دونوں سرحدوں پر درپیش چیلنجز
عقیل یوسفزئی
پاکستان پہلگام واقعہ کے بعد بھارتی جنگی جنون سے نمٹنے کے لیے تمام تیاری مکمل کرچکا ہے اور خطے پر جنگ کے گہرے سائے پھیلتے جارہے ہیں ۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے پاکستان پر حملے کی تیاریاں شروع کردی ہیں تاہم پاکستان بھی ” وار موڈ ” میں چلا گیا ہے اور پورے خطے کی سیکیورٹی صورتحال بہت پیچیدہ ہوگئی ہے ۔ چینی میڈیا کے مطابق اس صورتحال نے چین سمیت پورے خطے کو خطرات سے دوچار کردیا ہے تاہم بھارت کا رویہ جارحانہ ہے جس سے چینی میڈیا کے بقول چین بھی لاتعلق نہیں رہ سکے گا۔
سنجیدہ بھارتی ماہرین کے مطابق بھارت کو نہ صرف پاکستان کی جانب سے غیر متوقع ردعمل کی صورتحال کا سامنا ہے بلکہ اسے چین اور بنگلہ دیش کی سرحدوں پر بھی سنگین نوعیت کے چیلنجر درپیش ہیں۔
سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، ایران اور روس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے بیک ڈور ڈپلومیسی کے لیے سرگرم عمل ہیں جبکہ امریکی کردار کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں تاہم بھارت ایک واقعے کی بنیاد پر جنگ پر تلا ہوا ہے اور اس کا میڈیا جلتی پر تیل ڈالنے کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ پالیسی پر گامزن ہے اس لیے کسی وقت کچھ بھی ممکن ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے انتہائی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کرنے والے 54 خوارج کو ہلاک کردیا ۔ یہ لوگ ٹولیوں کی شکل میں شمالی وزیرستان میں داخل ہورہے تھے کہ فورسز نے تین اطراف سے ان کو گھیر کر ہلاک کردیا ۔ اس سے ایک روز قبل بنوں میں بھی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ باجوڑ میں بھی ایک کارروائی کی اطلاعات ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ افغانستان میں موجود پاکستان مخالف گروپ پاک بھارت کشیدگی سے فایدہ اٹھانے کی حکمت عملی پر گامزن ہیں تاہم فورسز کی کارروائیوں سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ پاکستان کو نہ صرف ان چیلنجر کا ادراک ہے بلکہ اس کی فورسز ان جنگی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پلاننگ بھی رکھتی ہیں۔
پیر کے روز بھی شمالی وزیرستان ہی کے حسن خیل علاقے میں ایک اور آپریشن کے دوران مزید 17 خوارج کو ہلاک کردیا گیا جس کے نتیجے میں گزشتہ تین دنوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 71 ہوگئی ہے جبکہ مزید کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
( 28 اپریل 2025 )
تخت بھائی: پاکستان ورکرز فیڈریشن شمالی ریجن کے دو سالہ انتخابات مکمل
پاکستان ورکرز فیڈریشن خیبرپختونخوا شمالی ریجن کے دو سالہ انتخابات مکمل ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن مردان کے ہال میں پاکستان ورکرز فیڈریشن سے ملحقہ یونینز کا زیر صدارت شوکت علی کیانی منعقد ہوا۔جس میں متفقہ طور پر 19 عہدیداران کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔ جن میں عابد شیوا چئیرمین،افتخار احمد صدر، محبوب اللہ جنرل سیکریٹری، محمد سلیمان ہوتی،محمد طارق مشوانی،نجب خان، آصف الرحمن ڈپٹی جنرل سیکریٹریز، حاجی اقبال حسین، عذراگل، اختر منیر، قیصر باچہ، شوکت کیانی، شاد خان، فضل حمید، فیض اللہ وائس چئیرمینز، فیصل تنولی پبلسٹی سیکریٹری ، اختر زیب ایجوکیشنل سیکریٹری ، مراد علی خان فنانس سیکرٹری اور بشیر احمد آرگنآئزنگ سیکریٹری شامل ھیں۔ بعد ازاں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری چوھدری محمد یاسین نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔
مہمند: شگئ گراؤنڈ میں سپر لیگ کا باقاعدہ افتتاح
قبائلی ضلع مہمند ،مہمند کرکٹ گراؤنڈ المعروف شگئ گراؤنڈ پر مہمند سپر لیگ کا باقاعدہ افتتاح۔ آغاز قومی ترانے ہوا جبکہ نوجوانوں نے روایتی ڈانس اور موسیقی بھی پیش کیا ۔ضلع بھر سے 8 ٹیمیں اس لیگ میں شرکت کر رہی ہیں۔27 اپریل سے 7 مئ تک جاری رہے گی پہلے میچ میں بیزئ ازمری نے میدان مار لیا۔ہم نے اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ٹورنامنٹ آرگنائزر حمید اللہ مہمند کا اظہار خیال ۔تفصیلات کے مطابق مہمند کرکٹ گراؤنڈ میں 27 اپریل سے 7 مئ تک مہمند سپر لیگ جاری رہے گی ۔جس میں علاقے کے عمائدین ،ٹیمز اونر اور کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔پہلا میچ پڑانگ غار زلمی اور بیزئ ازمری کے درمیان کھیلا گیا ۔جو کہ بیزئ ازمری نے 8 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کرکے میچ جیت لیا۔مختلف کھلاڑیوں نے سپانسر حمید اللہ مہمند کا کا شکریہ ادا کیا،کہ انہوں نے اس سپر لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات ایک کیا ہے ۔سپانسر نے کہا کہ پچھلے تین مہینوں سے اس لیگ کو کامیاب بنانے کیلئے ہم محنت کر رہے ہیں ۔جو کہ مہمند کے نوجوانوں کے لیے قابل فحر ہے ۔ایسے حالات میں مثبت سرگرمیوں سے ایک پُرامن فضا قائم ہوگی جس سے امن کو فروغ ملے گا۔اور نوجوان بھی کھیل میں مشغول ہو کر منشیات اور دوسرے برائیوں سے محفوظ رہیں گی ۔ہم نے ہر محاز پر نوجوانوں کا مقدمہ لڑا ہے اور آئندہ بھی ہر فورم پر ان کے حقوق چھین کر ان کو دینگے ۔تاکہ مہمند کے نوجوان کسی قسم کی مایوسی کا شکار نہ ہو۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کا کامیاب بنانے میں ان کا بھرپور ساتھ دیں ۔اخیر میں نوجوانوں نے روایتی ڈانس اور موسیقی بھی پیش کی ۔
ایبٹ آباد: والدین اور اساتذہ کیلئے سیمینار کا انعقاد
ایبٹ آباد میئر سٹی لوکل گورنمنٹ ایبٹ آباد کی جانب سے جلال بابا ایڈاٹوریم میں والدین اور ٹیچروں کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی پاکستان کے مشہور ایجوکیشن فزالوجسٹ سلمان آصف صدیقی ڈائریکٹر آئی آر ڈی سی تھے۔ جیسے سمینار کا انعقاد کا بنیادی مقصد دور جدید کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کے اندر تربیتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔ سمینار میں ایبٹ آباد کے علاوہ پاکستان کے دیگر شہروں سے بھی شرکاء نے بھی شرکت کی۔ مہمان خصوصی سلمان آصف صدیقی صاحب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مستقبل میں قوم کے معمار ہوتے ہیں، اگر اُنہیں صحیح تربیت دی جائے تو اس کا مطلب ہے ایک اچھے اور مضبوط معاشرے کے لیے ایک صحیح بنیاد ڈال دی گئی۔
بچوں کی اچھی تربیت سے ایک مثالی معاشرہ اور قوم وجود میں آتی ہے اس لئے کہ ایک اچھا پودا ہی مستقبل میں تناور درخت بن سکتا ہے۔ بچپن میں ہی اگر بچہ کی صحیح دینی واخلاقی تربیت اور اصلاح کی جائے توبلوغت کے بعد بھی وہ ان پر عمل پیرا رہے گا۔ والدین اور ٹیچرز کی ذمے داری ہے کہ دور حاضر کو مد نظر رکھتے ہوئے بچوں کو اسلامی اور اخلاقی تعلیمات سے رُوشناس کرائیں، اور سکول اور کالجوں میں نمبروں اور پوزیشن کی دوڑ سے دور رکھیں۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء کی جانب سے بچوں کی تربیت پر سوالات بھی کیے گئے۔ مہمان خصوصی کی جانب سے سیمینار میں آنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ میئر ایبٹ آباد سردار شجاع نبی کی جانب سے سلمان آصف صدیقی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا گیا کہ وہ اپنا قیمتی وقت نکال کر ایبٹ آباد آئےاور ان کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
