گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سکھ کمیونٹی خیبر پختونخوا کے نمائندہ وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ باباجی گروپال سنگھ کی قیادت میں وفد نے گورنر کو سکھ کمیونٹی کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ سکھ کمیونٹی کے وفد نے گورنر خیبر پختونخوا کو روایتی چادر بھی پہنائی۔ وفد نے شمشان گھاٹ اٹک اور شمشان گھاٹ باڑہ روڈز کی تعمیر کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنیکی درخواست کی۔ وفد نےسکھ کمیونٹی کے پشاور یونیورسٹی شعبہ فارمیسی میں زیر تعلیم 33 کے قریب طلباء کی امتحانی ری چیکنگ کی بھی درخواست کی۔ پشاور سمیت صوبہ بھر میں مقیم اقلیتیں پاکستانی شہری ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا خیبر پختونخوا میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کی خدمات قابل قدر ہیں۔ اقلیتوں بالخصوص نوجوان اقلیتوں کو ملک کا باوقار شہری بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کے مذ ہبی، سماجی،شخصی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے ’’چائلڈ کورٹس’’ کے قیام کا بل منظورکر لیا
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں چائلڈ کورٹس کے قیام کا بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین خرم نواز کی زیر صدارت ہوا۔ اس دوران رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں چائلڈ کورٹس کے قیام سے متعلق بل پیش کیا جو اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ نوشین افتخار نے کہا کہ بل کے تحت مجسٹریٹ متاثرہ بچوں سے اچھے ماحول اور ماہر نفسیات کی موجودگی میں بیان لیں گے۔ بل کے تحت زیادتی کے مقدمات کا فیصلہ 6 ماہ کے اندر کرنا لازم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے تحت ضابطہ فوجداری میں ترمیم کے بعد ریپ کے شکار بچوں کیلئے چائلڈ کورٹس کا قیام ہو گا۔ رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے کہا کہ زیادتی کے مجرمان کو سزائیں نہ ہونے کے برابر ہیں، اس طرح کے قوانین پہلے سے موجود ہیں۔ دوسری جانب وزارت قانون کے نمائندے جام اسلم نے چائلڈ کورٹس سے قیام سے متعلق بل کی مخالفت کی، کمیٹی نے اتفاق رائے سے بل منظور کر لیا۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کا اہم اقدام
محکمہ اعلیٰ تعلیم کا تمام جامعات اور کالجز میں رینکنگ نظام متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کی زیر صدارت رینکنگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہوا۔ جس میں یونیورسٹیوں اور کالجز میں رینکنگ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں جامعات اور کالجز کے رینکنگ کے کریٹریا کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔ رینکنگ نظام کا بنیادی مقصد سٹوڈنٹس کو کوالٹی ایجوکیشن کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔ یونیورسٹیوں اور کالجز میں رینکنگ نظام سے تعلیم میں ضرور بہتری آئے گی۔ صوبائی وزیر نے جامعات کی پچھلے 3 سالوں کا ڈیٹا اکٹھا کرکے کارکردگی کی بنیاد پر رینکنگ کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت کی۔ نظام تعلیم میں بہتری لانےکیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا عہد کیا گیا ہے۔