Kp Police and Nadra s

خیبر پختونخوا پولیس اور نادرا کے مابین اہم معاہدہ

محکمہ پولیس خیبر پختونخوا اور نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مابین ایک اہم معاہدے پر دستخط ہوئے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی فنانس اینڈ پروکیورمنٹ فداحسن اور نادرا کی جانب سے ای سہولت مرکز کے ہیڈ محمد عرفان انور نے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں نادرا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر محمد عمر خان آزاد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ای سہولت ملک یاسین علی بھی موجود تھے۔ اس معاہدے کے تحت اب عوام کو شناختی کارڈ کی تصدیق کے لیے علیحدہ نادرا دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ یہ سہولت براہ راست پولیس سہولت مراکز میں ہی دستیاب ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد عوامی خدمات کو سہل اور باآسانی دسترس میں لانا ہے۔

:معاہدے کی رُو سے ابتدائی طور پر درج ذیل سہولیات کی فراہمی میں شناختی تصدیق کی سہولت فراہم کی جائے گی

پولیس کلیئرنس سرٹیفیکیٹ, بیرونِ ملک کلیئرنس سرٹیفیکیٹ, ویزا کلیئرنس سرٹیفیکیٹ, گھریلو ملازمین کے پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ, پولیس کرایہ داری رجسٹریشن, دیگر متعلقہ سروسز

پہلے سہولیات کے حصول کیلئے نادرا دفاتر سے الگ تصدیق کرانا پڑتی تھی۔ جس سے وقت کا ضیاع ہوتا تھا۔ اب شناختی کارڈ کی تصدیق پولیس سہولت مرکز میں ہی برموقع کی جائے گی۔ جس کیلئے پولیس کی جانب سے فی تصدیق 120 روپے فیس وصول کی جائے گی۔ جو کہ مقررہ سرکاری سروس چارجز کا حصہ ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا کے وژن کے مطابق عوامی خدمات کو مزید بہتر اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ مستقبل میں ان سہولیات کو موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے مزید سہل بنانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ آئی جی پی ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ان کا بنیادی مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کی مشکلات کو کم سے کم وقت میں حل کرنا اور پولیس پر عوامی اعتماد کو مزید بحال کرنا ہے۔ اس معاہدے کو اسی وژن کی ایک عملی شکل قرار دیا جا رہا ہے۔

AS Gen. Asim Munir Addresses First Overseas Pakistanis Convention

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کا پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کا پہلے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب ،میں آج بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبات دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے لیے ہمارے جذبات اس سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔آپ صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں، بلکہ پاکستان کی وہ روشنی ہیں جو پورے اقوام عالم پر پڑتی ہے۔ جو لوگ برین ڈرین کا بیانیہ بناتے ہیں، وہ جان لیں کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے اور بیرون ملک پاکستانی اسکی عمدہ ترین مثال ہیں۔ آپ سب نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسل کو سنانی ہے، وہ کہانی جس کی بنیاد پر ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان حاصل کیا۔
کیا پاکستان کے دشمنوں کا یہ خیال ہے کہ مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں؟
دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے،جب تک اس ملک کے غیور عوام افوج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ کی فوج ہر مشکل سے با آسانی نبرد آزما ہو سکتی ہے،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے بہا وسائل سے نوازا ہے جس پر ہمیں ہر وقت شکر ادا کرنا چاہیے،ہم آج مل کر یہ واضح پیغام دے رہے ہیں “جو پاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہو گا ہم مل کر اُس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے”،آرمی چیف نے اوور سیز پاکستانیوں سے مخاطب ہو کر کہا “آپ جس ملک میں بھی ہوں، یاد رکھیں کہ آپکی میراث ایک اعلیٰ معاشرے ، نظریئے اور تہذیب سے ہے”
نامساعد حالات کے آگے بطور مسلمان اور پاکستانی نہیں گھبراتے، ہم کبھی بھی مشکلات اور دشواریوں کے سامنے نہ جھکے ہیں، نہ جھکیں گے،جب تک اس ملک کے غیور عوام افوج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا،قوم اپنے شہداء کو نہایت عزت اور وقار کی نظر سے دیکھتی ہے۔ ان کی قربانی لازوال ہے جس پر کبھی ملال نہ آنے دیں گے،ہم پاکستان کو اس مقام پر لے جانا چاہتے ہیں جس کا خواب قائدِ اعظم نے دیکھا تھا،آپ ہمیشہ اپنا سر فخر سے بلند رکھیں، کیونکہ آپ کا تعلق کسی عام ملک سے نہیں، بلکہ آپ ایک عظیم اور طاقتور ملک کے نمائندے ہیں، آرمی چیف
کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا، پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، پاکستان کی ترقی کا سفر جاری ہے،سوال یہ نہیں کہ پاکستان نے کب ترقی کرنی ہے، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان نے کتنی تیزی سے ترقی کرنی ہے۔ آرمی چیف
اپنے خطاب کے اختتام پر آرمی چیف اور شرکاء نے “پاکستان ہمیشہ زندہ باد” کا نعرہ لگایا۔

