ہری پور میں خواتین سپورٹس گالا کا رنگا رنگ آغاز، کھلاڑیوں کی شاندار شرکت
ہری پور میں ضلعی سطح پر خواتین کیلئے سپورٹس گالا کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC) مصباح نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے افتتاح کیا۔ یہ تقریب کرٹس گراؤنڈ کے ہال میں منعقد ہوئی جہاں اسکول، کالج اور یونیورسٹی سطح کی خواتین کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس ایونٹ میں نیٹ بال، ٹگ آف وار، تھروبال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، والی بال، باسکٹ بال سمیت ایتھلیٹکس کے مختلف مقابلے منعقد ہوئے، جن میں خواتین نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ افتتاحی دن پر متعدد مقابلے کامیابی سے منعقد ہوئے، اور شائقین نے خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔
ہری پور کی خواتین کھلاڑی ماضی میں بھی مختلف قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں گولڈ میڈلز اور اعزازی ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہیں، جو ضلع کی فخر کا باعث ہیں۔ اس ایونٹ کے انعقاد میں محکمہ کھیل اور ضلعی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا گیا، تاکہ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو کھیلوں کے مواقع میسر آ سکیں۔ منتظمین کے مطابق اس طرح کی سرگرمیوں سے نہ صرف خواتین کی صلاحیتیں اجاگر ہوتی ہیں بلکہ انہیں قومی سطح پر آگے بڑھنے کا بہترین موقع بھی ملتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں 20 سے 24 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان
خیبرپختونخوا میں 20 سے 24 مئی کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے، جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی لہر بدستور برقرار رہنے کی پیشگوئی ہے۔ شدید گرمی کے سبب گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہیٹ ویو اور خشک موسم کے باعث ہیٹ اسٹروک، آبی ذخائر پر دباؤ اور بالائی علاقوں میں برف کے پگھلنے کی رفتار میں اضافے کا بھی امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ہیلتھ و ریسکیو اداروں، پیرا میڈیکس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور ہیٹ اسٹروک سینٹرز کو فعال رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ عوام کو غیر ضروری طور پر سورج کی براہِ راست روشنی سے بچنے، پانی کا استعمال بڑھانے، اور بزرگوں و بچوں کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک دھوپ سے محفوظ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور جانوروں کا خاص خیال رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو موجودہ صورتحال سے باخبر رکھا جائے گا۔ پی ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے عوام کو سفر سے قبل گاڑی کے انجن کا پانی اور ٹائروں کا پریشر چیک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں عوام پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے۔
— پی ڈی ایم اے میڈیا سیل
خیبرپختونخوا بنوں اور لکی مروت میں پولیو کے دو کیسز رپورٹ
خیبرپختونخوا میں پولیو کے دو کیسز رپورٹ ، بنوں میں 28 ماہ کا ایک بچہ اور لکی مروت میں26 ماہ کی ایک بچی پولیو وائرس سے متاثر
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے صوبہ خیبر پختونخوا میں دو پولیو کیسزکی تصدیق کی ھے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بنوں کے یونین کونسل سین تا نگہ میں 28 ماہ کے عمر کے ایک بچے جبکہ لکی مروت کے یونین کونسل بخمل احمد زئی میں 26 ماہ کے عمر کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ھوئی ھے۔
اس طرح اس سال خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 5 ھو گئی, جن میں بنوں سے دو جبکہ لکی مروت، تورغر اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک ایک کیس شامل ھے۔ اس سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد اب 10 ھو گئی جن میں خیبرپختونخوا سے 5, سندھ سے 4 جبکہ پنجاب سے ایک کیس رپورٹ ھوا۔
گزشتہ سال ملک بھر میں 74 پولیو کیسز رپورٹ ھو ئے تھے جن میں بلو چستان سے 27، سندھ سے 23, خیبر پختونخوا سے 22 جبکہ پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ایک ایک پولیو کیس شامل تھا۔
گورنر خیبرپختونخوا سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کی ملاقات
