Christmas gifts distributed among Christian employees of Mardan Police

مردان پو لیس کا مسیحی ملازمین میں کرسمس تحائف تقسیم

مردان ضلعی پولیس سربراہ ظہور بابر آفریدی نے کرسمس کے موقع پر مردان پولیس کی مسیحی کمیونٹی کے اہلکاروں میں خصوصی تحائف اور مالی امداد تقسیم کی۔ یہ امداد کرسمس کی خریداری اور خوشیوں کے موقع پر اہلکاروں کی معاونت کے لیے فراہم کی گئی۔ ڈی پی او ظہور بابر آفریدی نے کہا کہ پولیس فورس کے مسیحی اہلکاروں کی محنت اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی فلاح و بہبود اور خوشی و غم میں ہم ان کے ساتھ ہیں، اور یہ امداد ان کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دی گئی ہے۔

Inauguration of Mobile Food Testing Laboratories in Khyber Pakhtunkhwa

خیبر پختونخوا میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا افتتاح

وزیر اعلیٰ ہاؤس میں موبائل فوڈ لیبارٹریز کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور تھے۔ یہ موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز صوبے کے گنجان آباد اضلاع میں آشیائے خوردونوش کی مفت ٹیسٹنگ کی خدمات فراہم کریں گی۔ ڈویژن کی سطح پر حلال فوڈ اتھارٹی کی سات موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز پہلے ہی سے اشیائے خوردونوش کی مفت ٹیسٹنگ کی خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ عوام کو صحت مند، صاف اور ملاوٹ سے پاک آشیائے خوردونوش کی دستیابی وزیراعلیٰ کے 99 نکاتی عوامی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔

تقریباً 9 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی یہ لیبارٹریز جدید ترین آلات سے لیس ہیں۔ ان آلات میں ملک اینالائزر، آرسینک کٹ فار واٹر، ریفریکٹرو میٹر، موئسچر اینالائزر، ڈیجیٹل ریفریکٹرو میٹر، پی ایچ میٹر اورٹی ڈی ایس میٹر وغیرہ شامل ہیں۔ ان لیبارٹریز کے زریعے عوام کو گھر کی دہلیز پر دودھ، پانی، مصالحہ جات، چائے، نمک، شہد، آئس کریم، جوسز اور دیگر 24 اشیائے خوردونوش کا معیار جانچنے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔

ان موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں آشیائے خوردونوش کی فوری ٹیسٹنگ کرنے اور تھرمل پرنٹر کے ذریعے فوری نتائج فراہم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ان موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں کئے جانے والے ٹیسٹس اور دیگر معلومات آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے حکام کو بلا تاخیر موصول ہوتی ہے۔ ان لیبارٹریز کو پورٹیبل چیک پوسٹ کے طور پر بھی استعمال کیا جائے گا۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی تعداد میں اضافے کا مقصد صوبے میں ملاوٹ کا خاتمہ اور عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ افتتاحی تقریب سے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں آئندہ سال جون تک موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبز کو صوبے کے تمام اضلاع تک جبکہ اگلے مرحلے میں تحصیل تک توسیع دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے حلال فوڈ اتھارٹی کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی نے ہدایت دی کہ ایک مہینے میں پشاور میں قائم ہونے والے اسٹیٹک لیب کو ہر صورت مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اس لیب کے قائم ہونے کے بعد صوبے میں تمام آشیائے خوردونوش کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ مذکورہ لیب سے رجسٹریشن اور این او سی کے بغیر صوبے میں کھانے پینے کی کوئی بھی چیز فروخت نہیں کی جاسکے گی۔

The start of ODI series between Pakistan and South Africa

پاکستان ساوتھ آفریقہ کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز

پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ آج پارل میں کھیلا جارہا ہے، جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی آفریقہ کیخلاف پہلے ون ڈے کیلئے قومی اسکواڈ میں صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، عرفان نیازی، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ون ڈے میں ہمارا اچھا ردھم ہے اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ محمد رضوان کا کہنا ہے کہ جو ماضی کی ناکامی ہوتی ہے اس کو ماضی میں رکھتے ہیں مگر اس سے سبق سیکھتے ہیں۔ ہمارا سارا فوکس چیمپئنز ٹرافی کی تیاری پر مرکوز ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ٹیم میں ’میں‘ کا لفظ نہیں، ’ہم‘ کا لفظ ہوتا ہے، ون ڈے میں ہمارا اچھا ردھم ہے، اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میں نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے۔ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلئے ہمارا سارا فوکس ون ڈے پر مرکوز ہے۔

کپتان نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں ہم چیمپئنز ٹرافی کی تیاری ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میں ہم نوجوان پلیئرز کو موقع دے کر تجربات کر رہے ہیں۔ رضوان کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر کھیلنے میں ہمیشہ چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم بنانے کی کوشش کرتے ہیں ہر جگہ الگ کنڈیشنز میں کھیل رہے ہیں۔ ٹیم ورک بہترین ہے، ہم سب متحد ہیں، جونیئر ہو یا سینیئر سب کا فوکس ٹیم کی جیت پر ہے۔ ٹیم میں تمام پلیئرز کپتان ہی ہیں، ٹیم میں ’میں‘ کا لفظ نہیں، ’ہم‘ کا لفظ ہوتا ہے۔