Lt. Gen. (Retd.) Nigar Johar

لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) نگار جوہر راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) نے لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) نگار جوہر کو خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے اقدامات کے لیے اپنا باضابطہ برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان پیر کو چیمبر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب ’ شی لیڈز – اے ٹریبیوٹ ٹو ویمن’ کے دوران کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس تقریب میں پاکستان بھر کی خواتین کی لچک، طاقت اور نمایاں خدمات کو سراہا گیا، جس میں پاکستان کی پہلی اور واحد خاتون تھری اسٹار جنرل لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) نگار جوہر خان مہمان خصوصی تھیں۔ آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے اپنے استقبالیہ خطاب میں ان کی پیشہ ورانہ خدمات کو حوصلے، لگن اور رکاوٹوں کو توڑنے کا مظہر قرار دیا۔یاد رھےکہ نگار جوھر کا تعلق پنج پیر صوابی سے ھے۔

Ali Wazir, who won gold in Saudi Arabia, receives a grand welcome in Peshawar

سعودی عرب میں سونے کا تمغہ جیتنے والے علی وزیر کا پشاور میں فقید المثال استقبال

پشاور: سعودی عرب میں منعقدہ انٹرنیشنل اوپن مارشل آرٹس ووشو چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے والے نوجوان کھلاڑی علی وزیر کا پشاور پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔ ان کی آمد پر کھلاڑیوں، اساتذہ، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین نے ان پر گل پاشی کی، ہار پہنائے اور ان کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

یہ استقبالیہ تقریب حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں خیبرپختونخوا آئی ٹی ایف ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور کوچ نوید حبیبی، اسپورٹس کمپلیکس کے ایڈمن عابد ناظم، علی وزیر کے والداور بڑی تعداد میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

تقریب میں علی وزیر کے اعزاز میں کیک کاٹنے کی رسم ادا کی گئی جبکہ کلب کے جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں نے نہایت شاندار ٹائیکوانڈو مظاہرے بھی پیش کیے اور دوستانہ مقابلوں میں حصہ لے کر تقریب کو مزید دلکش بنا دیا۔

اس موقع پر ٹائیکوانڈو ماسٹر نوید حبیبی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی وزیر ایک باصلاحیت اور ہمہ گیر مارشل آرٹس ایتھلیٹ ہیں، جو نہ صرف ٹائیکوانڈو میں ماہر ہیں بلکہ کک باکسنگ، ایم ایم اے اور باکسنگ جیسے دیگر شعبوں میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی وزیر نے انہی کے زیر تربیت رہ کر یہ مقام حاصل کیا، اور یہ کامیابی محض ایک آغاز ہے،اگر حکومتی و نجی سطح پر سپورٹ فراہم کی جائے تو کئی مزید علی وزیر ابھر سکتے ہیں۔

علی وزیر نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میرے لیے یہ ایک عظیم لمحہ ہے کہ میں نے پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں میری محنت رنگ لائی اور اسی کلب کی جانب سے اب مجھے کوچنگ کی پیشکش بھی کی گئی ہے، جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے اپنے کوچ نوید حبیبی کی تربیت کو کامیابی کی اصل بنیاد قرار دیا اور کہاکہ کوچ نوید نے جس انداز میں مجھے مختلف اسٹائلز کی تربیت دی، وہ بے مثال ہے۔ آج میں جس مقام پر ہوں، وہ ان کی محنت اور رہنمائی کا نتیجہ ہے۔

تقریب کا اختتام اس امید کے ساتھ ہوا کہ پاکستان میں مارشل آرٹس کے بے پناہ ٹیلنٹ کو اگر مناسب پلیٹ فارم، تربیت، اور حوصلہ افزائی دی جائے تو عالمی سطح پر بے شمار کامیابیاں ممکن بنائی جا سکتی ہیں۔

آخر میں علی وزیر نے گرینڈ ماسٹر رحیم اللہ حبیبی، خیبرپختونخوا آئی ٹی ایف ایسوسی ایشن کے سینئر بلیک بیلٹس اجمل آفریدی، محمد شہزاد، محمد رحمانی، ہاشم آفریدی، ادریس آفریدی، صفینا جبران، افسران عمر خطیب، ڈاکٹر عثمان، جبران شفق، اور ذاکر مروت کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یہ یادگار تقریب منعقد کی۔

