تیسرے پبلک ڈے کے موقع پرگورنر ہاؤس پشاور میں شہریوں کی بھاری تعداد کی آمد, گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اوپن پبلک ڈے پر گورنر ہاؤس میں شہریوں کے مسائل و شکایات سنے۔ پشاورسمیت صوبہ بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد نے گورنر خیبر پختونخوا کو اپنے مسائل و شکایات سے آگاہ کیا۔ شہریوں نے وفاقی و صوبائی محکموں سمیت دیگر معاشرتی و سماجی مسائل سے متعلق گورنر خیبر پختونخوا کو تحریری و زبانی مسائل بتائے۔ گورنر نے بعض شکایات پر فوری احکامات صادر کئے، بعض مسائل و شکایات کو متعلقہ محکموں کو بجھوا دیا۔ شہریوں کے مسائل و شکایات کے حل کیلئے گورنر ہاؤس میں اوپن پبلک ڈے کا انعقاد جاری ہے۔ عوامی مسائل و شکایات کے حل کیلئے شہریوں کیلئے ایک دن مختص رکھتا ہوں۔ پبلک ڈے میں عوام کے درمیان موجود رہنا اور انکے مسائل کا حل کرنے سے دلی خوشی محسوس ہوتی ہے۔
شوگراں برفباری کے باعث غیر ملکی سیاحوں کو 19 گھنٹے میں ریسکیو کیا گیا
مانسہرہ شوگراں میں شدید برفباری کے باعث راستہ بھٹکنے والے غیر ملکی سیاحوں کو مانسہرہ پولیس نے 19 گھنٹے کے لگاتار سرچ آپریشن کے بعد ریسکیو کرلیا مانسہرہ کے سیاحتی مقام شوگراں میں شدید برفباری اور خراب موسم کے باعث دو غیر ملکی سیاحوں کا پولیس سے رابطہ منقطع ہو گیا اور اہلکاروں نے فوری اطلاع دی جس پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ ذولفقار حمید اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کو ضروری اقدامات کی ہدایات دیں ڈی پی او مانسہرہ نے بزرات خود شوگراں میں سرچ آپریشن میں حصہ لیا اور انکی قیادت میں مانسہرہ پولیس،اسسٹینٹ کمشنر بالاکوٹ، کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، ٹوریزم پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کیا۔
سخت موسمی حالات کے باوجود 19 گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد غیر ملکی سیاحوں کو بحفاظت شوگراں پہنچا دیا گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ نے ذاتی طور پر سیاحوں کے ہمراہ سفر کرتے ہوئے انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا اور ناشتہ بھی کروایا، جس پر سیاحوں نے بھرپور مسرت کا اظہار کیا سیاحوں نے خیبر پختونخواہ حکومت ، خیبر پختونخواہ پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کی فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا اور پاکستانی عوام کے جذبہ مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس سیاحوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارا صوبہ نہ صرف خوبصورت ہے بلکہ یہاں آنے والے مہمانوں کی حفاظت بھی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی مقامات پر سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ملکی اور غیر ملکی سیاح خود کو مکمل محفوظ محسوس کریں۔
کیڈیٹ کالج ورسک میں تین روزہ چیف آف آرمی سٹاف انڈر 16 فٹبال ٹورنامنٹ
فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ کے زیر اہتمام کیڈیٹ کالج ورسک میں تین روزہ چیف آف آرمی سٹاف انڈر 16 فٹبال ٹورنامنٹ خیبرپختونخواہ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا مقصد صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا اور انہیں کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا تھا۔ ٹورنامنٹ میں پشاور، مالاکنڈ، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کی ٹیموں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ فائنل میچ میں پشاور کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالاکنڈ کی ٹیم کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل انجم ریاض تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کامیاب ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ یہ ٹورنامنٹ نوجوانوں میں بے حد مقبول ثابت ہوا، اور بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ نوجوانوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد جاری رہے گا تاکہ ملک کے لیے مزید باصلاحیت فٹبالرز سامنے آ سکیں۔
کرائم منیجمنٹ سیل کا افتتاح
چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس یحییٰ آفریدی ہمراہ دیگر جسٹس صاحبان کے دو روزہ دورے کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے جوڈیشل کمپلیکس میں کرائم مینجمنٹ سیل کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ اس سیل کا قیام عدالتی نظام میں جرائم کے خلاف موثر کارروائی اور انصاف کے عمل کو تیز تر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر چیف جسٹس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرائم مینجمنٹ سیل کا مقصد جرائم کی روک تھام، تحقیقات کے عمل کو بہتر بنانا، اور شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں تیزی لانا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ سیل نہ صرف جرائم کے خلاف موثر اقدامات کرے گا بلکہ عوام کے اعتماد کو بحال کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ کرائم مینجمنٹ سیل جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ عملے پر مشتمل ہوگا، جو جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے لیے جدید تکنیکوں کا استعمال کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عدالتی نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو انصاف کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ اس موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان ہائیکورٹ کے ججوں، وکلا، اور دیگر عدالتی اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء نے کرائم مینجمنٹ سیل کے قیام کو عدالتی نظام کی بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