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن لیفٹینٹ کرنل ناصر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں ہاکی کے فروغ سے متعلق امور زیر بحث رہے۔ صدر ہاکی فیڈریشن نے گورنر کو فیڈریشن کی سرگرمیوں، اہداف اور ہاکی کھیل کی عالمی سطح پر بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
خیبرپختونخوا بالخصوص ضلع بنوں، ہاکی کے میدان میں تاریخی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ بنوں جیسے پسماندہ ضلع نے ملک و قوم کو سات صدارتی ایوارڈ یافتہ ہاکی کھلاڑی دئیے ہیں۔ ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا میں ہاکی کھیل کے فروغ کیلئے قابل عمل اقدامات کی ضرورت ہے۔ صوبے میں ہاکی کھیل کے روشن مستقبل کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز، کوچنگ کیمپس اور جدید سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ فیصل کریم کنڈی
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں خصوصی گارڈ آف آنر کی پر وقار تقریب کا انعقاد
راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کے اعزاز میں ایک خصوصی گارڈ آف آنر کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، تاکہ پاکستان کے جانثار شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم، مسلح افواج، شہداء، اور سویلین و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جانباز افسران کے لیے وقف ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا:
“یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم اور پاکستان کی مسلح افواج کے ان بہادر مرد و خواتین کو خراجِ تحسین ہے، خاص طور پر ان شہداء کے نام جنہوں نے بھارت کی بلا جواز، بزدلانہ اور غیر قانونی جارحیت کے خلاف فولادی دیوار بن کر دفاع کیا۔”
یہ تقریب قومی جذبے، عسکری وقار اور شہداء کے ساتھ عقیدت و احترام کا عملی اظہار تھی۔
پاکستان کی عسکری تاریخ کا منفرد اعزاز
عقیل یوسفزئی
حکومت پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ پاکستان کے کسی آرمی چیف کو رسمی اور باضابطہ طور پر ” فیلڈ مارشل” کے عہدے پر فائز کرنے کی نوٹیفیکیشن جاری کرلی ہے اور یہ اعزاز پاکستان کے موجودہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے حصے میں آیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان میں جنرل ایوب خان اس اعزازی عہدے پر فائز رہے ہیں تاہم انہوں نے خود ہی یہ عہدہ اپنے آپ کو دے رکھا تھا ۔ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس، وفاقی کابینہ اور وزارت دفاع جیسے پلیٹ فارمز کی باہمی مشاورت اور پراسیس کے ذریعے کیا گیا۔ ایک مخصوص پارٹی اور اس کے حامیوں کے بغیر سیاسی اور عوامی حلقوں کی اکثریت نے اس غیر معمولی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ جنرل عاصم منیر کی جانب سے جاری کردہ بیان یا تاثرات میں کہا گیا ہے کہ یہ انفرادی نہیں بلکہ افواج پاکستان اور پوری قوم کے لیے ایک اعزاز ہے اور یہ قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں ” عاصم” بھی قربان۔
اس بیان میں جنرل عاصم منیر کے ذاتی جذبات کی پوری عکاسی موجود ہے تاہم حسب روایت ایک مخصوص سیاسی پارٹی اور اس کے حامی ” کی بورڈ واریئرز” نے اس فیصلے کو متنازعہ بنانے کی مہم جوئی کا آغاز کردیا ہے تاہم لگ نہیں رہا کہ ان کی یکطرفہ مہم جوئی کا کوئی خاص نوٹس لیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ اعزاز سید عاصم منیر کو ” آپریشن بنیان مرصوص” اور ” معرکہ حق” کے دوران پاکستان کی افواج اور عوام کی نمائندگی کرنے اور پاکستان کے دفاع کے لیے غیر معمولی فیصلہ سازی اور لیڈنگ رول ادا کرنے پر دیا گیا ہے۔
اس حقیقت کا تو پوری دنیا کا میڈیا اعتراف کرتا دکھائی دیتا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف نے نہ صرف اس بحران کے دوران بھارت جیسے طاقتور ملک کو اپنی جنگی حکمت عملی کے ذریعے شکست سے دوچار کیا بلکہ سیاسی اور معاشی بحران کے شکار پاکستان کو متحد بھی کردیا ۔ اس ضمن میں نیویارک ٹائمز ، بی بی سی ، سی این این ، واشنگٹن پوسٹ ، دی گارڈین ، الجزیرہ ، ڈی ڈبلیو اور فاکس نیوز سمیت متعدد دیگر معتبر عالمی ذرائع ابلاغ کی ان رپورٹس کی مثالیں دی جاسکتی ہیں جن میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ایک طاقتور شخصیت کے علاوہ ایک بہترین فوجی سربراہ کی حیثیت سے متعدد بار پیش کیا گیا۔