کوہاٹ میں جی او سی 9 ڈویژن کی زیر صدارت واتیزئی مشران کے ساتھ اہم جرگہ

کوہاٹ میں جی او سی 9 ڈویژن کی زیر صدارت واتیزئی مشران کے ساتھ اہم جرگہ

کوہاٹ:جی او سی 9 ڈویژن میجر جنرل زلفقار علی بھٹی کی سربراہی میں ہیڈکوارٹر 9 ڈویژن کوہاٹ میں واتیزئی قبیلے کے ملک و مشران کے ساتھ ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر کوہاٹ مہتسم بللہ، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عباس مجید مروت، ڈپٹی کمشنر کرّم اشفاق خان، اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر عامر نواز اور واتیزئی ویلفیئر کمیٹی کے 18 نمائندگان نے شرکت کی۔

جرگے کے دوران واتیزئی ویلفیئر کمیٹی نے بتایا کہ 37 ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو علاقائی ترقی، سماجی بہبود اور سیکیورٹی امور کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی نے علاقائی امن و امان کو برقرار رکھنے اور سڑکوں کی حفاظت یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا، ساتھ ہی اسلحے کے اجازت ناموں کی منظوری اورآئی ڈی پیز (IDPs) کی جلد واپسی کا مطالبہ بھی کیا۔

شرکاء نے جنگی حالات کے دوران ہونے والے نقصانات پر معاوضے کی درخواست کی اور متعدد بنکروں کی مسماری پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ باقی بنکروں کی نشاندہی بھی کی۔ مسجد بگن کی بحالی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے، مسجد تلوکنج کی مرمت کی درخواست کی گئی۔

جی او سی میجر جنرل زلفقار علی بھٹی نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں پائیدار امن کا قیام اولین ترجیح ہے کیونکہ تصادم کسی کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے واتیزئی کمیٹی کی کوششوں کو سراہا اور اسے مزید بااختیار بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ باقی بنکروں کی مسماری خیبر معاہدے کے تحت کی جائے گی اور اسلحے کے اجازت ناموں پر متعلقہ اداروں سے مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو ٹل اور ڈوگر میں ہونی والی آرمی اور فرنٹیئر کور کی بھرتیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دی، اور پولیس و عوام کے درمیان رابطے کو فروغ دینے کے لیے رابطہ کمیٹیوں کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔

جرگے کا اختتام ضلع کرّم، پاکستان اور پاک فوج کی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کے ساتھ کیا گیا۔

Peshawar Cantonment Board Inaugurates 16th Annual Spring & Rose Festival

کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کا 16واں سالانہ گلاب و بہار میلہ شروع

ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹ ڈپارٹمنٹ جو کہ پورے پاکستان کے ہر کنٹونمنٹ بورڑ میں عوام کیلئے پھولوں کی نمائش کا اہتمام کرتا ہے ۔ جسکا مقصد پھولوں سے محبت اور قُدرت سے ربط قائم کرنا اورعوام کوتفریح مہیا کرنا شامل ہیں اسی طرح کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کی جانب سے سولہویں سالانہ گلاب و بہارکی نمائش کا باضابطہ افتتاح بمورخہ 14 اپریل، 2025بمقام کرنل شیر خان شہید پارک خیبر روڈ پشاورمیں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی ، جس میں کور کمانڈر پشاور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ اسٹیشن کمانڈر برگیڈئیرجناب عمر سعید آفریدی اور کنٹونمنٹ بورڈ ایگزیکٹو آفیسر پشاور جناب چوہدری بابر حُسین کی کاوشوں کی بدولت موسم ِبہار کے رنگا رنگ پھولوں کی نمائش کا انعقاد ممکن ہوا۔ مہمانِ خصوصی نے تقریب کو پشاور کے عوام کے لئےکنٹونمنٹ پشاور کی طرف سے ایک بہترین تحفہ قرار دیا اور فسٹیول کو کامیاب بنانے کے لئے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے ساتھ ساتھ دیگر تمام اداروں کی کاوشوں کو خوب سراہا ،جنہوں نے مقابلوں میں حصہ لیا۔ اس فسٹیول میں بہار کے پھولوں کے سٹال سجانے کے مقابلے میں جیتنے والے ٹیموں میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیااور عوام کو اپنے گھر وں، گلی اور محلوں میں سبزہ اور پودے لگانے پر زور دیا ۔
کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسر جناب چوہدری بابر حُسین نےاپنی تقریر میں کہا کہ فسٹیول 15 سے 18 اپریل تک عوام کے لیے کھلا رہے گا، فسٹیول میں پھولوں کے 200 سے زائد اقسام کے مجموعے کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔تقریب میں تقریباً 70 سے زائد اُمیدواروں نے مقابلے میں حصّہ لیا ، جس میں (کنٹونمنٹ بورڈ پشاور، سی ایم ایچ ، ایف سی فورٹ بالا حِصار ، پی اے ایف بیس اور ائیر ہیڈ کوارٹر ) شامل اور جن اداروں نے پہلی مرتبہ شرکت کی ( زرعی یونیورسٹی ، باچا خان کالج ،اسلامیہ کالج اینڈ یونیورسٹی ، اُمید اسپیشل ایجوکیشن سکول اور آرڈننس 75) سب کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔
کنٹونمنٹ بورڈ پشاور جو کہ پشاور کے عوام کےلئے سال میں دوبڑے تقریب منعقد کرتا ہے ۔ ان میں سے ایک گُلِ داؤدی کی نمائش جو کہ دسمبر میں پیش کی جاتی ہےاور دوسری بڑی نمائش موسم ِبہارمیں عوام کے لئے پیش کرتا ہے۔اِن دو نمائش میں شہر بھر کے لو گوں، مقامی رہائشیوں اور فطرت سے محبت کرنے والوں کو موسمِ بہار کے پھولوں اور رنگوں کی اشکال اور اقسام دیکھنے آتے ہیں۔یہ نمائش پشاور کے لوگوں خصوصاً پشاور کینٹ کے رہائشیوں کیلئے ایک تحفہ بن چکا ہےجو فطرت سے تعلق کا ذوق رکھتے ہیں اور شہر کی ثقافت کو جِلا بخشتے ہیں۔کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کینٹ علاقے کی مختلف گلیوں، سڑکوں اور عوامی پارکوں کو حسین نمونوں اور رنگین پھولوں سے سجا تا ہے،جس سے شہر کا دل خوشبو اور رنگوں سے بھر جاتا ہے۔ پشاور کی عوام کو اِن نمائشوں کا شدت سے انتظاررہتاہے۔ کنٹونمنٹ ایگزیکٹیو آفیسرپشاور نےجناب مہرگل وزیر سینئر ہارٹیکلچرسٹ اور گارڈن برانچ کےتمام مالیوں کی انتھک محنت کو سراہا،جنہوں نے چند ماہ قبل ہی اس تقریب کیلئے تیاریاں کیں۔
نمائش کے مقابلوں میں کنٹونمنٹ بورڈ پشاور نے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔مقابلوں میں خواتین کیلئے کٹ فلاورز اور بچوں کیلئے پینٹنگ اور سکیچنگ کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں خواتین اور مختلف سکولز کے بچوں نےحصہ لیا ۔کٹ فلاورز مقابلے میں پہلی پوزیشن کا ایوارڈ جو ایک نوجوان مقامی خاتون(مشال خان ) کو پیش کیا گیااور پینٹنگ کے مقابلے میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول اسلامیہ کالجیٹ کی طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کیں جیتنےوالے شرکاء میں نقد انعامات ٹرافی اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔
تقریب میں اُمید اسپیشل ایجوکیشن سسٹم کے طلباء کی ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئی، جنہوں نے دلفریب پرفارمنسز پیش کیں، اس کے علاوہ کینٹ پبلک اسکولز کے ننھے بچوں نے ایک خوبصورت ٹیبلو بھی پیش کیا جس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ اور آخر میں کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر پشاور نے سِرینہ ہوٹل پشاور، پاک یبکرز، مارشل ٹاو گلبرگ ہایٹس ، شیراز رونق، بینک الحبیب لمیٹڈ ، ڈی ایچ ا ے پشاور اور میکزیم ایڈ ورٹائیزر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس نمائش میں تعاون کیا۔
اس تقریب میں عوام الناس کے ساتھ ساتھ متعدد سول اور فوجی افسران نے بھی شرکت کی۔ اس سال کی تقریب کو ممکن بنانے والے مالیوں کی لگن اور محنت کو بے حد سراہا گیا اور ان کی کوششوں نے تقریب کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
16 ویں سالانہ گلاب اور بہار کے پھولوں کا میلہ ایک نمایاں تقریب کے طور پر جاری ہے، جو اپنی ثقافتی اہمیت، کمیونٹی کی شمولیت اور قدرتی خوبصورتی کے لیے منایا جاتا ہے۔

rainy-day

خیبرپختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ، 20 اپریل تک جاری رہنے کا امکان

صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 اپریل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو بارشوں باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کیا گیا۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ بارشوں کے دوران عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔

کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ ۔حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی۔ ۔حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔

سیاح موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ کرنے سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لاءین 1700 پر دیں۔