مانسہرہ: بفہ پریمئیر فٹ بال ٹورنمنٹ کا انعقاد
مانسہرہ بفہ پریمئیر فٹ بال ٹورنمنٹ کا کامیاب انعقاد، رشیدہ رائلز نے فتح حاصل کی۔بفہ پریمئیر فٹ بال ٹورنمنٹ گزشتہ روز بفہ کے مقامی گراؤنڈ میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی مقامی ٹیموں نے حصہ لیا. تقریب کے مہمان خصوصی سماجی شخصیت احسان خان تھے، جنہوں نے ٹورنمنٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ٹورنمنٹ کے اہم میچ میں “رشیدہ رائلز” اور “احمد شہید ایگلز” کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں رشیدہ رائلز نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 2-0 سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس اپنے نام کیے۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار مہارت دکھائی، لیکن رشیدہ رائلز کی اسٹریٹجی اور ٹیم ورک نے انہیں فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی احسان خان نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ کھیل ہار جیت کا نام ہے، لیکن اصل کامیابی محنت، نظم و ضبط اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے سے ملتی ہے۔ آپ سب نے جو جذبہ دکھایا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ مزید محنت کریں، اللہ پاک آپ کو کامیابیوں سے نوازیں گے۔انہوں نے بفہ پریمئیر لیگ کی انتظامیہ کو 1 لاکھ روپے نقد کا اعلان بھی کیا، تاکہ مقامی کھیلوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا جہاں گراؤنڈ آباد ہوتے ہیں، وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں اور معاشرے سے منفی رویوں کو ختم کرتے ہیں. ٹورنمنٹ میں مقامی نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ تماشائیوں نے کھیل کے دوران پرجوش ماحول بنایا۔ منتظمین نے کھلاڑیوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کیں۔ بفہ پریمئیر لیگ کی انتظامیہ نے احسان خان اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور وعدہ کیا کہ آنے والے ٹورنمنٹس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
مانسہرہ: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
مانسہرہ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقادکیا گیا۔ بروز اتوار27 اپریل کو مانسہرہ کے علاقے سم الہی منگ سمارٹ لرنگ ہائی سکول میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان رجسٹرڈ کے تحت فری میڈیکل کیمپ ہوا۔ جس میں 2 ڈاکٹرز میڈیکل اسپشلسٹ اور لیڈی ڈاکٹر نے مریضوں کا مفت معائنہ اور بلکل فری دوائی تقسیم کی ۔ الفلاح فاؤنڈیشن پورے پاکستان میں اپنی خدمات بلا سیاسی ،مزہبی تفریق کے ادا کر رہی ہے ۔اس کی بنیاد امیر اکرم اعوان نے رکھی اور اس کی سرپرستی شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ اور سربراہ الاخوان امیر عبد القدیر اعوان کر رہے ہیں۔ اس کیمپ میں بڑی تعداد میں سیاسی اور مزہبی شخصیات نے شرکت کی۔ مریضوں نے الفلاح فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کو دعاؤں سے نوازا الفلاح فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے اس عزم کا ارادہ کیا کہ وہ زیر نگرانی شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی اسی طرح کے بے شمار فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھیں گے۔