خیبر پختونخوا حکومت کا احسن اقدام۔ ”احساس اپنا گھر“ اسکیم پر عمل درآمد کے لیے محکمہ ہاؤسنگ اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب وزیراعلی ہاوس میں منعقد۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ صوبائی کابینہ اراکین ڈاکٹر امجد علی خان اور مزمل اسلم کے علاوہ متعلقہ محکموں اور بینک آف خیبر کے حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ اسکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر یا موجودہ گھر کی توسیع و مرمت کیلئے 15 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے دیئے جائیں گے۔ اسکیم پر 4 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ قرضوں کی واپسی کیلئے 7 سالوں پر مشتمل آسان شیڈول تجویز کیا گیا ہے۔ قرضہ واپسی کی ماہانہ قسط زیادہ سے زیادہ 18 ہزار روپے تک ہوگی۔ یہ سکیم ریوالونگ فنڈز سسٹم کے تحت آئندہ 7 سالوں تک جاری رہے گی۔ اس اسکیم کے تحت قرضوں کے حصول کے لئے اپنی ملکیتی زمین کا ہونا ضروری ہے۔ لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ”احساس اپنا گھر“ اسکیم کا اجراء اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، یہ موجودہ صوبائی حکومت کا ایک اور فلاحی منصوبہ ہے۔ اس پروگرام کے تحت صوبے کے کم آمدنی والے لوگوں کو معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے، اس پروگرام پر عمل درآمد سے نہ صرف کم آمدنی والے لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات فراہم ہونگی بلکہ ان کے سماجی اور معاشی حالات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ قرضے صرف حقدار لوگوں کو ملیں، احساس پروگرام کے تحت صوبائی حکومت نے دیگر فلاحی منصوبے بھی شروع کئے ہیں، ان منصوبوں میں احساس نوجوان، احساس ہنر اور احساس روزگار شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا حکومت کا اینٹی کرپشن ہفتہ منانے کا اعلان
خیبر پختونخوا حکومت نے 2 سے 9 دسمبر 2024 تک اینٹی کرپشن ہفتہ منانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ اس مہم کے دوران خیبر پختونخوا اور ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع، بشمول ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان اپر ،لوئر اور کولئی پالس، تورغر اور بٹگرام میں مختلف سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ کرپشن کسی بھی معاشرے کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے عوامی شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔ہفتے بھر کی سرگرمیوں میں عوامی آگاہی مہمات، تعلیمی اداروں میں مباحثے، سیمینارز، ورکشاپس، اور ریلیاں شامل ہیں جو کرپشن کے نقصانات اور شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کریں گی اور اس سلسلے میں آن لائن پورٹل اور ہیلپ لائن کو فعال کیا گیا ہے۔ ہزارہ ڈویژن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کرپشن سے متعلق شکایات کا فوری جائزہ لیں گی اور ضروری کارروائی کریں گی۔حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو کرپشن کے خلاف بیدار کرنے کے لیے تقریری مقابلے اور مباحثے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ عوامی شرکت کے لیے واکس اور ریلیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر بھی اینٹی کرپشن مہم کے ذریعے عوام کو متحرک کیا جائے گا تاکہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کا پیغام ہر طبقے تک پہنچایا جا سکے۔اینٹی کرپشن ہفتہ خیبر پختونخوا اور ہزارہ ڈویژن میں کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت کی جانب سے ایک بڑا قدم ہے۔ اس مہم کا مقصد عوامی شعور اجاگر کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور ادارہ جاتی اصلاحات کو یقینی بنانا ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے عوام اور حکومت کا مل کر کام کرنا ضروری ہے تاکہ خیبر پختونخوا کو شفافیت اور احتساب کا مثالی خطہ بنایا جا سکے۔
مانسہرہ: معذور افراد کے عا لمی دن کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد
مانسہرہ۔عالمی یوم معذوراں کے موقع پر محکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام پروقار تقریب کا انعقاد. ڈپٹی کمشنر، صوبائی نائب صدر پی ٹی آئی کمال سلیم خان، سید مصدق شاہ بخاری، سید شبیر شاہ و دیگر کی آمد، سپیشل پرسنز کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا وزٹ، بہترین نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں پر حوصلہ افزائی و شیلڈز تقسیم، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی. تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مانسہرہ محکمہ سماجی بہبود کے ضلعی آفیسر سید صابر شاہ و دیگر جملہ انتظامیہ کے زیر انتظام سوشل ویلفیئر کمپلکس غازی کوٹ ٹاؤن شپ میں عالمی یوم معذوراں کے موقع پر نمائش کا اہتمام کیا گیا. جس میں ضلع بھر سے سپیشل(معذور) افراد نے اپنی ہنر مندی سے بنی ہوئی اشیاء کی نمائش کی. باھم معذور (سپیشل) افراد کے ہاتھوں سے بنی ہوئی اشیاء خصوصاً کیلیگرافی، پینٹنگ، آؤٹ ورک، دستکاری و ایمبرائیڈری کے سٹالز لگائے گئے. جنہیں مندوبین سمیت جملہ حاضرین نے خوب سراہا اور حوصلہ افزائی کی. سوشل ویلفیئر کمپلکس میں منعقدہ نمائش میں خصوصی شرکت کرنے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد اقبال خان خٹک، صوبائی نائب صدر پی ٹی آئی کمال سلیم خان، ضلعی راہنماء سید مصدق شاہ بخاری، سید شبیر حسین شاہ، علمی و ادبی شخصیت رجب علی آزاد، شیراز محمود قریشی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فوکل پرسن یاسر قریشی، جمعہ خان ویلفیئر آرگنائزیشن سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل پرسن کی بحالی و ہر ممکن تعاون کے لئے صوبائی حکومت کے تعاون سے ہر ممکن کاوش بروئے کار لائیں گے. تقریب کے اختتام پر مختلف سٹالز لگانے والے باہم معذور افراد (سپیشل پرسنز) میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں.