چیف جسٹس کے دورے کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جس کے تحت شہر کے اہم روڈز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم، عوام نے سیکیورٹی کے ان اقدامات کو سمجھداری سے برداشت کیا۔ کرائم مینجمنٹ سیل کا افتتاح ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام اور عدالتی نظام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے جرائم کے خلاف جنگ میں نئی جہت متعارف ہوگی اور انصاف کے حصول کو مزید آسان بنایا جائے گا۔
خیبرپختونخوا انڈر-22 گیمز میں ہزارہ ریجن کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی
ایبٹ آباد خیبرپختونخوا انڈر-22 گیمز میں ہزارہ ریجن کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبہ کے پی کے میں مجموعی طور پر دوسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔ خیبرپختونخوا انڈر22 گیمز میں ہزارہ ریجن کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ ان مقابلوں کا انعقاد پشاور کے قیوم سٹیڈیم، حیات آباد، بورڈ گراؤنڈ اور چارسدہ میں کیا گیا، جہاں ہزارہ ریجن کے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ہزارہ ریجن کے کھلاڑیوں نے والی بال، بیڈمنٹن اور تائیکوانڈو میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15 گولڈ، 20 سلور اور 25 برانز میڈلز جیت کر صوبہ میں دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی۔ جبکہ باسکٹ بال، سکواش اور نیٹ بال کے مقابلوں میں بھی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے سلور میڈل جیتا۔جمناسٹک میں ہزارہ کے کھلاڑیوں نے ایک زلور اور ایک برانز میڈل اپنے نام کیا۔ جوڈو کے ایونٹ میں ہزارہ کے کھلاڑی چھائے رہے، جہاں انہوں نے 3 گولڈ، 4 سلور اور 5 برانز میڈلز حاصل کیے۔ اتھلیٹکس کے مقابلوں میں خواتین کھلاڑیوں نے 3 سلور اور 8 برانز میڈلز جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
کراٹے میں ہزارہ ریجن نے 2 سلور اور 5 برانز میڈلز اپنے نام کیے، جبکہ باکسنگ کے مقابلوں میں بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 3 برانز اور 2 سلور میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ووشو میں بھی ہزارہ ریجن کے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1 سلور اور 1 برانز میڈل جیتا۔ ہزارہ ریجن کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے خیبرپختونخوا انڈر22 گیمز میں جس مہارت، محنت اور جذبے کے ساتھ کھیل پیش کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کی کامیابی نہ صرف انفرادی سطح پر بلکہ ہزارہ ریجن کے لئے بھی ایک بڑا اعزاز ہے۔ ان مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ مزید کامیابیاں سمیٹ سکیں۔ ان تمام گیمز کے کھلاڑیوں کی بیترین کارکردگی پر آر ایس او احمد زمان نے مبارکباد دی ہے۔
ایک ھفتے کے دوران خیبرپختونخوا میں 28 دہشت گرد ہلاک
سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مزید تین اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ شمالی وزیرستان میں ایک چیک پوسٹ پر اچانک حملے کے نتیجے میں 4 جوان شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے ۔ گزشتہ روز سب سے بڑا آپریشن ضلع خیبر کے شورش زدہ علاقے باغ میں کیا گیا جس کے نتیجے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ قبل ازیں اسی روز دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں ایک سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 جوان اسداللہ ، احسان اللہ ، محسن علی اور فرمان شہید جبکہ 2 دیگر شدید زخمی ہوگئے جن کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
فورسز نے باغ کے علاوہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 5 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگادیا اور ان علاقوں میں سرچ اپریشن شروع کیے ۔ گزشتہ چار پانچ دنوں کے دوران فورسز نے خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع میں آپریشن کیے جس کے نتیجے میں تقریباً 28 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ۔ جن علاقوں میں یہ آپریشن کیے گئے ان میں ڈیرہ اسماعیل خان ، کرک ، شمالی وزیرستان ، خیبر اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔
سیکورٹی حکام کے مطابق پاکستان کی افواج فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں اور جہاں بھی ان کی موجودگی کی اطلاع ملے گی ان کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔
دوسری جانب کالعدم ٹی ٹی پی نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کی انٹلیجنس ونگ نے جنوبی وزیرستان سے سیکورٹی فورسز کے دو اہلکاروں رفعت اللہ ولد راز خان اور عصمت ولد عاشق خان کو گرفتار یا اغوا کردیا ہے تاہم سیکیورٹی یا حکومتی حکام نے اس دعوے کی کوئی تصدیق نہیں کی ہے ۔ کالعدم ٹی ٹی پی نے جنوبی پنجاب کے علاقے تونسہ شریف سے بھی ایک اٹھائے گئے سیکورٹی اہلکار کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور ایک بیان میں کہا ہے کہ تونسہ شریف سے اٹھائے گئے شاہ زیب ولد عبد الجبار کو گزشتہ روز ایک ” عدالتی” حکم کے تحت قتل کردیا گیا ہے ۔ ایک اور مبینہ کارروائی کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر اور دو ممبران اسمبلی کے قریبی رشتے دار قیصر خان میاں خیل کو پیر کے روز ایک نمازِ جنازہ سے واپسی کے وقت گن مین اور ڈرائیور سمیت اغواء کیا گیا ہے ۔ کرک کے علاقے بانڈہ داؤد شاہ میں دہشت گردوں کے ایک گروپ نے تھانے پر دو اطراف سے حملہ کیا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی نے اسے ناکام بنادیا۔
ادھر فورسز نے لویر کرم میں پیر کے روز کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 21 شرپسندوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا ۔ جن علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں ان میں اوچھت ، مندوری اور بگن شامل ہیں ۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق جنگ ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور لگ یہ رہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ہر قیمت پر کالعدم ٹی ٹی پی اور ایسے دوسرے گروپوں کے خاتمے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
عقیل یوسفزئی