1968 کو پیدا ہونے والے جنرل عاصم منیر کو یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے وہ پہلے آرمی چیف ہیں جنہوں نے اس عہدے سے قبل ملٹری انٹیلیجنس اور آئی ایس آئی کے سربراہ کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیے۔ اعزازی شمشیر، ہلال امتیاز اور نشان امتیاز حاصل کرنے والے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 22 اپریل کے پہلگام حملہ سے قبل اپنی قیادت میں پاکستان میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے عالمی اور علاقائی پراکسیز کے خلاف لمبی جنگ لڑی اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک مخصوص سیاسی پارٹی کی جانب سے پاکستان کی افواج کو تقسیم کرنے اور متنازعہ بنانے کی کوششوں کو جس منظم انداز میں ڈیل کیا اور ” ڈیجیٹل ٹیررازم” کے خلاف جو حکمت عملی وضع کی اس کی تفصیلات اور اثرات سب کے سامنے ہیں۔
آرمی چیف کا چارج سنبھالنے کے بعد داخلی اور خارجی محاذوں پر پاکستان کو جن پیچیدہ چیلنجر کا سامنا کرنا پڑا ملکی تاریخ میں اس سے قبل اس قسم کی صورتحال کی مثال نہیں ملتی۔
6 اور 7 مئی کے دوران جب بھارت نے پاکستان کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تو اس کا میڈیا پاکستان کی بجائے اس کے آرمی چیف کے خلاف ہی گھومتا رہا ، ان کو خطرناک ترین جنرل قرار دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی اور اس ” مہم جوئی” میں ان کے خلاف بغاوت اور ان کی گرفتاری تک کی خبریں چلائی گئیں تاہم وہ پروفیشنل انداز میں پاکستان کے خلاف بھارتی کارروائی کا ” جواب دینے کی پلاننگ میں مصروف عمل رہے اور 10 میء کو پاکستان کی جانب سے مختلف محاذوں پر بھارت پر جس نوعیت کے ” وار ” کیے گئے وہ اب تاریخ کا حصہ ہیں ۔ کسی بھی جنگی صورتحال میں سپہ سالار کی پیشہ ورانہ مہارت اور فیصلہ سازی کی قوت بنیادی اہمیت کی حامل ہوا کرتی ہیں اور پاکستان کے سپہ سالار نے اپنے دیگر ساتھیوں اور سول حکومت کی مشاورت سے خود کو بہترین ثابت کرنے میں عملاً کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
اسی تناظر میں حکومت پاکستان نے ان کو ملک کے پہلے باضابطہ” فیلڈ مارشل ” کے اعزاز سے نوازا ہے جو کہ ایک قابل ستائش اقدام ہے اور اس فیصلے کو متنازعہ بنانے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں انیوالا کیونکہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کی اعلٰی عسکری قیادت کی کردار کشی کا باقاعدہ ” ٹھیکہ” لے رکھا ہے اور یہ پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ اور ” ڈالرز گیم ” کے لیے بار بار کی ناکامیوں کے باوجود کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔
( 21/5/2025 )
یومِ تکبیر کے موقع پر 28 مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان
منگل، 28 مئی کو یومِ تکبیر کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل منائی جائے گی، یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے جوہری طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس موقع پر تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ وفاقی حکومت نے دسمبر 2024 کے لیے عام تعطیلات کی اپنی فہرست میں 28 مئی کو پہلے ہی شامل کر لیا تھا، اور اس حوالے سے گزشتہ سال نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھی یومِ تکبیر کے موقع پر 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا۔ اس تاریخی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
پنجاب: موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں موجودہ گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام سرکاری اور نجی سکول 28 مئی سے 14 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کے باعث بند رہیں گے۔ گرمی کی شدت کے باعث سرکاری سکولوں میں دوسری شفٹ میں موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز کل (یعنی اعلان کے اگلے روز) سے ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں، محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے بھی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ ادارے بھی 28 مئی سے 14 اگست تک بند رہیں گے، اور تعلیمی سرگرمیاں 15 اگست کو دوبارہ شروع ہوں گی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں میں 4 سالہ بی ایس پروگرامز کی کلاسز اپنے موجودہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔ مزید برآں، تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیوں کے تحت ہونے والے امتحانات بھی اپنے پہلے سے اعلان کردہ ٹائم ٹیبل کے مطابق منعقد ہوں گے۔