AS Gen. Asim Munir Addresses First Overseas Pakistanis Convention

اوورسیز پاکستانیوں سے آرمی چیف کا اہم خطاب

 عقیل یوسفزئی

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے اہم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے ” سفیر” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف اپنے ملک کے سفیر ہیں بلکہ وہ ملک کی معیشت اور ترقی کے عمل میں بھی اہم اور مثبت کردار ادا کرتے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ” ہارڈ اسٹیٹ” بنایا جائے گا اور کسی کو بھی دہشت گردی ، انتشار پسندی اور منفی پروپیگنڈا کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چند سو دہشت گردوں کی رحم و کرم پر بلوچستان سمیت ملک کے کسی علاقے کو نہیں چھوڑا جائے گا اور عوام کی بھرپور تعاون سے ان تمام عناصر کا خاتمہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان کے عوام اپنی افواج کی پشت پر کھڑے ہیں پاکستان کو کوئی بھی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اس کنونشن میں امریکہ ، برطانیہ اور کینیڈا سمیت دنیا کے تقریباً 50 ممالک سے اوورسیز پاکستانیوں کے نمایندوں نے وفود کی شکل میں شرکت کی ۔ شرکاء کے نمایندوں نے پاکستانی ریاست کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے ریاستی شخصیات کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

یہ بات خوش آئند ہے کہ اس ماہ اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 4 ارب ڈالرز کی ترسیلات بھیج دی ہیں جو کہ ایک مخصوص سیاسی پارٹی کی چلائی گئی ” مہم جوئی” کے بلکل برعکس ریکارڈ ثابت ہوا ۔

دوسری جانب اس امریکی وفد نے بھی پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے بیانیہ کو ” اڑاکر ” رکھ دیا جن سے توقع کی جارہی تھی کہ مذکورہ وفد پاکستانی ریاست پر ” دباؤ” ڈالنے کا کوئی طریقہ اپنائے گا۔

حقیقت تو یہ ہے کہ پاکستان رواں برس ( 2025 ) کو پچھلے برس کے مقابلے میں مختلف شعبوں میں تیزی کے ساتھ بہتری کی راہ پر گامزن ہے اور مزید بہتری کی توقعات ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ منفی پروپیگنڈا میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے اور سیاست کی مجبوریوں کی آڑ میں ریاست مخالف سرگرمیوں سے گریز کرکے آگے بڑھنے کا رویہ اختیار کیا جائے۔

( 16 اپریل 2025 )

Screenshot_10

کور کمانڈر پشاورکی شمالی وزیرستان کے مشران کے ساتھ میران شاہ میں ملاقات

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے شمالی وزیرستان کے مشران، عمائدین اور دیگر اہم شخصیات کے ساتھ میران شاہ میں ملاقات کی۔ شرکاء کو خوارج کے خلاف جاری آپریشنز اور علاقے کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔ شرکاء نے علاقے کی ترقی اور فتنہ الخوارج کے خلاف جاری ریاست کے تمام ایکشنز اور سیکورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔ ملاقات میں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔ کور کمانڈر نے علاقے میں امن کے لیے مقامی عمائدین کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

al khidmat foundation

الخدمت فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس کا شیشکوہ میں باقاعدہ آغاز

شیشکوہ، لوئر چترال (18 اپریل):
الخدمت فاؤنڈیشن نے لوئر چترال کے دور افتادہ علاقے شیشکوہ میں ایمبولینس سروس کا افتتاح کر دیا، جس سے 35 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ افتتاحی تقریب گاؤں “تار” میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں مقامی افراد شریک ہوئے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی لوئر چترال وجیہ الدین تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانان میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبد الحق، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمد، نائب امیر محمد عالم خان، سابق ناظم سراب، اور ویلج کونسل تار کے چیئرمین قاری عبد الرحمن شامل تھے۔

اس سروس کا آغاز جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کی دو ماہ کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ مقررین نے خطاب میں الخدمت کی فلاحی خدمات کو سراہا اور قاری عبد الرحمن کی انتھک محنت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے ایمبولینس کی دیکھ بھال اور مستقبل میں مزید فلاحی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔

تقریب کے آخر میں شیشکوہ کے عوام کی نمائندگی کرنے اور اس اہم سروس کے قیام میں کردار ادا کرنے پر قاری عبد الرحمن کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر و برکت پر ہوا۔

Captain (retd) Munir Azam appointed Chairman Khyber Pakhtunkhwa Public Service Commission

خیبرپختونخوا ،انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے صوبائی ورکنگ گروپ تشکیل