Federal Cabinet meeting chaired by Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزارت صحت اور وفاقی وزارت داخلہ کو پاڑا چنار میں دواؤں کی قلت کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے اور اس سلسلے میں خیبر پختونخوا حکومت سے رابطہ قائم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وفاقی وزارت صحت کو پاڑا چنار میں ادویات کی قلت فوری طور پر دور کرنے کی بھی ہدایت دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر کوڈ آف کریمنل پروسیجر ترمیمی بل 2024 کو پارلیمنٹ بھیجنے کی منظوری دے دی۔ اس ترمیمی بل میں ترامیم کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کے نظام کو آسان اور سہل بنایا گیا ہے۔ ملزم سے تفتیش کے لیے پولیس افسر جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آلات اور فورینسک طریقہ کار کا استعمال کر سکے گا۔ ان ترامیم کے تحت گواہان کے آڈیو و ویڈیو بیانات ریکارڈ کیے جا سکیں گے۔ مزید برآں، تفتیش کے دوران پراسیکیوٹر کے کردار کو مضبوط کرنے کے حوالے سے شقیں شامل کی گئی ہیں۔ پراسیکیوٹر، پولیس رپورٹ میں کسی بھی کمی و نقص کی نشاندہی کر سکے گا۔ ان ترامیم کے تحت خواتین، بارہ سال سے کم عمر اور 70 سال سے زائد مرد، جسمانی اور ذہنی معذوری کا شکار افراد اپنی سہولت کی جگہ پر بیان ریکارڈ کروا سکیں گے۔ مزید یہ کہ ٹرائل کورٹ مقدمے کا فیصلہ ایک سال کے اندر کرے گی اور تاخیر کی صورت میں متعلقہ ہائی کورٹ سے جوابدہی ہوگی۔ اپیلیٹ کورٹ کسی بھی اپیل پر 6 ماہ سے ایک سال کے اندر فیصلہ سنانے کی پابند ہوگی۔ علاوہ ازیں، پولیس تفتیش میں بے گناہی اور ڈسچارج رپورٹ کی تیاری کی صورت میں ملزم ضمانت کا حقدار ہوگا۔

وفاقی کابینہ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ای۔آفس کے نفاذ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے 18 ڈویژنز میں ای۔آفس کا 100 فیصد نفاذ کیا جا چکا ہے۔ یہ ای۔آفس سسٹم پیپر لیس اکانومی کی جانب ایک بڑا قدم ہے اور اس سے اسٹیشنری اور پیٹرول کی مد میں 230 ملین روپے کی بچت کا امکان ہے۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ان تمام ڈویژنز کے وزراء اور سیکریٹریز کی بھی تعریف کی جہاں ای۔آفس کا مکمل نفاذ ہو چکا ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیو میٹرک پالیسی فریم ورک 2024 کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر انٹلیکچول پراپرٹی ٹریبیونل، کوئٹہ کے قیام کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر 20 دسمبر 2018 کی ثالثی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے کنونشن برائے بین الاقوامی تصفیہ جات کے معاہدوں پر دستخط کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ایچ آر منیجر ارباب انس کی ملازمت سے برخاستگی کے خلاف دائر اپیل مسترد کر دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت پیٹرولیم کی سفارش پر بھاری کثافت والے دھماکہ خیز مواد کی تیاری کے لائسنس کے حوالے سے ایکسپلوسوز رولز 2010 کے فارم ای ایل 01 میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی، پاور ڈویژن کی سفارش پر ضلع اپر کوہستان، ضلع لوئر کوہستان اور ضلع کولائی پالس کوہستان کی پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی سے ہزارہ الیکٹرک پاور کمپنی منتقلی کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی حدود میں نکاح نامے میں ختم نبوت کے حلف کی شق شامل کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ کو کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے وفاقی امور کے حوالے سے پرنسپلز آف پالیسی کے نفاذ کی رپورٹس برائے سال 2021-22 اور 2022-23 پیش کی گئیں۔
وفاقی کابینہ کو کابینہ ڈویژن کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی تین سال کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ یہ رپورٹس اب مشترکہ مفادات کونسل کو بھیجی جائیں گی۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قومی ملکیتی ادارہ جات کے 4 دسمبر 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے کمیٹی برائے انٹر گورنمنٹ ٹرانزیکشنز کے 20 نومبر 2024 اور 21 نومبر 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

A Christmas gift for Christian worship

کرسمس کے موقع پر مسیح برادری کیلئے خوشخبری

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین کوماہ دسمبر کی ایڈوانس تنخواہیں پنشن و الاونس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کے مطابق اس سلسلے میں محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے تمام سرکاری محکموں کو اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری اعلامیہ میں تمام سرکاری محکموں کو کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں پنشن اور الاونس دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