سی ایس ایس امتحان 2025 کیلئے شیڈول جاری
اسلام آباد، سی ایس ایس امتحان 15 فروری سے شروع ہوں گے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس 2025 کا پبلک نوٹس جاری کردیا۔ سی ایس ایس 15 فروری 2025 سے شروع ہوگا، امتحان کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ متعلقہ افراد ایف پی ایس سی آفیشل ویب سائب سے رجوع کرسکتے ہیں۔
مردان بورڈ “انٹر بورڈز کرکٹ ٹیم” کے سیلیکشن کیلئے ٹرائلز کا انعقاد
مردان بورڈ “انٹر بورڈز کرکٹ ٹیم” کے سیلیکشن کے لیے ٹرائلز کا انعقاد بمورخہ 07 دسمبر 2024 بوقت دن 10:00 بجے بمقام کرکٹ گراؤنڈ بورڈ سپورٹس کمپلیکس مردان میں کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ مزکورہ ٹیم آل پاکستان انٹر بورڈز مقابلوں میں شرکت کرےگی۔ مذکورہ ٹرائلز میں ضلع مردان ، صوابی اور نوشہرہ کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم جماعت نہم ،دہم، فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے ریگولر طلباء شرکت کرسکتے ہیں۔ طلباء کی عمر 30 جون 2024 تک 20 سال سے کم ہونی چاہیے۔
دوسرا ٹی 20: پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی
پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔ بلاوئیو میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 12.4 اوورز میں 57 رنز پر آوٹ ہوگئی۔پاکستان کی طرف سے سفیان مقیم نے 5، عباس آفریدی نے 2، ابرار احمد اور حارث روف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ زمبابوے کے برین بینیٹ 21 اور تادیونشے مارومانی 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ پاکستان کی جانب سے 58 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے چھٹے اوور میں حاصل کر لیا گیا۔ صائم ایوب 32 اور عمیر بن یوسف 22 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔
ایبٹ آباد معذوری کے شکار افراد کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
ایبٹ آباد معذوری کے شکار افراد کے عالمی دن کے حوالے سے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ایبٹ آباد کے زیر اہتمام محکمہ تعلیم اور یونیسیف کے تعاون سے تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔پروگرام میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام خصوصی بچوں نے شرکت کی اور پرسن ود ڈس ایبیلٹیز کے حوالے سے آگاہی پیغامات پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، سوشل ویلفیئر آفیسر، یونیسیف کے عہدیداران اور مختلف شعبہ جات کے نمائندے بھی موجود تھے۔کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے اس موقع پر کہا کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا لازمی حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو مواقع اور سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔تقریب کے دوران خصوصی بچوں کی کارکردگی نے شرکائ کو متاثر کیا، جبکہ معذور افراد کے حقوق کے حوالے سے آگاہی پیغامات نے حاضرین کو ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات پر غور کرنے کی ترغیب دی۔ تقریب کے شرکائ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معذور افراد کے مسائل کے حل اور ان کی زندگی میں بہتری کے لیے ایسے پروگرامز کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
انٹر کالج ٹورنامنٹ آئی سی ایم ایس کالج چارسدہ فاتح قرار
پی سی بی کی جانب سے انٹر کالج ٹورنامنٹ میں آئی سی ایم ایس کالج چارسدہ کو فاتح قرار پایا۔ائی سی ایم ایس کالج چارسدہ کرکٹ چیمپیئن بن گیا۔ اس طرح ڈویژنل کوالیفائی کیا۔پڑانگ سپورٹس سٹیڈیم میں فاتح ٹیم کو ونر۔ ٹرافی سونپ دی گئی۔ایوارڈ سرمنی میں پین چارسدہ کے کابینہ اراکین نے خصوصی شرکت کی۔پین کے ضلعی صدر نفیس اللہ، ڈائیریکٹر ائی سی ایم ایس کالج حمد اللہ جان خان، سینئیر نائب صدر سرور شاہ ، جنرل سیکرٹری خالد خان،سیکرٹری اطلاعات، سجادعلی ترنگزئی،سٹی زونل صدر اختر جان بھی شرکت کی اسکے علاؤہ چارسدہ صحافی برداری نے بھر پور شرکت کی۔
مہمند: معذوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد
مہمند ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہلال احمر پاکستان مہمند برانچ اور تنظیم بحالی معذوران نے معذوروں کا عالمی دن منایا۔ اس حوالے ہیڈکوارٹر غلنئی جرگہ ہال میں ایک پر وقار تقریب منعقد ہوا جس میں پولیس ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ دیگر محکموں والوں نے بھی شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر مہمند جناب یاسر حسن کے علاؤہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شکیل احمد، ڈی ایس پی لیاقت علی خان، ہلال احمر مہمند کے ڈسٹرکٹ سیکٹری امجد علی اور تنظیم بحالی معذوران کے صدر نور اللہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں ڈی سی مہمند نے ہلال احمر اور تنظیم بحالی معذوران کا شکریہ ادا کیا اور معذوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد خاص صلاحیت کے حامل لوگ ہوتے جنہوں نے ہر فیلڈ میں ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پ معذوروں کے مابین سائیکل ریس کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی نے معذوروں میں گرم کپڑے اور ٹرافیاں تقسیم کی۔