خیبر پختونخوا حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ، فروغ اور نفاذ کیلئے صوبائی ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے، اس گروپ کا اعلان لا، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق کے محکمہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کیا گیا ہے، اس ورکنگ گروپ کی قیادت چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ وقبائلی امور، ڈائریکٹر جنرل لا اینڈ ہیومن رائٹس ،سیکرٹریز قانون، محنت، ابتدائی تعلیم، سوشل ویلفیئر، ماحولیات اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں، ڈائریکٹر جنرل لا اینڈ ہیومن رائٹس کو ممبر کم سیکرٹری مقرر کیا گیاہے، اس ورکنگ گروپ کے مقاصد اور ذمہ داریوں میں صوبائی سطح پر سٹیک ہولڈرز کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا،پاکستان کے انسانی حقوق کے عہد ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا،قومی اور صوبائی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق پر بروقت اقدامات کرنا،پالیسی، قانونی اور انتظامی اقدامات کو فروغ دینا، صوبائی سطح پر انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لینا اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے پالیسی اور قانونی اصلاحات کے سلسلے میں سفارشات پیش کرنا شامل ہوگا۔

فاطمید فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ورلڈ ہیموفیلیاء ڈے کا انعقاد

فاطمید فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ورلڈ ہیموفیلیاء ڈے کا انعقاد

فاطمید فاؤنڈیشن پشاور کے زیر اہتمام ہیموفیلیاء کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہیموفیلیاء کے مریضوں سمیت ان کے والدین نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی خیبر پختونخوا کے سابق سی ای او ڈاکٹر کلیم اللہ خان تھے ان کے علاوہ فاطمید فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی ڈاکٹر طفیل محمد خان سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر مہمانوں نے ادارے کے ایڈمنسٹریٹر بدر حسین کے ہمراہ تمام شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں تھیلی سیمیا و ہیموفیلیاء اور دیگر امراض خون میں مبتلا مریضوں کو دی جانیوالی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر کلیم اللہ خان نے ادارے کو امراض خون کے مریضوں کی بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اور سٹاف حقیقی معنوں میں داد کے مستحق ہیں کیونکہ آج کے مشکل ترین دور اور وسائل کی کمی کے باوجود اتنی بہترین اور معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں آخر میں مہمانوں نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ ایڈمنسٹریٹر بدر حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

کنزرویٹو پارٹی کینیڈا کے سیکرٹری جنرل کامران ملک کا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

کنزرویٹو پارٹی کینیڈا ( Mississauga Erin Mills) کے سیکرٹری جنرل کامران ملک کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، سیاسی صورتحال، معاشی ترقی اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع، اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔کامران ملک نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ترقی اور وہاں کے سیاسی منظرنامے کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور ان کے تجربات اور سرمایہ کاری کو پاکستان کے فلاحی عمل سے جوڑا جانا چاہیے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کامران ملک کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں معاشی اور سماجی ترقی کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اور اوورسیز پاکستانیوں کی شراکت سے ان امکانات کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی استحکام اور مؤثر گورننس کے ذریعے ہی ترقی ممکن ہے، اور حکومت اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

islamia college peshawar

اسلامیہ کالج پشاورمیں انٹر مدرسہ اینڈ یونیورسٹی کرکٹ لیگ کا سنسنی خیز سیمی فائنل

پشاور: اسلامیہ کالج کے تاریخی گراؤنڈ میں انٹر مدرسہ اینڈ یونیورسٹی کرکٹ لیگ کے سنسنی خیز سیمی فائنل میچز کا انعقاد

26 اپریل کو حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں رنگا رنگ فائنل کا انعقاد، صوبائی وزراء اور ہائی آفیشلز کی شرکت متوقع

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجئس آفیئرز (IRCRA) کے زیر اہتمام اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (HED)، خیبرپختونخوا سنٹر آف ایکسلینس فار کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم(KP-CVE)، نیکٹا (NACTA)، اور اقوام متحدہ کے ادارہ UNODC کے تعاون سے جاری انٹر مدرسہ اینڈ یونیورسٹی کرکٹ لیگ کے سیمی فائنل میچز اسلامیہ کالج کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوئے۔

پہلا سیمی فائنل میچ جامعہ تفہیم القرآن (جماعت اسلامی) اور جامعہ جنیدیہ غفوریہ (بریلوی مکتبہ فکر) کے درمیان کھیلا گیا جس میں جامعہ جنیدیہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا دوسرا میچ یونیورسٹی آف پشاور اور یونیورسٹی آف فاٹا کے درمیان کھیلا گیا جو ایک دلچسپ اور کانٹے دار مقابلہ ثابت ہوا اس میچ میں یونیورسٹی آف پشاور نے بازی مار لی اور فائنل میں جگہ بنا لی ڈائریکٹر IRCRA تحمید جان ازہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “اس لیگ کا مقصد صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کے مابین فکری و سماجی ہم آہنگی پیدا کرنا ہے مدارس اور یونیورسٹی کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرنا ہے مدارس اور یونیورسٹیوں کے طلباء جب ایک میدان میں اکٹھے ہوتے ہیں تو مکالمے، برداشت اور تفہیم کی فضا پروان چڑھتی ہے۔”

اس سلسلے کا فائنل میچ 26 اپریل کو شام 4 بجے حیات اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا، جس میں صوبائی وزراء، سرکاری افسران اور دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے طلباء نے اس منفرد ایونٹ کو نہایت مثبت قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی سرگرمیاں جاری رہیں گی تاکہ ملک میں امن، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ مل سکے۔