of Technology Nowshera

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود کے ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر I نوشہرہ عبدالقیوم خٹک نے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ میں سپورٹس گالا کے اختتامی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ سپورٹس گالا یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور ضلعی سپورٹس آفس کے تعاون سے منعقد ہوا۔ جس میں کرکٹ، بیڈ منٹن، والی بال اور کیرم بورڈ کے مقابلے شامل تھے۔ سپورٹس گالا کے اختتام پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر I نوشہرہ اور دیگر مہمان خصوصی نے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔ آخر میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر I نوشہرہ نے طلباء سے اپنے خطاب میں کہا کہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ ایسی سرگرمیاں طلباء کے لئے انتہائی اہم ہے۔ جو ان کی ذہنی اور جسمانی نشونما میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